Chief Editor : Mohammad Afaq Farooqi
Contributing Editor : Ahmad Waqas Riaz

ہومبریکنگ نیوزپی ٹی آئی ارکان کا عمران خان کو فوری اسپتال منتقل کرنے...

ٹرینڈنگ

پی ٹی آئی ارکان کا عمران خان کو فوری اسپتال منتقل کرنے کا مطالبہ

پی ٹی آئی ارکان کا عمران خان کو فوری اسپتال منتقل کرنے کا مطالبہ

پشاور: خیبر پختونخوا اسمبلی میں حکمران جماعت پاکستان تحریک انصاف کے ارکان نے پارٹی کے بانی اور سابق وزیراعظم عمران خان کی صحت کے حوالے سے شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے انہیں فوری طور پر اسپتال منتقل کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔
اسمبلی کے اجلاس کے دوران پی ٹی آئی ارکان نے کہا کہ عمران خان کو بنیادی انسانی حقوق اور مناسب طبی سہولیات سے محروم نہیں رکھا جا سکتا۔ ارکان نے وفاقی اور پنجاب حکومت سے مطالبہ کیا کہ عمران خان کو ان کے ذاتی ڈاکٹروں تک رسائی دی جائے اور ضرورت پڑنے پر انہیں اسپتال منتقل کیا جائے۔
وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا کے معاون خصوصی برائے خوراک محمد اسرار خان نے عمران خان کی صحت سے متعلق رپورٹس پر بحث کے لیے اسمبلی کا معمول کا ایجنڈا معطل کرنے کی درخواست کی۔ ان کا کہنا تھا کہ سابق وزیراعظم کو ذاتی ڈاکٹروں تک رسائی نہ دینا قابلِ تشویش ہے۔
پی ٹی آئی کے رکن اسمبلی احتشام علی نے عمران خان کے مقدمات کی فوری سماعت کا مطالبہ بھی کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ بیرونِ ملک دوروں کے دوران بھی پاکستانی ارکانِ پارلیمنٹ سے عمران خان کی قید کے بارے میں سوالات کیے جاتے ہیں۔
اسمبلی میں پی ٹی آئی ارکان نے خبردار کیا کہ اگر عمران خان کی طبی ضروریات پوری نہ کی گئیں اور انہیں مناسب علاج فراہم نہ کیا گیا تو صورتحال مزید کشیدہ ہوسکتی ہے۔
دوسری جانب عمران خان کی صحت کے حوالے سے ان کے خاندان اور پی ٹی آئی کی جانب سے اس سے قبل بھی تشویش کا اظہار کیا جاتا رہا ہے، خصوصاً ان کی آنکھوں کی بینائی سے متعلق مسائل کے بعد ذاتی ڈاکٹروں اور خاندان کو طبی معائنے تک رسائی دینے کا مطالبہ سامنے آتا رہا ہے۔
پی ٹی آئی ارکان کا مؤقف ہے کہ عمران خان کو فوری طور پر اسپتال منتقل کرکے ماہر ڈاکٹروں سے مکمل معائنہ اور علاج کرایا جائے، جبکہ ان کے ذاتی معالجین کو بھی رسائی دی جائے۔

مزید پڑھیں