امریکہ میں 2 کروڑ سے زائد صارفین کی نجی چیٹس نیلام ہونے کا خدشہ، 21 لاکھ بچوں کا ڈیٹا بھی فروخت میں شامل، نیویارک سمیت 42 ریاستوں کے اٹارنی جنرل عدالت پہنچ گئے
نیویارک: امریکہ میں مصنوعی ذہانت کے مقبول پلیٹ فارم Character.AI کے صارفین کی نجی گفتگو اور ذاتی معلومات نیلام کیے جانے کے منصوبے نے شدید تشویش پیدا کر دی ہے،نیویارک، کنیکٹیکٹ، نیوجرسی اور دیگر ریاستوں کے اٹارنی جنرل نے عدالت سے رجوع کرتے ہوئے اس فروخت کو روکنے کا مطالبہ کیا ہے، کیونکہ اس میں 2 کروڑ 10 لاکھ سے زائد امریکی صارفین کی چیٹ ہسٹری اور ذاتی معلومات شامل ہیں، جن میں 21 لاکھ سے زیادہ کم عمر صارفین کے اکاؤنٹس بھی موجود ہیں
نیوز 12 لانگ آئی لینڈ اور ریاستی اٹارنی جنرلز کے مطابق Character.AI کے پلیٹ فارم اور صارفین کا ڈیٹا یکم دسمبر 2026 کو نیلامی کے لیے پیش کیے جانے کا منصوبہ ہے،فروخت میں صارفین کی نجی گفتگو، اکاؤنٹ کی تفصیلات، انٹرنیٹ پروٹوکول (IP) ایڈریس اور دیگر ڈیجیٹل معلومات شامل ہیں
ریاستی حکام کا کہنا ہے کہ ان چیٹس میں انتہائی حساس نوعیت کی گفتگو موجود ہے، جن میں خود کو نقصان پہنچانے کے خیالات، خودکشی، کھانے پینے کی نفسیاتی بیماریاں اور کم عمر صارفین کے ساتھ جنسی نوعیت کی نامناسب گفتگو بھی شامل ہے،بعض صارفین نے ان چیٹ بوٹس کو معالج، ماہر نفسیات اور قابلِ اعتماد مشیر سمجھ کر اپنی انتہائی نجی اور ذاتی زندگی سے متعلق معلومات بھی شیئر کی تھیں
اٹارنی جنرلز کا اعتراض ہے کہ مجوزہ معاہدے کے تحت ڈیٹا خریدنے والے نئے مالک پر Character.AI کی سابقہ پرائیویسی پالیسیوں کی پابندی لازم نہیں ہوگی،وہ صارفین کی جانب سے اپنی معلومات حذف کرنے یا ان کے تجارتی استعمال سے انکار کی درخواستوں کو بھی نظرانداز کر سکتا ہے،ریاستوں کو یہ خدشہ بھی ہے کہ نیا خریدار یہ معلومات کسی دوسری کمپنی کو فروخت یا منتقل کر سکتا ہے
کنیکٹیکٹ کے اٹارنی جنرل ولیم ٹونگ نے کہا کہ Character.AI نے صارفین سے وعدہ کیا تھا کہ ان کی ذاتی معلومات کبھی فروخت نہیں کی جائیں گی، لیکن اب کمپنی دیوالیہ پن کے قانونی عمل کو استعمال کرتے ہوئے وہی کام کرنا چاہتی ہے جس سے انکار کا وعدہ کیا گیا تھا
ریاستی حکام نے ممکنہ خریدار کمپنی Smirks and Pangs Acquisition LLC پر بھی سوالات اٹھائے ہیں،ان کے مطابق یہ کمپنی 13 نومبر 2026 کو ڈیلاویئر میں قائم کی گئی، یعنی نیلامی کے لیے بنیادی پیشکش منتخب ہونے سے صرف ایک دن پہلے،اس کے اصل مالکان اور سرمایہ کاروں کی شناخت بھی واضح نہیں کی گئی،ریاستوں نے عدالت سے اس کمپنی کو مرکزی خریدار کے طور پر قبول نہ کرنے اور مجوزہ فروخت کی شرائط مسترد کرنے کا مطالبہ کیا ہے
اس معاملے پر 42 ریاستوں کے اٹارنی جنرلز اور ڈسٹرکٹ آف کولمبیا نے مشترکہ طور پر اعتراضات اٹھائے ہیں،دوسری جانب دیوالیہ پن کی کارروائی کے دوران عدالت نے صارفین کی نجی معلومات کے تحفظ کے لیے ایک آزاد پرائیویسی نگران بھی مقرر کیا ہے، جو کسی بھی مجوزہ فروخت کے رازداری سے متعلق اثرات کا جائزہ لے کر عدالت کو سفارشات پیش کرے گا
ریاستوں کا مطالبہ ہے کہ اگر کمپنی کی فروخت کی اجازت دی بھی جاتی ہے تو کم عمر صارفین کی چیٹس اور دیگر حساس معلومات کو فروخت سے خارج کیا جائے اور نئے خریدار کو صارفین کی رازداری کے تحفظ کا پابند بنایا جائے
یہ معاملہ امریکہ میں مصنوعی ذہانت کے پلیٹ فارمز پر صارفین کے اعتماد، بچوں کے آن لائن تحفظ اور نجی ڈیجیٹل معلومات کی ملکیت سے متعلق ایک اہم قانونی تنازعہ بن گیا ہے






