Chief Editor : Mohammad Afaq Farooqi
Contributing Editor : Ahmad Waqas Riaz

میکسیکو میں 40 تارکین وطن کی ہلاکت کے مقدمے میں سابق امیگریشن سربراہ بری الذمہ، متاثرین کا انصاف کے لیے اپیل کا اعلان

میکسیکو میں 40 تارکین وطن کی ہلاکت کے مقدمے میں سابق امیگریشن سربراہ بری الذمہ، متاثرین کا انصاف کے لیے اپیل کا اعلان

میکسیکو کی عدالت نے سابق امیگریشن سربراہ فرانسسکو گاردونیو کے خلاف 2023 میں سرحدی شہر سیوداد خواریز کے حراستی مرکز میں آتش زدگی سے متعلق مقدمہ بند کر دیا ہے،اس المناک واقعے میں 40 تارکین وطن ہلاک اور 30 زخمی ہوئے تھے،یہ میکسیکو کے امیگریشن حراستی مراکز میں پیش آنے والا اب تک کا سب سے ہلاکت خیز واقعہ تھا، جس نے ان مراکز میں انتظامی خامیوں، بے ضابطگیوں اور تارکین وطن کے ساتھ حکام کے سلوک پر سنگین سوالات اٹھائے تھے
فرانسسکو گاردونیو کو سرکاری عہدے کے ناجائز استعمال اور فرائض میں غفلت کے الزامات پر مقدمے کا سامنا تھا،آتش زدگی کی منظر عام پر آنے والی ویڈیو میں دیکھا گیا تھا کہ حراستی مرکز کے محافظ مدد کے لیے پکارنے والے افراد کی چیخوں کے باوجود انہیں بچانے کے لیے مؤثر کارروائی نہیں کر رہے تھے
منگل کے روز جج نے قرار دیا کہ نقصان کے ازالے کے لیے مقررہ اقدامات مکمل کر لیے گئے ہیں، جس کے بعد مقدمہ بند کرنے کا حکم دیا گیا،تاہم متاثرین نے اس فیصلے کو مسترد کرتے ہوئے اپیل کرنے کا اعلان کیا ہے
متاثرین کی نمائندگی کرنے والی تنظیموں میں شامل فاؤنڈیشن فار جسٹس نے بدھ کے روز سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر اپنے ردعمل میں کہا کہ ایک بار پھر بدعنوانی اور اقتدار کے تحفظ میں سیاست دانوں کو حاصل استثنیٰ کی جیت ہوئی ہے
تنظیم کے مطابق گاردونیو کے خلاف فوجداری مقدمے کی بندش عملاً انہیں الزامات سے بری کرنے کے مترادف ہے،تنظیم نے کہا کہ یہ فیصلہ اس بات کی تصدیق کرتا ہے کہ میکسیکو میں انصاف کا نظام سب کے لیے یکساں نہیں اور متاثرین کو انصاف سے محروم کیا جا رہا ہے

قومی خبریں سے مزید