وسط مدتی انتخابات سے ایک ماہ پہلے ریپبلکنز دفاعی پوزیشن میں، محفوظ سمجھی جانے والی ریاستیں بھی خطرے میں
واشنگٹن:امریکا میں وسط مدتی انتخابات میں تقریباً ایک ماہ باقی رہ گیا ہے اور ریپبلکن پارٹی نے کئی ایسی انتخابی نشستوں پر اپنی حکمت عملی تبدیل کرنا شروع کر دی ہے جہاں اسے پہلے کامیابی کی امید تھی،پولیٹیکو کے مطابق ریپبلکن انتخابی گروپس اب ایسی ریاستوں اور حلقوں سے مالی وسائل اور اشتہاری مہم پیچھے ہٹا رہے ہیں جہاں انہیں شکست کا خطرہ زیادہ نظر آ رہا ہے، جبکہ ان نشستوں کو بچانے پر توجہ مرکوز کی جا رہی ہے جنہیں طویل عرصے سے ریپبلکنز کا مضبوط گڑھ سمجھا جاتا تھا
ریپبلکنز ایوان نمائندگان اور سینیٹ میں اپنی اکثریت برقرار رکھنے کے لیے بڑے پیمانے پر اشتہاری مہم چلا رہے ہیں، لیکن پارٹی کی پہلے نمایاں مالی برتری اب ہر جگہ سیاسی فائدے میں تبدیل ہوتی دکھائی نہیں دے رہی،حالیہ دنوں میں ریپبلکن انتخابی گروپس نے بعض اہم مقابلوں میں شکست کے امکانات کو تسلیم کرتے ہوئے اپنی رقم دوسری نشستوں پر منتقل کرنا شروع کر دی ہے
سینیٹ کی دوڑ میں ریپبلکنز نے شمالی کیرولائنا کی ایک نشست کا دفاع تقریباً چھوڑ دیا ہے، حالانکہ صدر ڈونلڈ ٹرمپ اس ریاست میں تین مرتبہ کامیاب ہو چکے ہیں،اس کے بجائے ریپبلکن حمایت یافتہ گروپس نے جنوبی کیرولائنا میں ایک نشست بچانے کے لیے اخراجات بڑھا دیے ہیں؟اسی طرح کنساس میں بھی ریپبلکنز نے اشتہاری مہم تیز کر دی ہے، جہاں تقریباً ایک صدی سے ڈیموکریٹس سینیٹ کی نشست جیتنے میں کامیاب نہیں ہوئے
ایوان نمائندگان میں بھی ریپبلکن پارٹی نے نیبراسکا کی ایک ایسی نشست کا دفاع ترک کر دیا ہے جو ایک دہائی سے ریپبلکن نمائندے ڈان بیکن کے پاس تھی اور ان کی ریٹائرمنٹ کے بعد اب ڈیموکریٹس کے لیے قابل مقابلہ سمجھی جا رہی ہے
میڈیا رپورٹس کے مطابق ان تبدیلیوں سے ظاہر ہوتا ہے کہ وسط مدتی انتخابات قریب آتے ہی ریپبلکن پارٹی اپنی دفاعی حکمت عملی مزید سخت کر رہی ہے،جو نشستیں چند ماہ پہلے محفوظ تصور کی جا رہی تھیں، اب وہاں بھی پارٹی کو بھاری اخراجات، جارحانہ اشتہاری مہم اور اضافی سیاسی وسائل استعمال کرنا پڑ رہے ہیں
یہ صورتحال اس لیے بھی اہم ہے کہ وسط مدتی انتخابات میں صدر کی جماعت عموماً سیاسی دباؤ کا سامنا کرتی ہے،موجودہ مقابلے میں ریپبلکنز کو نہ صرف اپنی موجودہ اکثریت برقرار رکھنے کے لیے میدان وسیع کرنا پڑ رہا ہے بلکہ ایسی نشستوں کو بھی بچانا پڑ رہا ہے جنہیں ماضی میں پارٹی کے لیے تقریباً محفوظ سمجھا جاتا تھا
رپورٹس کے مطابق انتخابات میں ابھی تقریباً ایک ماہ باقی ہے، لیکن ابتدائی طور پر سامنے آنے والے یہ فیصلے اس بات کا اشارہ دے رہے ہیں کہ ریپبلکنز کا دفاعی دائرہ پہلے کے مقابلے میں مزید پھیل رہا ہے اور پارٹی کو اب صرف سوئنگ ریاستوں میں ہی نہیں بلکہ روایتی طور پر مضبوط ریپبلکن ریاستوں میں بھی اپنی نشستیں بچانے کے لیے وسائل جھونکنے پڑ رہے ہیں





