Chief Editor : Mohammad Afaq Farooqi
Contributing Editor : Ahmad Waqas Riaz

نیویارک میں امریکہ ایران مذاکرات تکنیکی مرحلے میں داخل، آبنائے ہرمز کھولنے کا 7 روزہ منصوبہ زیرغور

نیویارک میں امریکہ ایران مذاکرات تکنیکی مرحلے میں داخل، آبنائے ہرمز کھولنے کا 7 روزہ منصوبہ زیرغور

نیویارک میں امریکہ اور ایران کے درمیان جاری مذاکرات ابتدائی سفارتی رابطوں سے آگے بڑھ کر تکنیکی مرحلے میں داخل ہوگئے ہیں، جہاں دونوں فریق آبنائے ہرمز کھولنے سمیت جنگ کے خاتمے سے متعلق عملی انتظامات پر بات چیت کر رہے ہیں
الجزیرہ کی رپورٹ کے مطابق نیویارک میں امریکی نمائندوں اسٹیو وٹکوف اور جیرڈ کشنر کے ساتھ ابتدائی ملاقات کے بعد تکنیکی ماہرین بھی مذاکرات میں شامل ہوگئے ہیں،بات چیت میں اب ان امور پر توجہ دی جارہی ہے جن پر کسی ممکنہ سمجھوتے کی صورت میں عملی طور پر عمل درآمد کیا جاسکے
مذاکرات سے واقف ذرائع کے مطابق ایران نے تجویز دی ہے کہ اگر امریکہ آبنائے ہرمز کے خلاف اپنی بحری ناکہ بندی یا فوجی دباؤ ختم کردے تو ایران تقریباً 7 روز کے اندر آبنائے ہرمز کو دوبارہ کھولنے کے طریقہ کار پر عمل کرسکتا ہے،اس تجویز کو پہلے زیرغور آنے والے 60 روزہ عمل کو تیز کرنے کی کوشش کے طور پر دیکھا جارہا ہے
آبنائے ہرمز کے مستقبل کے انتظامات بھی مذاکرات کا اہم حصہ ہیں،دنیا کی تیل کی تجارت کے لیے انتہائی اہم اس آبی گزرگاہ کے بارے میں دونوں جانب سے دیگر ممکنہ انتظامات پر بھی بات چیت جاری ہے
مذاکرات میں پیش رفت کی اطلاعات کے بعد عالمی منڈیوں میں فوری ردعمل سامنے آیا،امریکی اسٹاک مارکیٹ میں ایس اینڈ پی 500 میں اضافہ ہوا جبکہ تیل کی قیمتوں میں کمی دیکھی گئی، کیونکہ سرمایہ کاروں نے امریکہ ایران کشیدگی میں ممکنہ کمی کو عالمی توانائی کی رسد کے لیے مثبت پیش رفت کے طور پر لیا
تاہم مذاکرات ابھی کسی حتمی معاہدے تک نہیں پہنچے اور نہ ہی امریکہ اور ایران کی جانب سے جنگ کے خاتمے یا آبنائے ہرمز کے مستقل طور پر کھولنے کا کوئی حتمی سمجھوتا سامنے آیا ہے،موجودہ پیش رفت کو مذاکرات کے ایک نئے، زیادہ تفصیلی تکنیکی مرحلے کے طور پر رپورٹ کیا جارہا ہے

قومی خبریں سے مزید