اوباما خاندان کی سنی: 13 سالہ رفاقت، وائٹ ہاؤس کی شرارتیں، وہ جو 2300 ڈالر میں خریدی گئی مگر رکھا خاندان کے حصے کی طرح گیا،بالآخر اپنے بھائی بو کے پاس چلی گئی

اوباما خاندان کی سنی: 13 سالہ رفاقت، وائٹ ہاؤس کی شرارتیں، وہ جو 2300 ڈالر میں خریدی گئی مگر رکھا خاندان کے حصے کی طرح گیا،بالآخر اپنے بھائی بو کے پاس چلی گئی

واشنگٹن: سابق امریکی صدر باراک اوباما اور سابق خاتون اول مشیل اوباما کی پالتو کتیا سنی 13 سال کی عمر میں انتقال کرگئی،پرتگیزی واٹر ڈاگ نسل سے تعلق رکھنے والی سنی اگست 2013 میں اوباما خاندان کا حصہ بنی تھی اور اس وقت باراک اوباما اپنی دوسری صدارتی مدت کے دوران وائٹ ہاؤس میں مقیم تھے،خاندان نے اسے تقریباً 13 سال تک اپنے ساتھ رکھا،اوباما نے سنی کو ’’قدرت کی ایک طاقت‘‘ قرار دیتے ہوئے کہا کہ خاندان کے لیے اس کے ساتھ قدم ملانا بھی بعض اوقات مشکل ہوتا تھا،موت کی وجہ خاندان نے نہیں بتائی
سنی کی پیدائش جون 2012 میں مشی گن میں ہوئی تھی،2013 میں جب اسے وائٹ ہاؤس لایا گیا تو اس کی عمر تقریباً 14 ماہ تھی،اُس وقت وائٹ ہاؤس کی جانب سے بتایا گیا کہ سنی کو اسی نسل کا منتخب کرنے کی ایک بڑی وجہ خاندان میں موجود الرجی تھی،پرتگیزی واٹر ڈاگ کو بعض الرجی رکھنے والے افراد کے لیے نسبتاً موزوں سمجھا جاتا ہے،سنی کی آمد دراصل خاندان میں پہلے سے موجود کتے بو کے لیے بھی ایک ساتھی کا اضافہ تھی
سنی کو ایک بریڈر سے خریدا گیا تھا اور اُس وقت شائع ہونے والی رپورٹس کے مطابق اس کی قیمت تقریباً 2300 ڈالر تھی،رپورٹس میں اسے مشی گن کے ایک بریڈر سے جوڑا گیا، جبکہ اُس وقت کی بعض تفصیلات کے مطابق بریڈر کتے کو صرف فروخت کرنے کے بجائے مناسب خاندان کے انتخاب پر بھی توجہ دیتا تھا،سنی کی آمد کے موقع پر اوباما خاندان نے واشنگٹن ہیومین سوسائٹی کے لیے عطیہ بھی کیا تھا
سنی کے انتخاب میں خاندان کی پرانی کہانی بھی شامل تھی،باراک اور مشیل اوباما کی بیٹیاں مالیا اور ساشا کئی عرصے سے کتا رکھنے کی خواہش رکھتی تھیں،2008 کی انتخابی مہم کے دوران اوباما نے وعدہ کیا تھا کہ وائٹ ہاؤس پہنچنے کے بعد بچیوں کو کتا ملے گا،بعد میں خاندان نے پہلے بو کو اپنایا، جو 2009 میں وائٹ ہاؤس آیا اور سنی کے آنے تک خاندان کا واحد کتا تھا،سنی اور بو دونوں ایک ہی نسل کے تھے
بو اور سنی کا تعلق صرف ایک ہی گھر میں رہنے والے دو کتوں کا نہیں تھا،مشیل اوباما نے ایک موقع پر بتایا تھا کہ جب سنی نئی نئی آئی تو بو اس کے اتنا قریب ہوگیا کہ دونوں الگ سونے پر بھی ایک دوسرے سے دور نہیں رہنا چاہتے تھے،ابتدا میں بو مالیا کے کمرے میں سوتا تھا، لیکن سنی آنے کے بعد دونوں کتوں کو ایک ہی جگہ رکھنے کا انتظام کیا گیا،مشیل نے یہ بھی بتایا کہ دونوں کو رات کے وقت کریٹس میں رکھا جاتا تھا اور سفر کے دوران بھی وہ اپنی کریٹس ساتھ لے جاتے تھے
سنی کی سب سے دلچسپ عادتوں میں سے ایک یہ تھی کہ پرتگیزی واٹر ڈاگ ہونے کے باوجود اسے پانی بالکل پسند نہیں تھا،حالیہ خراج تحسین میں اوباما نے بھی اسی تضاد کا ذکر کیا،وہ بہت متحرک، تیز رفتار اور جسمانی طور پر پھرتیلی تھی، وائٹ ہاؤس کے ساؤتھ لان میں دوڑتی، چھلانگیں لگاتی اور بعض اوقات خاندان اور عملے کو اس کے پیچھے بھاگنا پڑتا تھا،اوباما خاندان نے اسے انتہائی محبت کرنے والی اور وفادار ساتھی کے طور پر یاد کیا ہے
لیکن سنی صرف ایک خوبصورت اور فرمانبردار پالتو جانور نہیں تھی،مشیل اوباما نے 2015 میں بچوں کے ایک سوال و جواب پروگرام میں ہنستے ہوئے بتایا تھا کہ سنی کبھی کبھی وائٹ ہاؤس میں چپکے سے کچن سے نکل جاتی اور دوسری طرف جاکر گندگی کر دیتی تھی،مشیل نے اسے ’’شرارتی‘‘ قرار دیا، لیکن ساتھ ہی کہا کہ دونوں کتے بہت اچھے ’’سفیر‘‘ تھے اور ان کی اپنی باقاعدہ مصروفیات اور شیڈول ہوتے تھے، کیونکہ وائٹ ہاؤس آنے والے لوگ ان سے ملنا اور تصاویر بنوانا چاہتے تھے
سنی وائٹ ہاؤس کی متعدد تقریبات میں نظر آئی،وہ ایسٹر ایگ رول، چھٹیوں کی تقریبات، وائٹ ہاؤس کی سجاوٹ اور مختلف عوامی سرگرمیوں کا حصہ رہی،اسے خاندان کے ساتھ سرکاری رہائش گاہ میں آنے والے مہمانوں اور بعض اہم شخصیات سے ملتے ہوئے بھی دیکھا گیا،اس طرح وہ محض اوباما خاندان کا پالتو جانور نہیں رہی بلکہ خود بھی وائٹ ہاؤس کی ایک پہچانی جانے والی شخصیت بن گئی تھی
مشیل اوباما نے ایک مرتبہ بتایا تھا کہ بو اور سنی کو ہر سال تحائف اور کھلونے ملتے تھے،دونوں کتوں کی اتنی مصروفیات تھیں کہ ان کے لیے باقاعدہ شیڈول بنتا تھا اور مشیل کو ان کی عوامی مصروفیات کی منظوری دینی پڑتی تھی،خاندان کے کرسمس کے سفر میں بھی دونوں کتوں کو ساتھ لے جایا جاتا تھا،مشیل کے مطابق جب خاندان طویل سفر پر جاتا تو بو اور سنی بھی ان کے ساتھ ہوتے تھے
اوباما خاندان کی ہوائی کے روایتی کرسمس تعطیلات میں بھی سنی شامل ہوتی تھی،مشیل نے بتایا تھا کہ خاندان اپنے رشتہ داروں اور دوستوں کے ساتھ ہوائی جاتا اور وہاں بچوں سمیت سب مل کر تفریح کرتے تھے،ایک سال اوباما خاندان نے اپنے ٹیلنٹ شو میں بو اور سنی کے کرتب بھی پیش کیے تھے،اس سے اندازہ ہوتا ہے کہ دونوں کتوں کو خاندان کی نجی زندگی میں بھی محض پالتو جانور نہیں بلکہ خاندانی سرگرمیوں کا حصہ سمجھا جاتا تھا
سنی کا اپنے خاندان کے ساتھ تعلق خاص طور پر مالیا اور ساشا کے ساتھ نمایاں تھا،موجودہ خراج تحسین میں اوباما خاندان نے ان تصاویر اور یادوں کو نمایاں کیا جن میں سنی دونوں بیٹیوں کے ساتھ نظر آتی ہے،باراک اوباما نے سنی کو اپنی دونوں بیٹیوں کے ساتھ وقت گزارنے والی اور خاندان کے لیے مستقل خوشی کا ذریعہ قرار دیا
سنی نے اپنے ’’بڑے بھائی‘‘ بو کے ساتھ تقریباً 8 سال گزارے،بو 2021 میں 12 سال کی عمر میں کینسر کے باعث انتقال کرگیا تھا،سنی کی موت پر باراک اوباما نے جذباتی انداز میں لکھا کہ وہ تصور کرتے ہیں کہ سنی اب اپنے بڑے بھائی بو کے ساتھ ہے اور اس کی دیکھ بھال کر رہی ہے
دلچسپ بات یہ بھی ہے کہ اوباما خاندان نے شروع سے کتوں کو اپنی عوامی زندگی کا حصہ بنایا،بو کو 2009 میں وائٹ ہاؤس لایا گیا تھا اور وہ سرکاری تقریبات، بچوں کے پروگراموں اور دیگر مواقع پر نظر آتا رہا،صدارتی لائبریری کے ریکارڈ کے مطابق بو اور سنی دونوں پرتگیزی واٹر ڈاگ تھے، اور سنی اگست 2013 میں خاندان میں شامل ہوئی
یوں سنی کی 13 سالہ زندگی صرف ایک مشہور خاندان کے گھر میں گزرنے والی زندگی نہیں تھی،وہ وائٹ ہاؤس کے ساؤتھ لان سے لے کر خاندان کی نجی تعطیلات، بچوں کے ساتھ کھیلنے، سرکاری تقریبات میں شرکت، بو کے ساتھ رہنے اور اپنی شرارتی حرکتوں تک اوباما خاندان کی زندگی کا مستقل حصہ رہی،اب اس کے جانے کے بعد اوباما خاندان کے پاس ان 13 برسوں کی تصاویر، ویڈیوز اور یادیں رہ گئی ہیں، جبکہ باراک اور مشیل اوباما دونوں نے اسے اپنے خاندان کے ایک باقاعدہ فرد کے طور پر یاد کیا ہے

قومی خبریں سے مزید