کرم سرحدی چوکیوں پر افغان طالبان کی فائرنگ، پاکستانی سکیورٹی فورسز کا بھرپور جواب

کرم سرحدی چوکیوں پر افغان طالبان کی فائرنگ، پاکستانی سکیورٹی فورسز کا بھرپور جواب

کرم: افغان طالبان کی جانب سے کرم کے سرحدی علاقوں میں پاکستانی چوکیوں کو نشانہ بناتے ہوئے مبینہ بلااشتعال فائرنگ کے بعد پاکستانی سکیورٹی فورسز نے جوابی کارروائی کی۔ سکیورٹی ذرائع کے مطابق افغان طالبان نے بھاری ہتھیاروں، مارٹر گولوں اور دیگر اسلحے سے سرحدی چوکیوں کو نشانہ بنایا، جس کے جواب میں پاکستانی فورسز نے فوری کارروائی کرتے ہوئے افغان طالبان کی چوکیوں، مارٹر پوزیشنز اور دفاعی تنصیبات کو نشانہ بنایا۔
ذرائع کے مطابق پاکستانی فورسز نے جوابی کارروائی کے دوران سرحدی علاقوں کا مکمل کنٹرول برقرار رکھا، جبکہ متعدد افغان طالبان چوکیوں کو خالی کر دیا گیا۔ سکیورٹی حکام کا کہنا ہے کہ صورتحال پر مسلسل نظر رکھی جا رہی ہے اور کسی بھی مزید اشتعال انگیزی کا فوری اور مؤثر جواب دینے کے لیے فورسز چوکس ہیں۔
رپورٹ کے مطابق یہ واقعہ پاکستان اور افغانستان کے درمیان بڑھتی ہوئی سرحدی کشیدگی کے تناظر میں پیش آیا ہے۔ اسلام آباد ماضی میں بھی کابل انتظامیہ سے مطالبہ کرتا رہا ہے کہ افغان سرزمین سے پاکستان میں ہونے والی دہشت گرد کارروائیوں کو روکا جائے، جبکہ افغان طالبان ان الزامات سے انکار کرتے رہے ہیں۔
حکام کے مطابق اس سے قبل بھی کرم سمیت دیگر سرحدی علاقوں میں فائرنگ کے واقعات پیش آ چکے ہیں، جن کے بعد پاکستانی فورسز نے جوابی کارروائیاں کی تھیں۔

قومی خبریں سے مزید