Chief Editor : Mohammad Afaq Farooqi
Contributing Editor : Ahmad Waqas Riaz

“ہوئے وہ دوست جنکے” ٹرمپ انتظامیہ نے وینزویلا اور عراق کو اوپیک چھوڑنے پر آمادہ کرنے کی کوشش کی، سعودی ولی عہد کو مداخلت کرنا پڑی، رائٹرز کا انکشاف

“ہوئے وہ دوست جنکے”
ٹرمپ انتظامیہ نے وینزویلا اور عراق کو اوپیک چھوڑنے پر آمادہ کرنے کی کوشش کی، سعودی ولی عہد کو مداخلت کرنا پڑی، رائٹرز کا انکشاف

واشنگٹن: صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی انتظامیہ نے رواں سال وینزویلا اور عراق پر دباؤ ڈالا کہ وہ تیل برآمد کرنے والے ممالک کی تنظیم اوپیک (OPEC) سے علیحدگی اختیار کرنے پر غور کریں،اس مقصد کے لیے امریکی حکام نے وینزویلا کی سالانہ رکنیت فیس کی ادائیگی روکنے کی کوشش بھی کی،خبر رساں ادارے رائٹرز نے اس معاملے سے واقف 10 افراد کے حوالے سے یہ انکشاف کیا ہے
رائٹرز کے مطابق امریکی انتظامیہ کے یہ اقدامات پہلے منظرعام پر نہیں آئے تھے،ان کا ہدف اوپیک کے پانچ بانی ارکان میں شامل دو ممالک، وینزویلا اور عراق تھے،یہ پیش رفت ایک ایسے وقت میں ہوئی جب صدر ٹرمپ طویل عرصے سے اوپیک پر الزام عائد کرتے رہے ہیں کہ یہ تنظیم تیل کی قیمتیں مصنوعی طور پر بلند رکھنے کے لیے عالمی پیداوار کو محدود کرتی ہے
امریکی حکام دونوں ممالک میں تیل کی پیداوار بڑھانے اور توانائی کے شعبے میں نئی سرمایہ کاری کی حوصلہ افزائی کر رہے تھے،تاہم امریکی حکام کے بعض حلقوں کو خدشہ تھا کہ اوپیک کی جانب سے مقرر کردہ پیداواری حدود مستقبل میں ان منصوبوں کی راہ میں رکاوٹ بن سکتی ہیں
رائٹرز کے مطابق وینزویلا پر امریکی دباؤ اس حد تک بڑھ گیا تھا کہ سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کو رواں موسم گرما میں مداخلت کرنا پڑی،معاملے سے واقف دو افراد کے مطابق سعودی ولی عہد نے ٹرمپ انتظامیہ کو اس معاملے پر مزید دباؤ نہ ڈالنے پر آمادہ کیا
عراق کے معاملے میں بھی امریکی کوششوں کے بعد وزیراعظم علی فالح الزیدی نے رواں موسم گرما میں ایک حکومتی اجلاس کے دوران اوپیک سے علیحدگی کے امکان پر بات کی تھی،تاہم عراقی وزارت تیل نے اس تجویز کی مخالفت کی اور وزیراعظم کو تنظیم میں برقرار رہنے کے ساتھ پیداوار کا زیادہ کوٹہ حاصل کرنے کی کوشش کرنے پر آمادہ کیا
رائٹرز کے مطابق امریکہ کو دونوں ممالک کے مالی معاملات پر غیر معمولی اثر و رسوخ حاصل ہے،جنوری میں وینزویلا کے صدر نکولس مادورو کی برطرفی کے بعد امریکہ نے وینزویلا کے سرکاری فنڈز تک رسائی اپنے کنٹرول میں لے لی، جبکہ عراق کی تیل سے حاصل ہونے والی آمدنی اب بھی نیویارک کے فیڈرل ریزرو بینک میں موجود ایک اکاؤنٹ کے ذریعے منتقل ہوتی ہے،یہ انتظام 2003ء میں عراق پر امریکی حملے کے بعد قائم کیا گیا تھا
امریکی محکمہ خارجہ نے وینزویلا کی اوپیک رکنیت فیس کی ادائیگی روکنے کے بارے میں براہ راست جواب نہیں دیا، تاہم تصدیق کی کہ واشنگٹن وینزویلا کے سرکاری فنڈز کے استعمال کی منظوری دینے کا اختیار رکھتا ہے،محکمہ خارجہ کے ایک اہلکار نے رائٹرز کو بتایا کہ عبوری وینزویلا حکومت کی جانب سے رقم کے اجرا کی درخواستوں کا جائزہ لیا جاتا ہے اور انہیں منظور شدہ اور ممنوعہ اخراجات کی فہرست کے مطابق پرکھا جاتا ہے
امریکی اہلکار نے یہ بھی کہا کہ ممکن ہے نچلی سطح کے حکام نے وینزویلا کے ساتھ اوپیک چھوڑنے کا معاملہ اٹھایا ہو، لیکن اعلیٰ سطح کے حکام کی گفتگو میں یہ موضوع شامل نہیں تھا،عراق کے بارے میں امریکی محکمہ خارجہ کا کہنا تھا کہ بات چیت کا مرکز تیل کی پیداوار اور ترسیل بڑھانے کے لیے توانائی کے بنیادی ڈھانچے کو بہتر بنانا تھا، نہ کہ اوپیک سے علیحدگی
اوپیک کی صفوں میں اختلافات اور تنظیم کے مستقبل پر سوالات
رائٹرز کے مطابق امریکی اقدامات سے پہلے ہی دباؤ کا شکار اوپیک کے اندر مزید اختلافات پیدا ہونے کا خدشہ ہے،1960ء میں بغداد میں قائم ہونے والی اس تنظیم کے پانچ بانی ارکان عراق، ایران، سعودی عرب، کویت اور وینزویلا تھے،اس وقت اوپیک کے 11 رکن ممالک ہیں، جبکہ روس سمیت کئی دوسرے تیل پیدا کرنے والے ممالک کے ساتھ اس کا وسیع تر اتحاد اوپیک پلس بھی قائم ہے
تنظیم نے 2019ء سے اب تک چار ارکان کھوئے ہیں،قطر نے 2019ء، ایکواڈور نے 2020ء اور انگولا نے 2024ء میں علیحدگی اختیار کی، جبکہ متحدہ عرب امارات نے بھی رواں سال پیداوار کی حدود پر اختلافات کے بعد تنظیم چھوڑنے کا اعلان کیا،تاہم ان ممالک کے فیصلوں میں امریکی مداخلت کا کوئی ثبوت سامنے نہیں آیا
الپائن میکرو کے چیف جیو پولیٹیکل اسٹریٹجسٹ ڈین الاماریو نے صورتحال پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ اوپیک کے اندر تقسیم کا خطرہ بڑھ رہا ہے
وینزویلا کی رکنیت فیس بھی تنازعہ کی ایک وجہ ہے
اوپیک کے ہر رکن ملک کو سالانہ تقریباً 28 لاکھ یورو، یعنی 30 لاکھ 80 ہزار ڈالر رکنیت فیس ادا کرنا ہوتی ہے،یہ رقم تنظیم کے ویانا میں قائم سیکریٹریٹ کے ملازمین کی تنخواہوں، تحقیق اور سفری اخراجات پر خرچ ہوتی ہے،وینزویلا کے لیے یہ رقم تیل کی آمدنی کے مقابلے میں معمولی ہے، لیکن اس کی ادائیگی تنظیم کے بانی رکن کی حیثیت سے وابستگی کی علامت سمجھی جاتی ہے
رائٹرز کے مطابق واشنگٹن کا مؤقف تھا کہ وینزویلا کی یہ رقم دیگر زیادہ اہم ضروریات پر خرچ کی جا سکتی ہے،تاہم اوپیک کے دو ذرائع نے بتایا کہ تنظیم کے پاس واجبات ادا نہ ہونے کے باوجود کسی ملک کی رکنیت برقرار رکھنے کا اختیار موجود ہے اور وہ اس بنیاد پر وینزویلا کو خارج کرنے کا ارادہ نہیں رکھتی
امریکی حکومت کے کنٹرول میں وینزویلا کی تیل کی آمدنی کے انتظام پر خود امریکہ میں بھی سوالات اٹھے ہیں،کانگریس کی درخواستوں کے بعد امریکی سرکاری احتسابی ادارے (GAO) نے جولائی میں وینزویلا کے تیل سے حاصل ہونے والی آمدنی کے انتظام اور اس کی تقسیم کی باضابطہ تحقیقات شروع کی تھیں،ٹرمپ انتظامیہ کا کہنا ہے کہ یہ رقم وینزویلا کے عوام کی ضروریات، سرکاری ملازمین کی تنخواہوں اور بنیادی عوامی خدمات کے لیے استعمال کی جا رہی ہے
وینزویلا کی تیل پیداوار میں اضافے کا منصوبہ
وینزویلا اس وقت اوپیک پلس کے پیداواری کوٹے سے مستثنیٰ ہے، کیونکہ برسوں کی پابندیوں اور ناقص انتظامی پالیسیوں کے باعث اس کی تیل کی پیداوار تاریخی سطح سے بہت نیچے آ چکی ہے
اوپیک کے اعدادوشمار کے مطابق وینزویلا نے ستمبر میں تقریباً 12 لاکھ بیرل یومیہ تیل پیدا کیا تھا،سرکاری تیل کمپنی پی ڈی وی ایس اے نے آئندہ سال کے اختتام تک پیداوار 15 لاکھ بیرل یومیہ تک پہنچانے کا ہدف مقرر کیا ہے
اوپیک نے آخری مرتبہ 2017ء اور 2018ء میں وینزویلا کی پیداوار کے لیے باقاعدہ کوٹہ مقرر کیا تھا، جو تقریباً 20 لاکھ بیرل یومیہ تھا،رائٹرز کے مطابق جب تک وینزویلا دوبارہ اس پیداواری سطح تک نہیں پہنچتا، اس کے لیے کوٹہ نظام میں واپسی کا امکان کم ہے
یہ انکشاف ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب امریکہ خود دنیا کا سب سے بڑا تیل پیدا کرنے والا ملک بن چکا ہے اور عالمی تیل کی منڈی میں اوپیک کا ایک بڑا حریف بن گیا ہے،رائٹرز کی رپورٹ کے مطابق واشنگٹن کی کوششیں محض دو ممالک کی علیحدگی تک محدود نہیں بلکہ ان کا تعلق عالمی تیل کی پیداوار، قیمتوں اور توانائی کی منڈی میں اثر و رسوخ کے مقابلے سے بھی ہے

قومی خبریں سے مزید