Chief Editor : Mohammad Afaq Farooqi
Contributing Editor : Ahmad Waqas Riaz

کویت میں مبینہ ایرانی ڈرون حملے میں دو اطالوی شہری ہلاک، ایران نے ذمہ داری مسترد کردی، ٹرمپ کا اعلان: جنگ جب چاہوں ختم کرسکتا ہوں

کویت میں مبینہ ایرانی ڈرون حملے میں دو اطالوی شہری ہلاک، ایران نے ذمہ داری مسترد کردی، ٹرمپ کا اعلان: جنگ جب چاہوں ختم کرسکتا ہوں

کویت: خلیجی خطے میں ایران، امریکہ اور اسرائیل کے درمیان جاری جنگ کے دوران کویت میں مبینہ ایرانی حملے کے نتیجے میں دو اطالوی شہری ہلاک اور دو دیگر افراد زخمی ہوگئے ہیں،کویتی فوج کے مطابق ہلاکتیں ایرانی حملوں کے بعد گرنے والے میزائل کے ملبے سے ہوئیں، تاہم ایران نے اس واقعے میں ملوث ہونے کی تردید کردی ہے
کویت کی فوج نے جمعرات کو سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر جاری بیان میں کہا کہ ملک پر ایرانی حملوں کے بعد میزائل کا ملبہ گرنے سے دو اطالوی شہری جان کی بازی ہار گئے، جبکہ دو افراد زخمی ہوئے۔ واقعے کے بعد خطے میں غیر ملکی شہریوں کی سلامتی اور خلیجی ممالک کے دفاعی انتظامات سے متعلق تشویش میں اضافہ ہوا ہے
ایرانی فوج کے ترجمان نے سرکاری میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اس علاقے میں ایران کی جانب سے کوئی جارحانہ یا فوجی کارروائی نہیں کی گئی،ترجمان کے مطابق ان الزامات کو امریکہ اور اسرائیل کی جانب سے خطے میں عدم تحفظ بڑھانے اور اپنی کارروائیوں کا جواز پیدا کرنے کی کوشش کے طور پر دیکھا جانا چاہیے
ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی نے ٹیلی گرام پر بتایا کہ انہوں نے اپنے اطالوی ہم منصب انتونیو تاجانی سے ٹیلی فون پر بات کی اور دونوں اطالوی شہریوں کی ہلاکت پر افسوس کا اظہار کیا،تاہم انہوں نے واضح کیا کہ ایران کا اس واقعے سے کوئی تعلق نہیں ہے
عراقچی نے واقعے کو مشکوک قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ کسی پہلے سے تیار کردہ منصوبے جیسا دکھائی دیتا ہے،ان کے بیان سے ظاہر ہوتا ہے کہ تہران اس واقعے کی ذمہ داری قبول کرنے کے بجائے اس کے پس پردہ محرکات پر سوال اٹھا رہا ہے
ادھر صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران کے ساتھ جاری جنگ کے خاتمے سے متعلق اپنے مؤقف کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ جنگ جب وہ چاہیں گے ختم ہوجائے گی،ان کا یہ بیان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب خلیجی خطے میں حملوں، جوابی کارروائیوں اور مختلف ممالک کے شہریوں کی ہلاکتوں کے باعث صورتحال مسلسل کشیدہ ہے
ٹرمپ کے بیان نے جنگ کے دورانیے اور امریکی فوجی حکمت عملی کے حوالے سے نئے سوالات پیدا کیے ہیں، جبکہ ایران کی جانب سے حملوں میں ملوث ہونے کی تردید اور امریکہ و اسرائیل پر الزامات نے خطے میں جاری کشیدگی کو مزید پیچیدہ بنا دیا ہے

قومی خبریں سے مزید