Chief Editor : Mohammad Afaq Farooqi
Contributing Editor : Ahmad Waqas Riaz

25 ملین سے زائد بچے اسکولوں سے باہر، 79 سالہ آئینی وعدے کے باوجود پاکستان کی حکومتیں تعلیم کا بنیادی حق دینے میں ناکام

25 ملین سے زائد بچے اسکولوں سے باہر، 79 سالہ آئینی وعدے کے باوجود پاکستان کی حکومتیں تعلیم کا بنیادی حق دینے میں ناکام

پاکستان میں اسکول جانے کی عمر کے 25 ملین سے زیادہ بچوں کا تعلیم سے محروم رہنا محض تعلیمی بحران نہیں بلکہ ریاست کی آئینی ذمہ داری کی مسلسل خلاف ورزی ہے آزادی کے 79 سال گزرنے کے باوجود ملک کی حکومتیں ہر بچے کو تعلیم فراہم کرنے کا وعدہ پورا نہیں کرسکیں۔ ایک ایٹمی طاقت رکھنے والا ملک آج بھی ایسا تعلیمی نظام قائم کرنے میں ناکام ہے جو اپنی نئی نسل کو بنیادی تعلیم فراہم کرسکے
پاکستان میں تعلیم کی ذمہ داری صرف 2010 میں اٹھارہویں آئینی ترمیم کے ذریعے آرٹیکل 25-A شامل کیے جانے سے شروع نہیں ہوئی تھی بلکہ یہ وعدہ ملک کی ابتدائی آئینی تاریخ سے موجود ہے۔ 1956 کے آئین میں ریاست کو ناخواندگی ختم کرنے اور مفت و لازمی ابتدائی تعلیم فراہم کرنے کا پابند قرار دیا گیا تھا۔ 1962 کے آئین میں بھی اس ذمہ داری کو برقرار رکھا گیا، جبکہ 1973 کے آئین کے آرٹیکل 37(b) میں ناخواندگی ختم کرنے اور کم سے کم ممکنہ مدت میں مفت اور لازمی ثانوی تعلیم فراہم کرنے کا عہد کیا گیا
2010 میں اٹھارہویں آئینی ترمیم کے ذریعے آرٹیکل 25-A شامل کیا گیا، جس کے تحت 5 سے 16 سال کی عمر کے تمام بچوں کو مفت اور لازمی تعلیم فراہم کرنا ریاست کی آئینی ذمہ داری قرار پایا اس ترمیم کا مقصد تعلیم کے وعدے کو محض حکومتی خواہش کے بجائے بنیادی حق بنانا تھا، لیکن 16 سال گزرنے کے باوجود اس حق پر عمل درآمد کی صورت حال انتہائی تشویش ناک ہے
تعلیم سے محروم بچوں کی تعداد 25 ملین سے تجاوز کرچکی ہے یہ بچے محض اعدادوشمار نہیں بلکہ وہ نسل ہیں جن سے تعلیم، بہتر روزگار اور باعزت زندگی کے مواقع چھینے جا رہے ہیں ان میں سے ہر بچے کا اسکول سے باہر رہنا مستقبل میں غربت، بے روزگاری اور معاشرتی محرومی کے ایک نئے سلسلے کو جنم دیتا ہے یہ بچے ریاست پر بوجھ نہیں بلکہ ملک کا قیمتی انسانی سرمایہ ہیں، جسے حکومتی ناکامیوں نے ضائع ہونے کے خطرے سے دوچار کردیا ہے
یونیسکو کے اعدادوشمار کے مطابق پاکستان میں پرائمری اسکول کی عمر کے بچوں کے اسکول سے باہر ہونے کی شرح بھارت، بنگلہ دیش، نیپال، بھوٹان، مالدیپ اور سری لنکا جیسے علاقائی ممالک کے مقابلے میں کہیں زیادہ ہے یہ صورت حال ظاہر کرتی ہے کہ بحران کو صرف غربت یا آبادی میں اضافے کا نتیجہ قرار دے کر حکومتیں اپنی ذمہ داری سے بری الذمہ نہیں ہوسکتیں ناقص منصوبہ بندی، کم سرمایہ کاری، انتظامی ناکامی اور سیاسی ترجیحات بھی اس بحران کی بنیادی وجوہات ہیں
ان تمام بچوں کو اسکولوں میں لانے کے لیے جس بڑے پیمانے پر وسائل درکار ہیں، اس کا اندازہ ایک حساب سے لگایا جا سکتا ہے اگر ہر کلاس روم میں 40 بچوں کو بٹھایا جائے تو تقریباً 628,750 اضافی کلاس رومز درکار ہوں گے اسی حساب سے ہر کلاس روم کے لیے 1.2 اساتذہ کی ضرورت فرض کی جائے تو تقریباً 754,500 نئے اساتذہ بھرتی کرنا پڑیں گے
اگر ان اساتذہ کو ابتدائی بی پی ایس 14 کے مطابق ماہانہ 27,060 روپے تنخواہ دی جائے تو صرف بنیادی تنخواہوں پر سالانہ تقریباً 245 ارب روپے خرچ ہوں گے اس میں الاؤنسز، پنشن، اساتذہ کی تربیت، اسکولوں کی تعمیر، فرنیچر، بجلی، پانی اور دیگر انتظامی اخراجات شامل نہیں۔ حقیقت میں مکمل تعلیمی نظام قائم کرنے کے لیے اس سے کہیں زیادہ سرمایہ درکار ہوگا
مالی وسائل کی کمی کا جواز بھی حکومتوں کی ناکامی کو چھپا نہیں سکتا۔ مالی سال 2024-25 میں پاکستان کے تعلیمی اخراجات تقریباً 962 ارب روپے بتائے گئے، لیکن یہ رقم پہلے سے موجود تعلیمی نظام کی ضروریات پوری کرنے کے لیے بھی ناکافی تھی اصل سوال یہ ہے کہ جب ریاست نے آئین میں ہر بچے کو تعلیم دینے کی ضمانت دے رکھی ہے تو پھر اس حق کو پورا کرنے کے لیے مستقل مالی منصوبہ بندی کیوں نہیں کی گئی؟
حکومتیں اسکولوں کے افتتاح، نئی پالیسیوں، داخلہ مہموں اور بجٹ کے اعلانات کو اپنی کامیابی قرار دیتی ہیں، لیکن ان اقدامات کا اصل امتحان یہ ہے کہ کتنے بچے واقعی کلاس روم تک پہنچے، کتنے بچوں نے تعلیم مکمل کی اور کتنے بچے پڑھنے، لکھنے اور عملی زندگی میں حصہ لینے کے قابل ہوئے
پاکستان کا تعلیمی بحران صرف اسکولوں کی کمی کا مسئلہ نہیں بلکہ ریاستی ترجیحات کا بھی امتحان ہے جب ایک ملک اپنی نئی نسل کو تعلیم دینے میں ناکام ہو تو اس کے اثرات صرف بچوں تک محدود نہیں رہتے بلکہ معیشت، جمہوریت، قومی ترقی اور معاشرتی استحکام بھی متاثر ہوتے ہیں تعلیم سے محروم نسل مستقبل میں ہنرمند کارکن، ماہرین، سائنس دان اور ذمہ دار شہری بننے کے مواقع کھو دیتی ہے
آئین میں لکھا ہوا حق اس وقت تک بے معنی ہے جب تک اس پر عملی طور پر عمل نہ ہو پاکستان کے 25 ملین سے زیادہ بچوں کو تعلیم فراہم کرنا کسی حکومت کا احسان نہیں بلکہ ریاست کی قانونی اور آئینی ذمہ داری ہے سوال یہ نہیں کہ ان بچوں کو تعلیم دینے پر کتنا خرچ آئے گا، بلکہ سوال یہ ہے کہ آخر کتنی نسلوں کو تعلیم سے محروم رکھنے کی قیمت یہ ملک مزید برداشت کرسکتا ہے؟

قومی خبریں سے مزید