واشنگٹن:امریکی ڈیموکریٹک پارٹی میں سینیٹ کی قیادت کے حوالے سے چک شومر کے خلاف جاری اندرونی کشمکش میں سینیٹر کرس وان ہولن کو ہالی ووڈ کی معروف شخصیات اور بڑے سیاسی عطیہ دہندگان کی حمایت حاصل ہوگئی ہے،تقریباً 35 اداکاروں، فنکاروں اور ڈیموکریٹک پارٹی کے مالی معاونین نے ایک مشترکہ خط پر دستخط کرتے ہوئے شومر کی جگہ وان ہولن کو سینیٹ میں ڈیموکریٹک قیادت سونپنے کی حمایت کی ہے
خط پر دستخط کرنے والوں میں معروف اداکارہ جین فونڈا، رابرٹ ڈی نیرو، چیلسی ہینڈلر، ماریسا ٹومی، پدما لکشمی اور ٹیلی ویژن پروڈیوسر ڈیوڈ مینڈل شامل ہیں
خط میں کہا گیا ہے کہ سینیٹ میں ڈیموکریٹک قیادت کا انتخاب بند کمرے میں خفیہ ووٹنگ کے ذریعے کیا جائے گا، جہاں کسی سینیٹر کو یہ بتانے کی ضرورت نہیں ہوگی کہ اس نے کس امیدوار کو ووٹ دیا،دستخط کنندگان کے مطابق، اتنے اہم سیاسی فیصلے میں عوامی جوابدہی ضروری ہے اور پارٹی قیادت کے انتخاب کو شفاف ہونا چاہیے
خط پر سابق بلیک راک عہدیدار مورس پرل اور معروف مصنفہ ایو اینسلر، جو اب V کے نام سے جانی جاتی ہیں، نے بھی دستخط کیے ہیں،دونوں ماضی میں چک شومر کو مالی عطیات دے چکے ہیں، تاہم اب وہ قیادت کی تبدیلی کی حمایت کر رہے ہیں
خط کے دستخط کنندگان کا کہنا ہے کہ انہوں نے رواں انتخابی دور میں ڈیموکریٹک امیدواروں کے لیے ایوان نمائندگان اور سینیٹ کی انتخابی مہموں میں تقریباً 23 ملین ڈالر عطیہ کیے یا جمع کرنے میں مدد کی ہے
کرس وان ہولن نے رواں ماہ چک شومر کے خلاف ڈیموکریٹک سینیٹ قیادت کے عہدے کے لیے چیلنج کا اعلان کیا تھا، جس کے بعد پارٹی کے اندر قیادت کی تبدیلی کی بحث شدت اختیار کر گئی ہے







