بھارت نے نیٹ فلکس کو پاکستانی ڈرامہ بھارت میں نشر نہ کرنے کی ہدایت کردی
نئی دہلی: بھارت کی حکومت نے عالمی اسٹریمنگ پلیٹ فارم نیٹ فلکس سے کہا ہے کہ وہ پاکستانی ڈرامہ سیریز ’’جو بچے ہیں سنگ سمیٹ لو‘‘ بھارت میں نشر نہ کرے،بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق یہ اقدام ایک فلمی تنظیم کی جانب سے وزیر اعظم نریندر مودی کو پاکستانی سیریز پر پابندی لگانے کے مطالبے کے بعد سامنے آیا ہے
پاکستانی مصنفہ فرحت اشتیاق کے مقبول ناول پر مبنی سیریز ’’جو بچے ہیں سنگ سمیٹ لو‘‘ نیٹ فلکس کی پہلی اردو زبان کی سیریز ہے، جس کا پہلا حصہ 4 دسمبر کو عالمی سطح پر ریلیز ہونا طے ہے
آل انڈیا سنے ورکرز ایسوسی ایشن (AICWA) نے منگل کو مودی کو خط لکھ کر مطالبہ کیا تھا کہ بھارت میں پاکستانی ڈراموں اور سیریز کی نمائش کی اجازت نہ دی جائے
بھارتی میڈیا کے مطابق حکومت نے نیٹ فلکس کو اس کے جون 2025 میں وزارت اطلاعات و نشریات کو دیے گئے مؤقف کی یاد دہانی کرائی ہے، جس میں پلیٹ فارم نے کہا تھا کہ اس نے بھارت میں اپنے صارفین کے لیے پاکستان میں تیار کردہ کوئی فلم یا سیریز دستیاب نہیں کی
حکومت نے حالیہ شکایات کے بعد نیٹ فلکس سے اس سابقہ وعدے پر عمل درآمد کرنے کو کہا ہے،نیٹ فلکس نے اس معاملے پر فوری طور پر کوئی تبصرہ نہیں کیا
پاکستانی فنکاروں، ڈراموں اور ثقافتی مواد پر بھارت میں پابندیوں اور دونوں ممالک کے درمیان کشیدہ تعلقات کے باعث پاکستانی انٹرٹینمنٹ انڈسٹری کو بھارتی مارکیٹ تک رسائی میں مسلسل مشکلات کا سامنا ہے،”جو بچے ہیں سنگ سمیٹ لو‘‘ کی عالمی ریلیز ایسے وقت میں ہو رہی ہے جب پاکستانی کہانیوں اور اردو ڈراموں کی بین الاقوامی سطح پر بڑھتی ہوئی مقبولیت کے باوجود بھارت میں ان کی نمائش کا معاملہ سیاسی تنازعہ بن گیا ہے






