Chief Editor : Mohammad Afaq Farooqi
Contributing Editor : Ahmad Waqas Riaz

اسپیس ایکس کو خلا میں 10 لاکھ ڈیٹا سینٹرز قائم کرنے کی منظوری، امریکی حکومت کا اے آئی ٹیکنالوجی میں برتری کا نیا منصوبہ

امریکی فیڈرل کمیونیکیشن کمیشن (FCC) نے ایلون مسک کی کمپنی اسپیس ایکس کو خلا میں ایک ملین تک ڈیٹا سینٹرز قائم کرنے اور انہیں مدار میں بھیجنے کے منصوبے کی منظوری دے دی ہے،یہ منصوبہ مصنوعی ذہانت (AI) کے لیے بڑھتی ہوئی کمپیوٹنگ ضروریات کو پورا کرنے اور مستقبل میں زمین پر ڈیٹا سینٹرز کے بڑھتے ہوئے دباؤ کا متبادل تلاش کرنے کی کوشش کا حصہ ہے
ایف سی سی کے چیئرمین برینڈن کار نے کہا کہ کمپیوٹنگ کی صلاحیت کو زمین سے باہر خلا میں منتقل کرکے اسپیس ایکس اور دیگر کمپنیاں مستقبل کی ضروریات سے ہم آہنگ ہو رہی ہیں،ان کے مطابق یہ امریکی جدت، خلائی ٹیکنالوجی اور جدید کمپیوٹنگ صلاحیتوں کو یکجا کرنے کا ایک اہم موقع ہے، جس سے امریکہ کی معاشی اور ٹیکنالوجی میں عالمی برتری کو مضبوط بنایا جا سکتا ہے
برینڈن کار کا کہنا تھا کہ کمپیوٹنگ مراکز اور ڈیٹا سینٹرز مصنوعی ذہانت کے شعبے میں امریکی قیادت برقرار رکھنے کے لیے بنیادی اہمیت رکھتے ہیں، کیونکہ اے آئی کی ترقی کے ساتھ ڈیٹا پراسیسنگ اور کمپیوٹنگ پاور کی طلب مسلسل بڑھ رہی ہے
منظوری کے تحت اسپیس ایکس کو اس منصوبے پر عمل درآمد کے لیے 15 سال کی اجازت دی گئی ہے، جبکہ کمپنی کو 25 نومبر 2033 تک اپنا پہلا اسٹیشن مدار میں بھیجنا ہوگا،منصوبے کے تحت مستقبل میں لاکھوں ڈیٹا سینٹرز خلا میں قائم کرنے کا تصور پیش کیا گیا ہے، تاہم اس کے لیے بڑے پیمانے پر راکٹ لانچنگ، توانائی کی فراہمی، خلائی ملبے اور تکنیکی چیلنجز سے نمٹنا بھی اہم ہوگا
یہ منصوبہ اگر عملی شکل اختیار کرتا ہے تو مصنوعی ذہانت کے مستقبل، عالمی ٹیکنالوجی کی دوڑ اور خلا میں تجارتی سرگرمیوں کے حوالے سے ایک غیر معمولی پیش رفت ثابت ہوسکتا ہے

قومی خبریں سے مزید