Chief Editor : Mohammad Afaq Farooqi
Contributing Editor : Ahmad Waqas Riaz

معاشرے میں بڑھتا تشدد، قصور میں بیٹی کے ہاتھوں پورے خاندان کا قتل، پاکستان میں امن و امان کا بحران اب گھروں کی چار دیواری تک پہنچ گیا

معاشرے میں بڑھتا تشدد، قصور میں بیٹی کے ہاتھوں پورے خاندان کا قتل، پاکستان میں امن و امان کا بحران اب گھروں کی چار دیواری تک پہنچ گیاقصور:قصور کے علاقے کنگن پور میں دو ہفتے قبل ایک ہی خاندان کے 5 افراد کے قتل کا معمہ حل ہونے کے بعد سامنے آنے والی تفصیلات نے پاکستانی معاشرے میں تیزی سے پھیلتے تشدد، سماجی ٹوٹ پھوٹ اور انسانی رشتوں کے زوال پر ایک بار پھر سنگین سوالات کھڑے کر دیے ہیں،ڈی پی او قصور کے مطابق قتل ہونے والوں میں والدین اور ان کے 3 بیٹے شامل تھے، جنہیں مبینہ طور پر ان کی بیٹی نے اپنے ایک ساتھی کے ساتھ مل کر کھیر میں زہریلی دوا ملا کر ہلاک کیا،پولیس کے مطابق ملزمہ نے پسند کی شادی نہ ہونے پر اس انتہائی اقدام کا اعتراف کیا ہے، جبکہ مقدمے میں نامزد دیگر ملزمان کی گرفتاری کے لیے چھاپے جاری ہیںیہ محض ایک خاندان کے قتل کا مقدمہ نہیں، بلکہ اس معاشرتی بحران کی ایک ہولناک تصویر بھی ہے جس میں تشدد اب گھروں، خاندانوں اور قریبی انسانی رشتوں کے اندر تک سرایت کرتا دکھائی دے رہا ہے،پاکستان میں بڑھتی ہوئی سیاسی کشیدگی، معاشی بدحالی، بے روزگاری، عدم تحفظ، سماجی بے چینی اور اداروں پر اعتماد کے بحران نے مجموعی معاشرتی ماحول کو شدید دباؤ سے دوچار کر رکھا ہے،ملک کے مختلف حصوں میں کہیں دہشت گردی ہے، کہیں مسلح بغاوت اور ریاستی اداروں کے ساتھ تصادم، کہیں سیاسی تقسیم اور کہیں جرائم پیشہ گروہوں کا تشدد،لیکن اس پورے منظرنامے میں سب سے بنیادی سوال یہ ہے کہ معاشرے میں امن، برداشت اور قانون کی بالادستی قائم کرنے کے لیے ریاست کی جامع حکمت عملی کہاں ہے؟امن و امان کے بحران کا ایک اور تشویش ناک پہلو پنجاب میں پولیس مقابلوں کے ذریعے مشتبہ ملزمان کی ہلاکتوں کا بڑھتا ہوا سلسلہ ہے،انسانی حقوق کمیشن پاکستان (HRCP) کے اعداد و شمار کے مطابق 15 اپریل 2025 سے 15 اکتوبر 2026 تک پنجاب کے کرائم کنٹرول ڈیپارٹمنٹ (CCD) سے منسوب پولیس مقابلوں میں 1,354 مشتبہ افراد ہلاک ہوئے، جبکہ اس دوران محکمے کے 4 اہلکار بھی جان سے گئے،انسانی حقوق کے حلقے ان کارروائیوں کے طریقہ کار اور قانونی حیثیت پر سنگین سوالات اٹھا رہے ہیں،نومبر 2026 میں شائع ہونے والی ایک تحقیقی رپورٹ میں ان اعداد و شمار کی تفصیل سامنے آئی ہےپنجاب میں حکومت کی جانب سے جرائم پیشہ گروہوں کے خاتمے اور پولیس کارروائیوں کو کامیابی کے طور پر پیش کیا جاتا ہے،وزیراعلیٰ مریم نواز بھی مختلف علاقوں میں جرائم پیشہ گروہوں کے خلاف کارروائیوں کا ذکر اپنی حکومتی کارکردگی کے طور پر کرتی پھر رہی ہیں،لیکن بنیادی سوال یہ ہے کہ کیا کسی گینگ کے خاتمے کا اعلان ہی قانون کی حکمرانی کا متبادل بن سکتا ہے؟ اگر کسی شخص پر سنگین جرم کا الزام ہے تو اسے گرفتار کرکے عدالت میں پیش کرنا، شواہد کے ذریعے جرم ثابت کرنا اور قانون کے مطابق سزا دلوانا ریاست کی ذمہ داری ہے،ماورائے عدالت ہلاکتوں کے الزامات کو حکومتی کامیابی کے طور پر پیش کرنے کے بجائے ان کی آزادانہ اور شفاف تحقیقات ہونی چاہئیں،کسی ملزم کے جرم کا فیصلہ پولیس مقابلے میں نہیں بلکہ عدالت میں ہونا چاہیےپاکستان کا بحران صرف پولیسنگ یا سکیورٹی آپریشنز کا بحران نہیں، یہ ایک وسیع تر سماجی، سیاسی اور معاشی بحران ہے،جب سیاسی اختلاف دشمنی میں بدل جائے، اداروں کے درمیان اعتماد ختم ہو، شہریوں کو انصاف کے حصول میں مشکلات کا سامنا ہو اور عام آدمی معاشی دباؤ کے نیچے زندگی گزار رہا ہو تو معاشرے میں عدم برداشت اور تشدد کے رجحانات کو تقویت ملتی ہے،اس کا مطلب یہ نہیں کہ ہر جرم کی وجہ معاشی بدحالی ہے یا کسی فرد کے قتل کو صرف سیاسی حالات سے سمجھا جا سکتا ہے، لیکن انفرادی جرائم اور اجتماعی معاشرتی حالات کے درمیان تعلق کو نظرانداز بھی نہیں کیا جا سکتامعاشی استحکام اور امن ایک دوسرے سے گہرے طور پر جڑے ہوئے ہیں،سرمایہ کاری، روزگار، کاروباری سرگرمیوں اور ترقی کے لیے امن و استحکام بنیادی شرائط ہیں،دوسری طرف مسلسل معاشی غیر یقینی، غربت، بے روزگاری اور مستقبل کے بارے میں مایوسی سماجی بے چینی میں اضافہ کرتی ہیں،اگر ریاست صرف طاقت کے استعمال سے امن قائم کرنے کی کوشش کرے گی اور سیاسی مفاہمت، معاشی بحالی، تعلیم، انصاف اور سماجی تحفظ کو نظرانداز کرتی رہے گی تو تشدد کے اسباب ختم نہیں ہوں گےپاکستان کو اس وقت محض سکیورٹی آپریشنز نہیں بلکہ ایک وسیع تر سوشیو پولیٹیکل سیٹلمنٹ کی ضرورت ہے،سیاسی قوتوں کے درمیان مفاہمت، آئین کی بالادستی، آزاد اور مؤثر عدالتی نظام، پولیس اصلاحات، معاشی بحالی اور شہریوں کے بنیادی حقوق کا تحفظ اس حکمت عملی کے لازمی اجزا ہونے چاہییںقصور میں ایک بیٹی کے ہاتھوں مبینہ طور پر اپنے والدین اور 3 بھائیوں کا قتل اس بات کی یاد دہانی ہے کہ معاشرتی تشدد کو صرف دہشت گردی، اسلحے یا جرائم پیشہ گروہوں تک محدود کرکے نہیں دیکھا جا سکتا،جب تشدد انسانی رشتوں کے اندر جگہ بنانے لگے تو ریاست اور معاشرے دونوں کو اپنے رویوں اور ترجیحات پر نظرثانی کرنا پڑتی ہے،اگر پاکستان نے سیاسی، سماجی اور معاشی بحران کا پائیدار حل تلاش نہ کیا اور انصاف کے بجائے طاقت کو امن کا بنیادی ذریعہ سمجھنے کا سلسلہ جاری رکھا تو آنے والے دنوں میں یہ منظرنامہ مزید خوفناک ہو سکتا ہے

قومی خبریں سے مزید