Chief Editor : Mohammad Afaq Farooqi
Contributing Editor : Ahmad Waqas Riaz

ٹیکساس میں ریپبلکن پارٹی کی انتخابی شکست کے بعد نوجوان رہنماؤں کا اپنی قیادت کو پیغام، ’’بچگانہ سیاست چھوڑو، اب بالغوں کی طرح سوچنے اور آگے بڑھنے کا وقت ہے‘‘

ٹیکساس میں ریپبلکن پارٹی کی انتخابی شکست کے بعد نوجوان رہنماؤں کا اپنی قیادت کو پیغام، ’’بچگانہ سیاست چھوڑو، اب بالغوں کی طرح سوچنے اور آگے بڑھنے کا وقت ہے‘‘

فورٹ ورتھ، ٹیکساس: امریکہ میں مڈٹرم انتخابات میں ریپبلکن پارٹی کی بڑی شکست کے بعد خود پارٹی کے نوجوان رہنماؤں نے اپنی قیادت اور سیاسی طرزِ عمل پر سوالات اٹھانا شروع کردیے ہیں،ٹیکساس میں نوجوان ریپبلکن کارکنوں کے ایک اجتماع میں مطالبہ کیا گیا کہ پارٹی الزام تراشی، سوشل میڈیا کے سیاسی مذاق، مخالفین کی تضحیک اور محض جذباتی نعروں کی سیاست سے باہر نکل کر سنجیدہ سیاسی حکمت عملی اختیار کرے
ایسوسی ایٹڈ پریس (اے پی) کے مطابق مڈٹرم انتخابات کے تین ہفتے بعد پیر کی شب ٹیکساس کے شہر فورٹ ورتھ میں ایک بریوری میں نوجوان ریپبلکن کارکنوں کے کئی درجن نمائندے جمع ہوئے،اس اجتماع کا اہتمام ٹیرنٹ کاؤنٹی ینگ ریپبلکنز نے کیا تھا، جو ریاست کی ایک مقامی سیاسی تنظیم ہے،اجلاس کا مقصد انتخابی شکست کے اسباب کا جائزہ لینا اور پارٹی کے مستقبل کے لیے نئی سمت تلاش کرنا تھا
یہ اجتماع ایسے وقت میں ہوا جب ٹیرنٹ کاؤنٹی، جو طویل عرصے سے ریپبلکن پارٹی کا مضبوط سیاسی مرکز سمجھی جاتی تھی، حالیہ انتخابات میں ڈیموکریٹس کے حق میں چلی گئی،تنظیم کی سابق سربراہ نے بھی مڈٹرم انتخابات سے کچھ عرصہ قبل اپنے عہدے سے استعفیٰ دے دیا تھا،ان کے مطابق وہ اپنی پارٹی کے بعض امیدواروں کو ووٹ دینے پر آمادہ نہیں تھیں
ٹیکساس ینگ ریپبلکن فیڈریشن کے سربراہ ڈیرک ولسن نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہر شخص شکست کا ذمہ دار کسی دوسرے کو قرار دے رہا ہے، لیکن کوئی اپنی غلطیوں کی طرف انگلی نہیں اٹھاتا،ان کے بقول پارٹی کو اس الزام تراشی سے آگے بڑھ کر یہ سمجھنا ہوگا کہ اس سے کہاں غلطی ہوئی
حالیہ انتخابات میں ڈیموکریٹس نے ٹیکساس کی سینیٹ کی نشست اور گورنر کا عہدہ دونوں جیت لیے، جو تین دہائیوں سے زیادہ عرصے میں ریاست میں پارٹی کی پہلی بڑی ریاست گیر کامیابیاں قرار دی جارہی ہیں،اس تبدیلی نے ریپبلکن پارٹی کے ان حلقوں میں بھی تشویش پیدا کردی ہے جو طویل عرصے سے ٹیکساس کو اپنی محفوظ سیاسی ریاست سمجھتے رہے ہیں
اجلاس میں شریک نوجوان ریپبلکنز کا کہنا تھا کہ پارٹی کی سیاست اب محض ڈیموکریٹس کو شکست دینے، ان کا مذاق اڑانے اور سوشل میڈیا پر مخالفین کو نیچا دکھانے تک محدود نہیں رہنی چاہیے،بعض شرکا نے کہا کہ وہ مخالف سیاسی جماعت کو اشتعال دلانے اور اس کے حامیوں کی تضحیک کرنے کے انداز سے اکتا چکے ہیں،ان کے نزدیک انٹرنیٹ میمز اور طنزیہ سیاسی پیغامات انتخابی حکمت عملی کا متبادل نہیں ہوسکتے
اجتماع میں پارٹی کے مستقبل کے راستے پر مکمل اتفاق رائے نہیں تھا، تاہم متعدد نوجوان رہنماؤں نے اس بات پر اتفاق کیا کہ ریپبلکنز کو اپنی سیاسی ترجیحات، عوام سے رابطے اور انتخابی پیغام رسانی پر نظرثانی کرنا ہوگی
اس بحث کا ایک اہم پہلو یہ بھی ہے کہ نوجوان ریپبلکن کارکن اپنی پارٹی کو صرف انتخابی شکست سے نکالنے کی بات نہیں کررہے بلکہ اس کے سیاسی رویے اور عوام کے سامنے پیش کیے جانے والے بیانیے میں تبدیلی چاہتے ہیں،ان کے نزدیک پارٹی کو مخالفین پر حملوں کے بجائے عوامی مسائل، پالیسیوں اور حکومتی کارکردگی پر توجہ دینا ہوگی
ٹیکساس میں نوجوان ریپبلکنز کی یہ آواز ایک ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب مڈٹرم انتخابات کے نتائج نے دونوں بڑی جماعتوں کے لیے امریکی سیاست میں بدلتے ہوئے رجحانات کی اہمیت واضح کردی ہے،تاہم یہ ابھی واضح نہیں کہ نوجوان کارکنوں کی جانب سے تبدیلی کا یہ مطالبہ پارٹی کی قومی قیادت اور آئندہ انتخابی حکمت عملی میں کس حد تک جگہ بنا پائے گام، ینگ ریپبلکن کے اجتماع نے کہا ہے
پارٹی کو ٹرمپ کی شخصیت سے غیر معمولی وفاداری کے بجائے ایک واضح اور اصولی قدامت پسند سیاسی منشور پر توجہ دینی چاہیے
مہنگائی اور رہائش کے اخراجات کم کرنے کے عملی اقدامات کیے جائیں تاکہ نوجوان گھر خرید سکیں اور خاندان شروع کرسکیں
تارکین وطن اور اسقاط حمل کرانے والی خواتین سے اختلاف کے باوجود ان کے انسانی وقار کا احترام کیا جائے
پارٹی کو مالیاتی اور سماجی قدامت پسندی کی بنیادی اقدار کی طرف واپس آنا چاہیے اور 2028ء کے انتخابات سے پہلے نوجوان ووٹروں کی بات سننی چاہیے
ٹرمپ کی سخت گیر اور مخالفین کی تضحیک پر مبنی سیاست سے آگے بڑھ کر ایک سنجیدہ سیاسی تحریک بنائی جائے
اجلاس میں ایک مختلف اور سخت گیر آواز بھی سامنے آئی،سابق میرین اسٹیفن نیسبٹ نے کہا کہ ریپبلکن پارٹی کو مزید سخت ہونا چاہیے اور اس نے غیر عیسائیوں، تارکین وطن اور کمیونسٹوں کو دشمن قرار دیا،تاہم اے پی کے مطابق یہ مؤقف اجلاس میں انٹرویو کیے گئے افراد کی اکثریتی رائے نہیں تھا، اجلاس میں ایک 25 سالہ نوجوان ٹریور کار نے کہا کہ ٹرمپ کا دس سال پہلے نظام کو ہلانے کا انداز اپنا مقصد پورا کرچکا ہے، اب وقت آگیا ہے کہ پارٹی ایک سنجیدہ سیاسی تحریک بنے

قومی خبریں سے مزید