ٹرمپ اور نومنتخب سینیٹر عبدالعزیز السید کے درمیان میڈیکیئر فار آل پر مذاکرات کا امکان، صدر نے ملاقات کا اعلان کردیا، امریکی صحت کے نظام میں بڑی تبدیلی پر بات چیت ہوگی
واشنگٹن: صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے مشی گن سے نومنتخب ڈیموکریٹ سینیٹر ڈاکٹر عبدالعزیز السید سے ملاقات کرنے کا ارادہ ظاہر کیا ہے، جس میں تمام امریکی شہریوں کو حکومتی سرپرستی میں صحت کی سہولتیں فراہم کرنے کے مجوزہ منصوبے ’’میڈیکیئر فار آل‘‘ (Medicare for All) پر تبادلہ خیال کیا جائے گا
یو ایس اے ٹوڈے کے مطابق ٹرمپ نے 24 نومبر کو نیویارک پوسٹ کو انٹرویو دیتے ہوئے کہا کہ وہ السید سے ملاقات کریں گے اور ممکن ہے کہ اس معاملے پر دونوں فریق کسی درمیانی راستے پر پہنچ سکیں،ٹرمپ نے نومنتخب سینیٹر کی اس کوشش کو بھی سراہا جس کے تحت انہوں نے اپنے انتخابی منشور میں میڈیکیئر فار آل کے منصوبے کو ’’ٹرمپ کیئر‘‘ (Trumpcare) کا نام دے کر صدر کی توجہ حاصل کرنے کی کوشش کی تھی
ٹرمپ نے السید کے بارے میں کہا کہ انہوں نے اچھی کوشش کی ہے اور وہ اس معاملے کو سمجھتے ہیں،صدر کے مطابق دونوں کے درمیان ملاقات میں کسی مشترکہ حل کے امکانات پر بات ہوسکتی ہے
مشی گن سے نومنتخب سینیٹر ڈاکٹر عبدالسید ایک ڈاکٹر اور سابق سرکاری عہدیدار ہیں، جنہوں نے اپنی انتخابی مہم میں سب کے لیے صحت کی سہولتوں کو بنیادی انتخابی وعدہ بنایا تھا،وہ چاہتے ہیں کہ امریکہ میں ہر شہری کو پیدائش سے موت تک صحت کی سہولتیں حاصل ہوں، خواہ اس کی آمدنی یا ملازمت کی حیثیت کچھ بھی ہو
انہوں نے رواں ماہ سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر ایک سنہری کارڈ کی تصویر شیئر کی تھی جس پر ’’ٹرمپ کیئر‘‘ درج تھا،اس کے ساتھ انہوں نے صدر ٹرمپ سے مطالبہ کیا تھا کہ وہ ہر امریکی کو زندگی بھر صحت کی ضمانت فراہم کرنے کے منصوبے کی حمایت کریں،ٹرمپ نے اس پوسٹ کو دوبارہ شیئر کرکے اس تجویز میں دلچسپی کا اظہار کیا تھا
عبدالسید نے اس سے قبل اے بی سی کے پروگرام ’’دِس ویک‘‘ میں گفتگو کرتے ہوئے کہا تھا کہ وہ صدر ٹرمپ سمیت کسی بھی سیاسی جماعت کے رہنما سے ملاقات کے لیے تیار ہیں، بشرطیکہ اس سے ان کے انتخابی وعدوں پر پیش رفت ہوسکے،ان کے تین بنیادی انتخابی اہداف سیاست سے دولت کا اثر کم کرنا، عوام کی جیب میں زیادہ پیسہ پہنچانا اور میڈیکیئر فار آل کا نفاذ ہیں
اس مجوزہ منصوبے کے تحت موجودہ امریکی صحت کے نظام میں بنیادی تبدیلی لانا مقصود ہے،اس وقت میڈیکیئر بنیادی طور پر 65 سال یا اس سے زیادہ عمر کے افراد اور بعض معذور شہریوں کو صحت کی سہولتیں فراہم کرتا ہے، جبکہ میڈیکیئر فار آل کے تصور میں تمام امریکیوں کے لیے حکومتی سرپرستی میں صحت کی کوریج شامل ہے،اس نظام میں نجی انشورنس پر انحصار کم کرنے اور صحت کی بنیادی سہولتوں کو ہر شہری کا حق بنانے کی تجویز دی جاتی ہے
تاہم اس منصوبے کے اخراجات، ٹیکسوں میں ممکنہ اضافے، نجی ہیلتھ انشورنس کمپنیوں کے کردار اور موجودہ صحت کے نظام کی منتقلی کے طریقۂ کار پر امریکی سیاست میں اختلاف پایا جاتا ہے،اس لیے ٹرمپ اور عبدالسید کی ممکنہ ملاقات کو کسی معاہدے یا منصوبے کی منظوری نہیں سمجھا جاسکتا
دونوں رہنماؤں کے درمیان یہ ممکنہ ملاقات انتخابی مہم کے دوران ہونے والی سخت سیاسی کشیدگی کے بعد سامنے آئی ہے،ٹرمپ نے انتخابی مہم میں عبدالسید کے مذہب اور پس منظر کو بھی تنقید کا نشانہ بنایا تھا، جبکہ عبدالسید ٹرمپ انتظامیہ کی پالیسیوں کے سخت ناقد رہے ہیں
اب صورتحال یہ ہے کہ نومبر کے مڈٹرم انتخابات میں ڈیموکریٹس کی کامیابی کے بعد جنوری میں کانگریس کے دونوں ایوانوں میں پارٹی کو اکثریت حاصل ہوگی،اس نئے سیاسی منظرنامے میں ٹرمپ کو قانون سازی کے لیے ڈیموکریٹک قیادت کے ساتھ معاملات طے کرنا ہوں گے
ٹرمپ نے نیویارک پوسٹ کو بتایا کہ وہ ڈیموکریٹس کے ساتھ بڑے معاملات پر کام کرنے کے لیے تیار ہیں، تاہم انہوں نے یہ بھی کہا کہ ابتدا میں اختلافات اور قانون سازی پر ویٹو کی صورت حال پیدا ہوسکتی ہے، جس کے بعد مذاکرات کی ضرورت پیش آئے گی
فی الحال ملاقات کی کوئی تاریخ طے نہیں کی گئی اور نہ ہی میڈیکیئر فار آل کے حوالے سے کسی عملی معاہدے کا اعلان ہوا ہے،تاہم صدر ٹرمپ کی جانب سے اس منصوبے پر بات چیت کے لیے آمادگی امریکی صحت کی پالیسی میں ایک اہم سیاسی پیش رفت ہے






