ٹرمپ نے نیویارک کے سابق میئر روڈی جولیانی کو صدارتی تمغۂ آزادی دے دیا، 9/11 کے بعد ’’امریکہ کے میئر‘‘ کا خطاب پانے والے رہنما کی متنازعہ سیاسی زندگی پھر موضوعِ بحث
واشنگٹن: صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے منگل کے روز نیویارک سٹی کے سابق میئر روڈی جولیانی کو امریکہ کا اعلیٰ ترین شہری اعزاز ’’صدارتی تمغۂ آزادی‘‘ (Presidential Medal of Freedom) پیش کر دیا،جولیانی 2020 کے صدارتی انتخابات کے بعد ٹرمپ کے ذاتی وکیل اور قریبی سیاسی ساتھی کے طور پر بھی کام کر چکے ہیں
ٹائم میگزین کے مطابق جولیانی نے اس اعزاز پر خوشی اور تشکر کا اظہار کرتے ہوئے کہا تھا کہ وہ اس اعتراف پر انتہائی عاجزی اور فخر محسوس کر رہے ہیں
روڈی جولیانی نیویارک میں بطور پراسیکیوٹر نمایاں ہوئے اور 1993 میں ریپبلکن امیدوار کی حیثیت سے نیویارک سٹی کے میئر منتخب ہوئے،11 ستمبر 2001 کے دہشت گرد حملوں کے دوران شہر کی قیادت اور ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے باعث انہیں ’’امریکہ کا میئر‘‘ (America’s Mayor) کا لقب دیا گیا،2007 میں انہوں نے صدارتی انتخاب لڑنے کا اعلان کیا، تاہم جنوری 2008 میں فلوریڈا کے ریپبلکن پرائمری انتخابات میں تیسرے نمبر پر آنے کے بعد اپنی مہم ختم کر دی
بعد ازاں جولیانی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے قریبی اتحادی بن گئے،انہوں نے پہلے ان کے مشیر اور پھر ذاتی وکیل کی حیثیت سے خدمات انجام دیں
2020 کے صدارتی انتخابات کے بعد جولیانی نے ٹرمپ کی جانب سے انتخابی نتائج تبدیل کرانے کی کوششوں میں اہم کردار ادا کیا،انہوں نے کئی ریاستوں میں بڑے پیمانے پر انتخابی دھاندلی کے الزامات اٹھائے، تاہم ان دعوؤں کے حق میں قابلِ اعتماد شواہد پیش نہیں کیے جا سکے
جولیانی کا نام ٹرمپ کے انتخابی نتائج تبدیل کرانے کی کوششوں سے متعلق وفاقی تحقیقات میں بھی سامنے آیا اور انہیں اس مقدمے میں غیرملزم شریک سازش کار (Unindicted Co-conspirator) کے طور پر شناخت کیا گیا، تاہم اس حیثیت کا مطلب یہ نہیں کہ انہیں اس وفاقی مقدمے میں باقاعدہ ملزم قرار دیا گیا تھا
روڈی جولیانی کو صدارتی تمغۂ آزادی دینے کا فیصلہ اس وقت سامنے آیا ہے جب ان کی سیاسی زندگی کے دو مختلف پہلو، 9/11 کے بعد نیویارک کی قیادت اور 2020 کے انتخابات کے بعد ٹرمپ کی انتخابی نتائج چیلنج کرنے کی مہم میں ان کا کردار، ایک مرتبہ پھر امریکی سیاست میں زیرِ بحث ہیں






