ٹرمپ کا ڈیموکریٹس کے کانگریس پر قبضے کے باوجود طاقت کا مظاہرہ، بے اختیار و بے بس صدر کا تصور ختم ہوگیا ؟
واشنگٹن: صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے امریکی ٹیکنالوجی کمپنی Nvidia کے چیف ایگزیکٹو جینسن ہوانگ کی اپنے عہدے پر واپسی کے لیے غیر معمولی مداخلت کرکے واضح کر دیا ہے کہ نومبر کے مڈٹرم انتخابات میں ریپبلکن پارٹی کی شکست اور جنوری میں کانگریس کا کنٹرول ڈیموکریٹس کو منتقل ہونے کے باوجود ان کا سیاسی اور انتظامی اثرورسوخ برقرار ہے،ٹرمپ نے نہ صرف ہوانگ کی واپسی کے حق میں کھل کر مہم چلائی بلکہ اپنی انتظامیہ کے اعلیٰ عہدیداروں کو بھی کمپنی کے بورڈ کو قائل کرنے کے لیے متحرک کیا، جس کے نتیجے میں بورڈ نے اپنا سابقہ فیصلہ تبدیل کرتے ہوئے 23 نومبر کو ہوانگ کو دوبارہ کمپنی کا صدر اور چیف ایگزیکٹو مقرر کر دیا
جینسن ہوانگ کی واپسی کا معاملہ اس وقت غیر معمولی اہمیت اختیار کر گیا تھا جب ان کے ذاتی تعلقات، مبینہ غیر ازدواجی معاملات اور چین کی انٹیلی جنس سے روابط رکھنے کے شبہے میں آنے والی ایک خاتون کے ساتھ تعلقات سے متعلق انکشافات کے بعد Nvidia کے بورڈ نے ان کی واپسی کے امکانات مسترد کر دیے تھے،ہوانگ نے 12 نومبر کو اپنے عہدے سے استعفیٰ دیا تھا،ان کے خلاف سامنے آنے والے انکشافات میں ایک ایسی کاروباری خاتون کے ساتھ تعلقات کا معاملہ بھی شامل تھا جس کے بارے میں امریکی حکام کو شبہ ہے کہ اس کے چینی انٹیلی جنس سے روابط ہو سکتے ہیں،دوسری جانب Nvidia کی ایک خاتون ملازمہ کے ساتھ مبینہ تعلقات کی اطلاعات بھی سامنے آئیں
رائٹرز کے مطابق کمپنی کے بورڈ نے ابتدا میں ہوانگ کی واپسی پر غور کرنے سے انکار کیا تھا، لیکن صدر ٹرمپ نے جمعے کو ایک پریس کانفرنس میں ان کی حمایت کرتے ہوئے واپسی کے حق میں بھرپور موقف اختیار کیا،اس کے بعد ہفتے اور اتوار کے دوران نائب صدر جے ڈی وینس اور انتظامیہ کے اہم عہدیداروں نے کمپنی کے بورڈ کے ارکان سے رابطے کیے اور انہیں ہوانگ کی بحالی پر قائل کرنے کی کوشش کی،بالآخر پیر کو امریکی اسٹاک مارکیٹ کھلنے سے کچھ دیر پہلے Nvidia نے اعلان کیا کہ بورڈ نے متفقہ طور پر جینسن ہوانگ کو دوبارہ صدر، چیف ایگزیکٹو اور بورڈ ڈائریکٹر مقرر کرنے کا فیصلہ کیا ہے
ٹرمپ نے اس فیصلے کو اپنی کامیابی قرار دیتے ہوئے امریکی ٹیلی ویژن چینل CNBC کو تقریباً ایک گھنٹے کے انٹرویو میں کہا کہ کمپنی کے بورڈ نے وہی فیصلہ کیا جو انتظامیہ چاہتی تھی،ان کے مطابق بورڈ کا ایک بنیادی سوال یہ تھا کہ کیا ہوانگ کی واپسی سے قومی سلامتی کو کوئی خطرہ لاحق ہو سکتا ہے،ٹرمپ نے کہا کہ انتظامیہ نے تفصیلی تحقیق کے بعد یہ نتیجہ اخذ کیا کہ ہوانگ کی واپسی سے قومی سلامتی کا کوئی مسئلہ پیدا نہیں ہوگا۔ انہوں نے انہیں امریکہ کا ایک قومی اثاثہ قرار دیتے ہوئے ان کی صلاحیتوں کی تعریف کی
Nvidia کے بورڈ کے چیئرمین ہاروی جونز نے بھی کہا کہ کمپنی کو اعلیٰ سطح پر امریکی حکومت کی جانب سے معلومات اور آرا فراہم کی گئیں، جن کی بنیاد پر بورڈ اس نتیجے پر پہنچا کہ ہوانگ کی واپسی سے قومی سلامتی کو خطرہ نہیں ہوگا،کمپنی کے مطابق ہوانگ کے ساتھ بات چیت اور ان کے موقف کا جائزہ لینے کے بعد بورڈ نے ان کی قیادت پر اعتماد کا اظہار کیا
اس فیصلے کے بعد مالیاتی منڈیوں میں بھی زبردست ردعمل دیکھنے میں آیا،Nvidia کے حصص میں 31.5 فیصد اضافہ ہوا اور کمپنی کی مارکیٹ ویلیو میں تقریباً ایک ٹریلین ڈالر کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا، اگرچہ حصص کی قیمت ہوانگ کے استعفے سے پہلے کی سطح سے کم رہی،اس پیش رفت نے مصنوعی ذہانت کی عالمی صنعت میں Nvidia کی مرکزی حیثیت اور اس کے سربراہ کی اہمیت کو ایک مرتبہ پھر نمایاں کر دیا
تاہم ہوانگ کی واپسی نے امریکی سیاست میں ایک نیا تنازع بھی کھڑا کر دیا ہے،ڈیموکریٹس نے اعلان کیا ہے کہ جنوری میں کانگریس کا کنٹرول سنبھالنے کے بعد وہ اس معاملے کی تحقیقات کریں گے،ان کا کہنا ہے کہ ایک ایسی نجی کمپنی کے سربراہ کی بحالی میں صدر کی براہ راست مداخلت، جس کے کاروبار اور ٹیکنالوجی کا تعلق امریکی قومی سلامتی سے ہے، غیر معمولی سوالات کو جنم دیتی ہے،ہوانگ آئندہ ہفتے سینیٹ کی ایک سماعت میں بھی پیش ہونے والے ہیں، جبکہ ان کی گواہی کی تاریخ 3 دسمبر مقرر کی گئی ہے
ریپبلکن پارٹی کے بعض اہم رہنماؤں نے بھی ٹرمپ کے فیصلے پر تحفظات کا اظہار کیا ہے،سینیٹ کے اکثریتی رہنما جان تھون نے خبردار کیا کہ چین کو امریکہ کی جدید ترین کمپیوٹر چپس تک رسائی دینا قومی سلامتی کے لیے بڑا خطرہ بن سکتا ہے،انہوں نے برآمدی پابندیوں کو سخت کرنے کے اقدامات کا عندیہ بھی دیا،سابق ریپبلکن اسپیکر نیوٹ گنگرچ نے بھی سوشل میڈیا پر اس فیصلے پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ کانگریس کو اس معاملے کی قومی سلامتی کے تناظر میں گہرائی سے تحقیقات کرنی چاہئیں
ٹرمپ کی یہ مداخلت امریکی کمپنیوں کے انتظامی اور کاروباری فیصلوں میں ان کی وسیع تر پالیسی کا تسلسل بھی سمجھی جا رہی ہے،اس سے قبل انہوں نے جاپانی کمپنی نیپون اسٹیل کی جانب سے امریکی کمپنی یو ایس اسٹیل کو 14.9 ارب ڈالر میں خریدنے کے معاملے میں مداخلت کی تھی،اس معاہدے کے نتیجے میں امریکی حکومت کو کمپنی کے بورڈ میں اپنا نمائندہ نامزد کرنے اور بعض اہم پیداواری فیصلوں، پلانٹس کی بندش، پیداوار میں کمی اور ملازمتوں کو بیرون ملک منتقل کرنے جیسے معاملات پر غیر معمولی اختیارات حاصل ہوئے
اسی طرح ٹرمپ انتظامیہ نے گزشتہ سال مالی مشکلات کا شکار امریکی چپ ساز کمپنی انٹیل میں 10 فیصد حصص حاصل کیے تھے،اس معاہدے کے تحت حکومت کی جانب سے دی جانے والی بعض گرانٹس کو کمپنی میں حصص کی ملکیت میں تبدیل کیا گیا، جس سے امریکی حکومت انٹیل کی سب سے بڑی شیئر ہولڈر بن گئی،اس سے پہلے ٹرمپ نے انٹیل کے سربراہ لپ بو تان سے چین کے ساتھ مبینہ تعلقات کی بنیاد پر استعفیٰ دینے کا مطالبہ بھی کیا تھا
Nvidia کے حوالے سے بھی ٹرمپ انتظامیہ نے ایک معاہدہ کیا تھا جس کے تحت کمپنی کو اپنے H20 چپس چین کو فروخت کرنے کی اجازت دی گئی، جبکہ ان فروخت سے حاصل ہونے والی آمدنی کا 15 فیصد امریکی حکومت کو دینے پر اتفاق ہوا،دوسری جانب پینٹاگون نے نایاب معدنیات سے متعلق کمپنی ایم پی میٹیریلز میں سب سے بڑا شیئر ہولڈر بننے کے لیے بھی معاہدہ کیا، جس کا مقصد جدید ٹیکنالوجی اور دفاعی صنعت کے لیے اہم نایاب دھاتوں اور میگنےٹس کی پیداوار بڑھانا تھا
رائٹرز کے مطابق Nvidia کے معاملے میں ٹرمپ کی مداخلت اس لیے بھی زیادہ غیر معمولی ہے کہ یہ صرف کسی کاروباری معاہدے یا حکومتی سرمایہ کاری تک محدود نہیں رہی بلکہ صدر نے ایک کھربوں ڈالر مالیت کی کمپنی کے بورڈ کے اس فیصلے کو تبدیل کرانے میں براہ راست کردار ادا کیا کہ اس کا سربراہ کون ہونا چاہیے،مصنوعی ذہانت کی عالمی دوڑ میں امریکہ اور چین کے درمیان بڑھتے ہوئے مقابلے کے باعث اس معاملے کو قومی سلامتی، ٹیکنالوجی کی برتری اور سیاسی اثرورسوخ کے تناظر میں دیکھا جا رہا ہے
ڈیموکریٹس کی جانب سے جنوری میں تحقیقات شروع کرنے کے اعلان اور ہوانگ کی سینیٹ میں پیشی کے پیش نظر یہ تنازع ابھی ختم ہوتا دکھائی نہیں دیتا،ٹرمپ نے ایک بار پھر ثابت کیا ہے کہ کانگریس میں اپنی جماعت کی اکثریت کھونے کے باوجود وہ امریکی سیاست، کاروبار اور قومی سلامتی سے متعلق بڑے فیصلوں پر اثرانداز ہونے کی صلاحیت رکھتے ہیں






