لاہور میں مولانا فضل الرحمٰن کا مبینہ محاصرہ، گھر سے نکلنے پر پابندی، 3 ہزار پولیس اہلکار تعینات، وکلا سے ویڈیو خطاب میں ریاستی جبر اور معدنی وسائل پر سخت تنقید
لاہور: جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمٰن پیر کی شب لاہور پہنچے، تاہم منگل کو لاہور ہائی کورٹ بار ایسوسی ایشن کے آل پارٹیز سیمینار میں شرکت کے لیے روانہ ہونے سے قبل ان کی رہائش گاہ کے باہر پولیس کی بھاری نفری تعینات کر دی گئی، جس کے باعث وہ تقریب میں براہ راست شرکت نہ کرسکے،مولانا نے ویڈیو لنک کے ذریعے وکلا سے خطاب کرتے ہوئے دعویٰ کیا کہ وہ ریاستی حصار میں ہیں، لاہور کے مختلف راستوں پر ناکے اور رکاوٹیں قائم ہیں اور انہیں ایک علمی و سیاسی اجتماع میں شرکت سے روکا گیا ہے،ان کی جماعت نے الزام لگایا کہ رہائش گاہ کو پولیس نے گھیرے میں لے کر ان کی نقل و حرکت محدود کردی، جبکہ پولیس حکام کی جانب سے تعیناتی کو سکیورٹی انتظامات قرار دیا گیا ہے
مولانا فضل الرحمٰن لاہور ہائی کورٹ بار ایسوسی ایشن کی دعوت پر وکلا کے آل پارٹیز سیمینار میں ملکی سیاسی صورتحال پر اظہار خیال کرنے پہنچے تھے،جمعیت علمائے اسلام کے ترجمان حافظ غضنفر عزیز کے مطابق رہائش گاہ کے اطراف تقریباً 3 ہزار پولیس اہلکار تعینات کیے گئے اور سوسائٹی کے مرکزی داخلی راستے پر کنٹینر لگا کر آمدورفت محدود کردی گئی۔ جماعت کا دعویٰ ہے کہ اس صورت حال کے باعث مولانا کو گھر سے باہر نکلنے اور سیمینار میں شرکت سے روک دیا گیا
مولانا فضل الرحمٰن نے اپنے ویڈیو خطاب میں لاہور ہائی کورٹ بار ایسوسی ایشن کے صدر، کابینہ، وکلا اور دعوت دینے والے تمام ارکان کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ انہیں افسوس ہے کہ ریاستی رکاوٹوں کے باعث وہ براہ راست خطاب نہیں کرسکے،ان کا کہنا تھا کہ پورا لاہور ریاستی رکاوٹوں سے بھرا ہوا ہے، راستے بند ہیں اور جگہ جگہ ناکے قائم ہیں، ایک پُرامن شہری کو دانشوروں کی محفل میں جانے سے روکا جا رہا ہے،انہوں نے کہا کہ ان شاء اللہ یہ حصار ٹوٹیں گے اور رکاوٹیں دور ہوں گی، کیونکہ جبر کو کبھی دوام حاصل نہیں ہوتا، جبکہ صبر کو تاریخ میں ہمیشہ دوام حاصل رہا ہے
مولانا نے کہا کہ جمعیت علمائے اسلام امن کی داعی اور پرچارک جماعت ہے اور قیام امن کے لیے اس نے ہمیشہ قربانیاں دی ہیں،انہوں نے کہا کہ وہ کسی حکمران یا ریاستی ادارے سے وطن سے وفاداری کا سرٹیفکیٹ لینے نہیں آئے، ان کی وفاداریاں شک و شبہے سے بالاتر ہیں، جبکہ بعض قوتوں کی وفاداری اور کردار پر سوالات اٹھتے ہیں،انہوں نے الزام عائد کیا کہ ملک اور آئین کے خلاف سازشیں کی جا رہی ہیں جو ان شاء اللہ بے نقاب ہوں گی،ان کا کہنا تھا کہ جمعیت کا ہر کارکن استقامت کے ساتھ کھڑا ہے اور جبر کے سامنے سر جھکانے کو تیار نہیں
مولانا فضل الرحمٰن نے 26 نومبر کو سرگودھا میں جمعیت علمائے اسلام کے مجوزہ بڑے جلسے اور کانفرنس کا اعلان کرتے ہوئے کارکنوں اور عوام سے اسے کامیاب بنانے کی اپیل کی،ان کے مطابق سرگودھا ڈویژن میں جماعت کے کارکنوں کو دباؤ اور ریاستی کارروائیوں کا سامنا ہے، کاروبار بند کرائے جا رہے ہیں، دکانیں سیل کی جا رہی ہیں اور بھکر، میانوالی، خوشاب اور سرگودھا میں کارکنوں کی گرفتاریاں اور تعاقب کیا جا رہا ہے،انہوں نے کہا کہ رکاوٹوں کے باوجود سرگودھا کانفرنس ہر صورت منعقد کی جائے گی اور عوام آئین کی بالادستی، قانون کی عملداری اور جمہوریت کی پاسداری کے لیے اجتماع میں شرکت کریں
انہوں نے کہا کہ وہ عوام کے حقوق، پاکستان اور ریاست کا مقدمہ لڑ رہے ہیں اور اس وقت قومی و ملی وحدت کی ضرورت ہے، ہر پاکستانی شہری کو اپنے فرائض ادا کرنے چاہئیں،مولانا کے مطابق ان کے خلاف ریاستی قوتوں کے رویوں میں شدت اس وقت آئی جب انہوں نے قبائلی علاقوں میں معدنی ذخائر کے حوالے سے بعض قوتوں کے کردار کو بے نقاب کیا،انہوں نے خیبر پختونخوا، بلوچستان، گوادر، سندھ، ساحلی علاقوں اور پنجاب کے عوام کے حقوق کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ معدنی ذخائر عوام کی ملکیت ہیں، نہ وفاق یا کسی طاقتور ادارے کی، اور وہ عوام کے وسائل لوٹنے کی اجازت کسی کو نہیں دے سکتے
مولانا فضل الرحمٰن نے کہا کہ وہ صبر کا دامن تھامے ہوئے ہیں لیکن اپنے مؤقف پر استقامت کے ساتھ قائم رہیں گے،انہوں نے دوبارہ لاہور ہائی کورٹ بار ایسوسی ایشن کے منتظمین اور وکلا کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ریاستی جبر اور رکاوٹوں نے انہیں براہ راست مخاطب ہونے سے محروم رکھا، تاہم امید ہے کہ زندگی رہی تو ملاقات ہوگی، لاہور ہائی کورٹ میں مولانا فضل الرحمٰن کی مبینہ ناکہ بندی اور رہائش گاہ کے محاصرے کے خلاف درخواست بھی دائر کردی گئی ہے،درخواست گزار وکیل ابرار حسین کے مطابق تقریباً 3 ہزار پولیس اہلکار تعینات کرکے مولانا کی نقل و حرکت محدود کی گئی، تاہم انہیں کسی ایسے قانونی حکم کی نقل فراہم نہیں کی گئی جس کے تحت ان کی گرفتاری یا نظر بندی کی اجازت دی گئی ہو،درخواست میں پولیس کو مبینہ محاصرہ ختم کرنے کی ہدایت دینے کی استدعا کی گئی ہے، لیکن درخواست تاحال سماعت کے لیے مقرر نہیں ہوئی
دوسری جانب لاہور میں 24 سے 26 نومبر تک دفعہ 144 نافذ کی گئی ہے، جس کے تحت عوامی مقامات پر پانچ یا اس سے زائد افراد کے اجتماعات، ریلیوں، جلوسوں، مظاہروں اور دھرنوں پر پابندی عائد ہے،انتظامیہ نے اس اقدام کی وجہ امن و امان اور ممکنہ دہشت گردی کے خطرات قرار دیے ہیں، جبکہ جے یو آئی کا مؤقف ہے کہ انہی پابندیوں اور پولیس کارروائیوں کو مولانا فضل الرحمٰن کی نقل و حرکت روکنے کے لیے استعمال کیا جا رہا ہے
مولانا کی لاہور آمد ایسے وقت میں ہوئی ہے جب وہ حالیہ دنوں میں فوجی قیادت، خیبر پختونخوا میں ممکنہ گورنر راج اور قبائلی و دیگر علاقوں کے معدنی وسائل کے معاملات پر سخت تنقید کرتے رہے ہیں،جے یو آئی نے کارکنوں کی گرفتاریوں، کاروبار اور دکانوں کو بند یا سیل کرنے اور مختلف علاقوں میں پولیس کارروائیوں کا بھی الزام لگایا ہے، جبکہ جماعت نے اعلان کیا ہے کہ 26 نومبر کو سرگودھا میں اس کی کانفرنس ہر صورت منعقد ہوگی
مولانا کو پولیس کی جانب سے گھر سے نکلنے سے روکنے اور مبینہ محاصرے کی تصدیق ان کی جماعت اور ان کے اپنے ویڈیو بیان سے ہوتی ہے، لیکن باقاعدہ قانونی حکم کے تحت سرکاری طور پر ’’گھر میں نظر بند‘‘ کیے جانے کی تصدیق سامنے نہیں آئ






