ٹرمپ کے پاس 2025 کے آخر میں کم از کم 1 کروڑ 20 لاکھ ڈالر کے این ویڈیا شیئرز تھے، رواں سال بھی درجنوں بار خرید و فروخت کا انکشاف
واشنگٹن: صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے مالیاتی گوشواروں سے انکشاف ہوا ہے کہ 2025 کے اختتام پر ان کے پاس این ویڈیا (Nvidia) کمپنی کے کم از کم 1 کروڑ 20 لاکھ ڈالر مالیت کے شیئرز موجود تھے،امریکی نشریاتی ادارے اے بی سی نیوز کے مطابق صدر کے سالانہ مالیاتی گوشواروں کا جائزہ لینے سے یہ تفصیلات سامنے آئی ہیں
رپورٹ کے مطابق ٹرمپ کے سرمایہ کاری اکاؤنٹس میں رواں سال بھی این ویڈیا کے شیئرز کی خرید و فروخت جاری رہی،ستمبر 2026 تک جمع کرائی گئی علیحدہ مالیاتی دستاویزات میں این ویڈیا کے حصص کی 3 درجن سے زیادہ خرید و فروخت کی نشاندہی ہوئی ہے، جن کی مجموعی مالیت لاکھوں ڈالر بنتی ہے
یہ انکشاف اس لیے اہم ہے کہ صدر ٹرمپ کی انتظامیہ این ویڈیا اور چین کو جدید مصنوعی ذہانت کے چپس کی فراہمی سے متعلق پالیسیوں پر فیصلے کر رہی ہے، جبکہ کانگریس میں کمپنی کے معاملات اور حکومتی مداخلت کی تحقیقات کے مطالبات بھی سامنے آ رہے ہیں
صدر ٹرمپ نے این ویڈیا کے بورڈ پر جینسن ہوانگ کی واپسی کے لیے دباؤ ڈالا تھا اور خود اس فیصلے کا کریڈٹ بھی لیا،انہوں نے پیر کو امریکی نشریاتی ادارے سی این بی سی کو ٹیلی فونک انٹرویو میں کہا کہ انہوں نے کمپنی کے بورڈ ارکان سے براہ راست اور بالواسطہ بات کی اور انہیں ہوانگ کی بحالی پر آمادہ کیا
ٹرمپ نے کہا: ’’میں نے ان سے بات کی، میں نے انہیں قائل کیا، میں نے یہ معاملہ طے کرایا”
یہ پیش رفت اس لیے خاص اہمیت رکھتی ہے کہ جینسن ہوانگ کی دوبارہ تقرری کے بعد صدر کے اپنے این ویڈیا شیئرز کی مالیت اور ان کے حکومتی کردار کے درمیان ممکنہ مفادات کے ٹکراؤ پر سوالات اٹھ رہے ہیں،ٹرمپ نے ہوانگ کی حمایت ایسے وقت میں جاری رکھی جب ان کے مبینہ چینی جاسوسہ سے تعلقات کے اسکینڈل نے این ویڈیا کو شدید دباؤ میں ڈال رکھا تھا
وائٹ ہاؤس کے ترجمان ڈیوس انگل نے صدر کے مالیاتی معاملات پر وضاحت دیتے ہوئے کہا کہ ٹرمپ کے اسٹاک اور بانڈز کے پورٹ فولیو کا انتظام آزاد تھرڈ پارٹی مالیاتی ادارے کرتے ہیں،ان کے مطابق تمام سرمایہ کاری ایسے اختیاری اکاؤنٹس میں رکھی گئی ہے جنہیں کمپیوٹر پر مبنی ماڈل پورٹ فولیو چلاتے ہیں اور جو معروف اسٹاک مارکیٹ انڈیکس، مثلاً شواب 1000، کی نقل کرتے ہیں
ترجمان نے مزید کہا کہ صدر ٹرمپ یا ان کے خاندان کے کسی فرد کو یہ اختیار حاصل نہیں کہ وہ سرمایہ کاری کے فیصلوں پر اثرانداز ہو، ان کی ہدایت دے یا یہ طے کرے کہ کون سے شیئرز کب خریدے یا فروخت کیے جائیں،ان کے مطابق تمام فیصلے آزاد مالیاتی منتظمین کرتے ہیں
جینسن ہوانگ کی واپسی کے بعد اسٹاک مارکیٹ میں زبردست تیزی
پیر کو جینسن ہوانگ کی دوبارہ تقرری کے اعلان کے بعد امریکی اسٹاک مارکیٹ میں بھی نمایاں تیزی دیکھی گئی،ڈاؤ جونز انڈسٹریل ایوریج 1,447.98 پوائنٹس یعنی 3 فیصد اضافے کے ساتھ بند ہوا، جبکہ ایس اینڈ پی 500 میں 4.73 فیصد سے زیادہ اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔ ٹیکنالوجی کمپنیوں پر مشتمل نیس ڈیک میں 6.5 فیصد سے زیادہ تیزی آئی
این ویڈیا کے شیئرز میں 30 فیصد سے زیادہ اضافہ ہوا اور کمپنی کے حصص نے 12 نومبر کو جینسن ہوانگ کے استعفے کے بعد ہونے والی تقریباً تمام گراوٹ کی تلافی کردی
این ویڈیا مصنوعی ذہانت کے نظام چلانے کے لیے استعمال ہونے والی جدید سیمی کنڈکٹر چپس، کمپیوٹنگ سسٹمز اور سافٹ ویئر تیار کرتی ہے،اکتوبر 2026 کے آغاز میں کمپنی کی مجموعی مارکیٹ ویلیو 5.8 ٹریلین ڈالر تک پہنچ گئی تھی
اے بی سی نیوز کے مطابق، این ویڈیا امریکی اسٹاک مارکیٹ کی بڑی کمپنیوں میں شامل ہونے کے باعث متعدد سرمایہ کاری پورٹ فولیوز کا حصہ ہے اور ٹرمپ کے پاس موجود اس کمپنی کے شیئرز ان کے مجموعی سرمایہ کاری پورٹ فولیو کا نسبتاً چھوٹا حصہ ہیں
تاہم صدر کے مالیاتی گوشواروں میں این ویڈیا کے شیئرز کی بڑی مالیت، رواں سال مسلسل خرید و فروخت، کمپنی کے سربراہ کی بحالی کے لیے ان کی ذاتی مداخلت اور اسی فیصلے کے بعد شیئرز کی قیمت میں غیر معمولی اضافے نے مفادات کے ممکنہ ٹکراؤ پر بحث کو مزید اہم بنا دیا ہے،وائٹ ہاؤس ان الزامات کی تردید کرتے ہوئے کہتا ہے کہ صدر کے سرمایہ کاری کے فیصلوں پر کوئی ذاتی اختیار نہیں






