Chief Editor : Mohammad Afaq Farooqi
Contributing Editor : Ahmad Waqas Riaz

امریکہ میں بے گھر طلبہ کی تعداد تاریخ کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی، سرکاری اعدادوشمار میں 15 لاکھ 53 ہزار سے زائد بچوں کی نشاندہی

واشنگٹن: امریکہ میں بے گھر بچوں اور طلبہ کی تعداد 2024-2025 کے تعلیمی سال کے دوران تاریخ کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی،وفاقی حکومت کے تازہ ترین دستیاب اعدادوشمار کے مطابق سرکاری اسکولوں نے ملک بھر میں 1,553,989 ایسے بچوں کی نشاندہی کی جو بے گھری یا غیر مستقل رہائش کی صورت حال سے دوچار تھے،2004-2005 کے تعلیمی سال میں قومی سطح پر اس حوالے سے اعدادوشمار جمع کرنے کا سلسلہ شروع ہونے کے بعد یہ سب سے بڑی تعداد ہے
امریکی تعلیمی نظام میں بے گھر طلبہ کی تعریف صرف ان بچوں تک محدود نہیں جو سڑکوں یا کھلے مقامات پر رہتے ہیں، بلکہ ان خاندانوں کے بچوں کو بھی اس زمرے میں شامل کیا جاتا ہے جو مستقل رہائش سے محروم ہوں، عارضی طور پر رشتہ داروں یا دوستوں کے گھروں میں قیام کر رہے ہوں، بے گھر افراد کی پناہ گاہوں میں رہتے ہوں یا کرائے کے ہوٹلوں اور موٹلز میں عارضی طور پر رہائش اختیار کرنے پر مجبور ہوں
ماہرین کے مطابق اس اضافے کی ایک اہم وجہ کورونا وبا کے دوران فراہم کی جانے والی ہنگامی مالی امداد کا خاتمہ اور خاندانوں پر بڑھتا ہوا معاشی دباؤ ہے،وبا کے دوران امریکی حکومت نے تین سال کے عرصے میں اسکولوں کے لیے 800 ملین ڈالر کی خصوصی امداد مختص کی تھی، جس کا مقصد بے گھر طلبہ کی شناخت، ان کی تعلیمی ضروریات پوری کرنے اور انہیں ضروری سہولتیں فراہم کرنا تھا
اس فنڈنگ کے ذریعے مختلف اسکول ڈسٹرکٹس کو اضافی عملہ بھرتی کرنے کا موقع ملا، جس نے ایسے بچوں اور خاندانوں کی نشاندہی کی جو رہائش کے عدم استحکام کا شکار تھے،اسکولوں نے ان طلبہ تک رسائی بڑھائی اور انہیں تعلیمی وسائل اور ضروری مدد فراہم کی
تاہم کورونا وبا سے متعلق خصوصی فنڈنگ ختم ہونے کے بعد بیشتر اسکول ڈسٹرکٹس کے پاس اتنے مالی وسائل اور عملہ موجود نہیں کہ وہ ہر ایسے طالب علم کی نشاندہی کر سکیں جو بے گھری یا عارضی رہائش کی مشکلات کا سامنا کر رہا ہے
تعلیم اور بے گھری کے مسئلے پر کام کرنے والے ادارے اسکول ہاؤس کنکشن کی ایگزیکٹو ڈائریکٹر باربرا ڈفیلڈ کے مطابق صورت حال دوہرے دباؤ کی عکاسی کرتی ہے،ایک طرف زیادہ خاندان معاشی مشکلات کے باعث رہائش سے محروم ہو رہے ہیں، دوسری طرف ان کی مدد اور ایسے طلبہ کی شناخت کے لیے دستیاب وسائل کم ہوتے جا رہے ہیں
یہ اعدادوشمار امریکی خاندانوں کو درپیش رہائشی اور معاشی مشکلات کے سنگین ہوتے ہوئے بحران کی نشاندہی کرتے ہیں،بے گھر بچوں کے لیے مستقل رہائش کا فقدان صرف ان کی روزمرہ زندگی ہی متاثر نہیں کرتا بلکہ اسکول میں حاضری، تعلیمی کارکردگی، ذہنی سکون اور مستقبل کے تعلیمی مواقع پر بھی منفی اثرات مرتب کرتا ہے
امریکہ میں 15 لاکھ سے زیادہ طلبہ کا بے گھری یا غیر مستقل رہائش سے متاثر ہونا اس حقیقت کو اجاگر کرتا ہے کہ تعلیمی اداروں میں داخلہ ہونے کے باوجود لاکھوں بچوں کو ایسا مستحکم گھر میسر نہیں جہاں وہ محفوظ ماحول میں اپنی تعلیم جاری رکھ سکیں

قومی خبریں سے مزید