ہیوسٹن: امریکی ریاست ٹیکساس کے شہر ہیوسٹن میں مقیم 30 سالہ انس سعید کو داعش (ISIS) کی حمایت، تنظیم کے لیے تشہیری ویڈیوز اور پوسٹرز تیار کرنے اور وفاقی تحقیقاتی ادارے ایف بی آئی سے ہتھیار کے بارے میں جھوٹ بولنے کے جرم میں 15 سال قید کی سزا سنا دی گئی ہے،امریکی وفاقی عدالت نے سزا مکمل ہونے کے بعد اسے تاحیات نگرانی میں رکھنے کا حکم بھی دیا ہے
امریکی محکمہ انصاف کے مطابق انس سعید داعش کا باقاعدہ حامی تھا اور سوشل میڈیا کے مختلف اکاؤنٹس کے ذریعے تنظیم کے حق میں مواد شائع اور تقسیم کرتا رہا،اس نے نہ صرف داعش کی تشہیری ویڈیوز اور پوسٹرز تیار کیے بلکہ تنظیم کے تشدد اور حملوں کی حمایت میں پیغامات بھی بنائے،اس مواد میں مستقبل میں ایسے حملوں کی دھمکیاں بھی شامل تھیں جن کے بارے میں دعویٰ کیا گیا تھا کہ وہ 11 ستمبر 2001 کے حملوں کو بھی چھوٹا ثابت کر دیں گے
عدالتی ریکارڈ کے مطابق انس سعید نے ٹیلی گرام پر داعش کے دوسرے حامیوں سے رابطے رکھے ہوئے تھے اور اپنی تیار کردہ ویڈیوز پر ان سے رائے اور تجاویز بھی حاصل کرتا تھا،اس نے داعش سے وابستہ میڈیا ادارے ’’سرح الخلافہ‘‘ (Sarh al-Khilafah) کو اپنی تیار کردہ ایک ویڈیو بھیجنے پر بات کی تھی،یہ ادارہ داعش کے پروپیگنڈے کی تیاری اور آن لائن تشہیر سے منسلک بتایا گیا ہے
تحقیقات کے مطابق انس سعید اپنی شناخت چھپانے کے لیے ویڈیوز سے بطور ڈیزائنر اپنا نام بھی ہٹا دیتا تھا تاکہ داعش کے لیے کام کرنے میں اس کا کردار سامنے نہ آسکے
ایف بی آئی کی جانب سے اس معاملے کی نگرانی 2017 سے کی جا رہی تھی،حکام نے 2018 اور 2019 میں بھی اس سے پوچھ گچھ کی، جبکہ فروری 2024 میں ایک مرتبہ پھر اس کے انٹرویو کے باوجود اس کی آن لائن سرگرمیاں جاری رہیں،بالآخر 8 نومبر 2024 کو اسے گرفتار کر لیا گیا،گرفتاری کے وقت اس کی عمر 28 سال تھی،ایف بی آئی نے اس کے گھر، گاڑی اور الیکٹرانک آلات کی تلاشی بھی لی تھی،ان آلات سے داعش کے لیے پروپیگنڈا تیار کرنے اور پھیلانے سے متعلق مواد ملا
انس سعید کے خلاف ابتدائی فرد جرم اکتوبر 2024 میں عائد کی گئی تھی، جبکہ امریکی محکمہ انصاف نے 14 نومبر 2024 کو گرفتاری اور مقدمے کی تفصیلات جاری کیں،24 جولائی 2026 کو اس نے داعش کی حمایت چھپانے اور ایف بی آئی سے ہتھیار کے بارے میں غلط بیانی کرنے کے الزامات تسلیم کر لیے،23 نومبر 2026 کو امریکی ڈسٹرکٹ جج ڈیوڈ ہٹنر نے اسے مجموعی طور پر 180 ماہ، یعنی 15 سال قید کی سزا سنائی
ہیوسٹن کرانیکل کی عدالتی کارروائی سے متعلق رپورٹ کے مطابق انس سعید ہیوسٹن میں پیدا ہوا تھا، تاہم اس نے اپنے بچپن کا ایک حصہ لبنان کے ایک پناہ گزین کیمپ میں گزارا،اس کے وکلا نے عدالت میں بتایا کہ اس کا بچپن پرتشدد اور غیر مستحکم ماحول میں گزرا اور والد کی وفات نے بھی اس کی شخصیت پر گہرا اثر ڈالا
اس کی والدہ اور بھائی سزا کے وقت عدالت میں موجود تھے اور انہوں نے جج سے اپنے بیٹے اور بھائی کے لیے نرمی کی اپیل بھی کی،انس سعید نے خود عدالت میں اپنے کیے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ تقریباً دو سال کی حراست نے اسے بدل دیا ہے اور اب اسے احساس ہے کہ آن لائن رابطوں، نظریات اور اپنی صحبت کے انتخاب کے حقیقی زندگی میں سنگین نتائج نکل سکتے ہیں
رپورٹ کے مطابق اس نے امریکہ میں کالج کی تعلیم حاصل کی اور اکاؤنٹنگ اور ریاضی کی تدریس میں ڈگریاں حاصل کیں،گرفتاری کے وقت وہ ایک پیزا شاپ میں ملازمت کر رہا تھا
اس کے وکلا نے عدالت سے سات سال قید کی سزا دینے کی درخواست کی تھی،ان کا مؤقف تھا کہ انس سعید پر کسی عملی دہشت گرد حملے میں حصہ لینے یا کسی شخص کو تشدد کا نشانہ بنانے کا الزام ثابت نہیں ہوا اور استغاثہ نے کسی مخصوص متاثرہ شخص کی نشاندہی بھی نہیں کی،تاہم استغاثہ نے دہشت گردی سے متعلق سخت سزا کے قانونی ضابطے لاگو کرنے کی درخواست کی، جسے عدالت نے قبول کر لیا
انس سعید کے وکلا نے مسلم لیگل فنڈ آف امریکہ کی جانب سے بھی سزا پر اعتراض کیا اور مؤقف اختیار کیا کہ آن لائن پروپیگنڈا تیار کرنے کے جرم پر اسے ایسے سزا دی گئی جیسے اس نے اس سے کہیں زیادہ سنگین کارروائی کی ہو
امریکی حکام کے مطابق انس سعید اب وفاقی جیل میں اپنی سزا کاٹنے کے لیے منتقل کیا جائے گا اور رہائی کے بعد باقی زندگی نگرانی میں گزارے گا،یہ مقدمہ اس بات کی ایک اہم مثال ہے کہ امریکی قانون نافذ کرنے والے ادارے سوشل میڈیا، خفیہ پیغام رسانی کی ایپلی کیشنز اور آن لائن پروپیگنڈے کے ذریعے دہشت گرد تنظیموں کی حمایت کرنے والوں کی سرگرمیوں کو بھی قومی سلامتی کے لیے خطرہ سمجھتے ہیں






