Chief Editor : Mohammad Afaq Farooqi
Contributing Editor : Ahmad Waqas Riaz

سندھ کی تقسیم کے خلاف نعرے لگانے والوں کا ماضی کیا ہے؟ حیدر عباس رضوی نے ون یونٹ، بھٹو کی آئینی ترمیم اور شہری آبادی کی نمائندگی کے ساتھ موجود جمہوری نظام پر نئے سوالات کھڑے کردئیے

سندھ کی تقسیم کے خلاف نعرے لگانے والوں کا ماضی کیا ہے؟ حیدر عباس رضوی نے ون یونٹ، بھٹو کی آئینی ترمیم اور شہری آبادی کی نمائندگی کے ساتھ موجود جمہوری نظام پر نئے سوالات کھڑے کردئیے

کراچی: سندھ کی تقسیم اور نئے صوبوں کے قیام کی بحث ایک مرتبہ پھر سیاسی منظرنامے پر نمایاں ہو گئی ہے۔ سندھ میں ’’ہم سندھ کو ٹوٹنے نہیں دیں گے‘‘ کے نعروں کے جواب میں متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے رہنما حیدر عباس رضوی نے تاریخی حقائق، آئینی ترامیم اور سندھ اسمبلی میں شہری و دیہی آبادی کی نمائندگی کا معاملہ اٹھاتے ہوئے پیپلز پارٹی اور سندھ کی قوم پرست سیاست پر نئے سوالات کیے ہیں
حیدر عباس رضوی نے 19 نومبر کو ہم نیوز کے پروگرام ’’فیصلہ آپ کا‘‘ میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ریفرنڈم کا تصور 1973ء کے اصل آئین میں شامل نہیں تھا بلکہ ذوالفقار علی بھٹو نے 1977ء میں اپوزیشن کی احتجاجی تحریک اور انتخابات میں دھاندلی کے الزامات کے بعد ساتویں آئینی ترمیم کے ذریعے اسے آئین کا حصہ بنایا تھا،ان کے مطابق بھٹو حکومت نے یہ راستہ اس لیے اختیار کیا تھا تاکہ وزیراعظم عوام سے براہ راست اعتماد کا ووٹ حاصل کر سکیں
تاریخی ریکارڈ بھی اس بنیادی نکتے کی تصدیق کرتا ہے،1973ء کے اصل آئین میں ریفرنڈم کی کوئی شق موجود نہیں تھی،1977ء کے عام انتخابات کے بعد پاکستان نیشنل الائنس (پی این اے) نے انتخابی دھاندلی کے الزامات عائد کرتے ہوئے ملک گیر احتجاجی تحریک شروع کر دی تھی،اس سیاسی بحران کے دوران 16 مئی 1977ء کو صدر کی منظوری کے بعد آئین کی ساتویں ترمیم نافذ ہوئی، جس کے ذریعے آرٹیکل 96-A شامل کیا گیا،اس شق کے تحت وزیراعظم صدر کو عوام سے اعتماد کا ووٹ لینے کے لیے ریفرنڈم کرانے کا مشورہ دے سکتے تھے،اگر وزیراعظم اکثریتی اعتماد حاصل نہ کرتے تو انہیں مستعفی تصور کیا جانا تھا،تاہم یہ شق عارضی تھی اور اپوزیشن کے بائیکاٹ کے باعث اس کے تحت ریفرنڈم منعقد نہیں ہو سکا، جبکہ صوبوں کی تقسیم کے لیے اسمبلیوں سے دو تہائ کی اکثریت کی شرط اٹھارویں ترمیم کے ذریعے آئین میں شامل کی گئی
حیدر رضوی نے اس تاریخی پس منظر کو موجودہ سیاسی بحث سے جوڑتے ہوئے سوال اٹھایا کہ جب سندھ کے سیاسی مستقبل اور نئے انتظامی یونٹس کی بات ہوتی ہے تو ریفرنڈم کے مطالبے کو ناقابل قبول کیوں قرار دیا جاتا ہے، جبکہ ملک کے آئینی اور سیاسی نظام میں ماضی میں بھی عوام سے براہ راست رائے لینے کا طریقہ اختیار کرنے کی کوشش کی جا چکی ہے
حیدر عباس رضوی نے سندھ کی تقسیم کے خلاف موجودہ نعروں کے جواب میں ون یونٹ کے قیام کی تاریخ بھی یاد دلائی،ان کا اشارہ 1955ء میں مغربی پاکستان کے صوبوں اور ریاستوں کو یکجا کرکے ون یونٹ بنانے کے فیصلے کی طرف تھا
تاریخی ریکارڈ کے مطابق 11 دسمبر 1954ء کو سندھ اسمبلی میں ون یونٹ کے حق میں قرارداد کی حمایت میں 98 ارکان نے ووٹ دیا تھا، جبکہ صرف چار ارکان نے مخالفت کی تھی ،اس وقت ایوان کی مجموعی تعداد 110 تھی،ون یونٹ یکم اکتوبر 1955ء کو نافذ ہوا،اس منصوبے کے تحت سندھ سمیت مغربی پاکستان کی مختلف اکائیوں کی الگ صوبائی حیثیت ختم کر دی گئی تھی
یہ تاریخی حقیقت آج کی سیاسی بحث میں ایک اہم سوال پیدا کرتی ہے کہ سندھ کی وحدت اور صوبائی حقوق کے دعوے کرنے والی سیاسی قوتوں کے ماضی کے فیصلوں کا بھی اسی معیار پر جائزہ لیا جانا چاہیے جس معیار پر آج دوسروں سے سوالات کیے جاتے ہیں
حیدر عباس رضوی نے سندھ کی سیاست کا ایک بنیادی مسئلہ شہری اور دیہی آبادی کی سیاسی نمائندگی کو قرار دیا،حیدر رضوی کا کہنا تھا سندھ کی 65 فیصد آبادی شہری علاقوں میں رہتی ہے، جبکہ 35 فیصد دیہی آبادی ہے،ان کا دعویٰ ہے کہ شہری آبادی کی صوبائی اسمبلی میں نمائندگی تقریباً 25 فیصد اور دیہی آبادی کی نمائندگی 75 فیصد کے قریب ہے،ان کے مطابق شہری آبادی کی ایک بڑی تعداد نئے صوبائی انتظامی یونٹس کی خواہش رکھتی ہے، لیکن موجودہ اسمبلی میں اس کی رائے فیصلہ کن اکثریت حاصل نہیں کر سکتی
اسی بنیاد پر انہوں نے سوال اٹھایا کہ اگر کسی بڑی آبادی کو اسمبلی میں اپنی سیاسی خواہشات کے اظہار اور ان پر فیصلہ کن اثرانداز ہونے کا مناسب موقع نہ ملے تو اس کے لیے آئینی اور جمہوری راستہ کیا رہ جاتا ہے؟ ان کے نزدیک اس بحث میں ریفرنڈم ایک ایسا طریقہ ہو سکتا ہے جس کے ذریعے عوام کی براہ راست رائے معلوم کی جا سکے
تاہم آبادی کے تناسب کے حوالے سے سرکاری اعدادوشمار ایک مختلف تصویر پیش کرتے ہیں،پاکستان بیورو آف اسٹیٹسٹکس کی 2023ء کی مردم شماری کے مطابق سندھ کی مجموعی آبادی 55.69 ملین ہے، جس میں 30.06 ملین یعنی 53.97 فیصد شہری اور 25.64 ملین یعنی 46.03 فیصد دیہی آبادی ہے،اس لیے 65 اور 35 فیصد کا تناسب سرکاری مردم شماری کے اعدادوشمار سے مطابقت نہیں رکھتا
اسی طرح سندھ اسمبلی کی موجودہ آئینی ساخت 168 نشستوں پر مشتمل ہے، جن میں 130 عمومی، 29 خواتین اور 9 غیر مسلموں کے لیے مخصوص نشستیں ہیں،عمومی نشستیں انتخابی حلقوں کی بنیاد پر طے ہوتی ہیں اور مخصوص نشستیں سیاسی جماعتوں کو ان کی کامیابی کے تناسب سے ملتی ہیں،شہری اور دیہی نمائندگی کے 25 اور 75 فیصد تناسب کی تصدیق کے لیے انتخابی حلقوں کی جغرافیائی تقسیم اور ارکان کی منتخب حیثیت کا الگ تجزیہ ضروری ہے
سندھ کی تقسیم کا معاملہ محض انتظامی حدود کا مسئلہ نہیں بلکہ اس کے ساتھ تاریخی شناخت، زبان، ثقافت، وسائل، سیاسی اقتدار اور شہری و دیہی آبادی کے حقوق بھی وابستہ ہیں،ایک طرف سندھ کی قوم پرست اور پیپلز پارٹی کی قیادت صوبے کی تاریخی وحدت کو ناقابل تقسیم قرار دیتی ہے، دوسری طرف ایم کیو ایم پاکستان کا مؤقف ہے کہ انتظامی اختیارات، وسائل اور سیاسی نمائندگی کی غیر مساوی تقسیم کے مسائل پر بات کیے بغیر اس بحث کو ختم نہیں کیا جا سکتا
حیدر عباس رضوی کی گفتگو نے اس بحث کو ایک مرتبہ پھر آئینی تاریخ اور جمہوری نمائندگی کے سوال سے جوڑ دیا ہے،تاہم ریفرنڈم کا مطالبہ اپنی جگہ، اس کے قانونی طریقہ کار، آئینی اختیار، ووٹنگ کے دائرے اور نتیجے کی پابندی کا تعین بھی ضروری ہے،محض کسی سیاسی جماعت یا شہری آبادی کے ایک حصے کی خواہش کو پوری آبادی کا متفقہ فیصلہ قرار نہیں دیا جا سکتا
جمہوری اصول کا تقاضا ہے کہ سندھ کے مستقبل سے متعلق کسی بھی فیصلے میں تمام شہریوں کی آزادانہ رائے، آئینی حقوق اور صوبے کے تمام علاقوں کے عوام کے مفادات کو یکساں اہمیت دی جائے، تاہم یہاں عوامی دلچسپی کے لیے یہ جاننا بھی ضروری ہے پاکستان میں تین مواقع پر عوامی ریفرنڈم منعقد کیے گئے اور یہ تینوں ریفرنڈم فوجی ادوار میں فوجی حکمرانی کو طول دینے کے لیے منعقد کروائے گئے جبکہ اس بار بھی ریفرنڈم کے انعقاد کے پسمنظر میں فیلڈ مارشل کو صدر بنانے کی حکمت عملی کارفرما بتای جاتی ہے ، پہلا ریفرنڈم ایوب خان نے منعقد کروایا جس میں اُنہوں نے عوام کے ووٹ ڈالے بغیر ہی اٹھانوے فیصد ووٹ حاصل کرلیے تھے ، دوسرا ریفرنڈم ضیا الحق نے منعقد کروایا جس میں ضیاالحق کو قریبا چھیانوے فیصد ووٹ ملنے کے دعوے سامنے آئے آخری ریفرنڈم جنرل مشرف نے خود کو صدر بنانے کے لیے منعقد کیا انہیں بھی عوام کے ساتھ خطے کے جن بھوتوں نے اٹھانوے فیصد ووٹ دیکر کامیاب کیا

قومی خبریں سے مزید