Chief Editor : Mohammad Afaq Farooqi
Contributing Editor : Ahmad Waqas Riaz

‎بارکھان میں تین افراد کے قتل کا مقدمہ سردار عبدالرحمن کھیتران کے خلاف درج، قبائلی سردار کا ماضی بھی سنگین الزامات کی زد میں

‎بارکھان میں تین افراد کے قتل کا مقدمہ سردار عبدالرحمن کھیتران کے خلاف درج، قبائلی سردار کا ماضی بھی سنگین الزامات کی زد میں

بارکھان: بلوچستان کے ضلع بارکھان میں تین افراد کے قتل اور لاشیں دفن کیے جانے کے واقعے نے ایک بار پھر بااثر قبائلی شخصیات، نجی جیلوں اور بلوچستان میں قانون کی عملداری سے متعلق سنگین سوالات اٹھا دیے ہیں، جہاں پہلے ہی ریاستی سطح پر ملک کو ایک بڑی بغاوت کا سامنا ہے جس کے دوران گزشتہ سالوں میں ہزاروں بلوچ مرد خواتین بچے بوڑھے اور سینکڑوں سیکورٹی فورسز کے جوان مارے جاچکے ہیں ، بلوچستان اسمبلی کے رکن اور سابق صوبائی وزیر سردار عبدالرحمن کھیتران کے خلاف قتل کا مقدمہ درج کر لیا گیا ہے،پولیس کے مطابق مقدمہ پیارا خان کی مدعیت میں درج کیا گیا، جبکہ قتل کے شبے میں ایک ملزم کو گرفتار کر لیا گیا ہے
پولیس کا کہنا ہے کہ گرفتار ملزم کی نشاندہی پر قتل کرکے دفن کیے گئے تین افراد کی لاشیں برآمد کی گئیں،لاشوں کی باقیات قانونی کارروائی اور پوسٹ مارٹم کے لیے سول اسپتال کوئٹہ منتقل کر دی گئی ہیں،واقعے کی تحقیقات جاری ہیں اور مقدمے میں نامزد سردار عبدالرحمن کھیتران کے خلاف الزامات کی حتمی حیثیت تفتیش اور عدالتی کارروائی سے طے ہوگی
سردار عبدالرحمن کھیتران بلوچستان کے ضلع بارکھان کے بااثر قبائلی خاندان سے تعلق رکھتے ہیں اور کھیتران قبیلے کی اہم شخصیات میں شمار ہوتے ہیں،میٹرک پاس نواب کھیتران کئی مرتبہ بلوچستان اسمبلی کے رکن منتخب ہوئے اور مختلف ادوار میں صوبائی وزارتوں پر بھی فائز رہے،ان کی سیاسی وابستگیاں مختلف ادوار میں جمعیت علمائے اسلام، مسلم لیگ (ق)، بلوچستان عوامی پارٹی اور مسلم لیگ (ن) سے رہی ہیں
کھیتران کا نام اس سے پہلے بھی قتل، اغوا، مبینہ نجی جیلوں اور خواتین کے ساتھ جبری شادیوں جیسے سنگین الزامات کے حوالے سے خبروں میں آتا رہا ہے،2014ء میں پولیس اور انسداد دہشت گردی فورس نے ان سے منسوب ایک مبینہ نجی جیل پر چھاپہ مارا تھا، جہاں پولیس کے مطابق سات افراد، جن میں دو خواتین اور تین بچے شامل تھے، بازیاب کرائے گئے،اس وقت بھی ان کے خلاف اغوا اور پولیس اہلکاروں کو تشدد کا نشانہ بنانے سمیت الزامات سامنے آئے تھے، جنہیں انہوں نے سیاسی بنیادوں پر قائم مقدمات قرار دیا تھا
فروری 2023ء میں بارکھان کے علاقے سے ایک خاتون اور دو نوجوانوں کی گولیوں سے چھلنی لاشیں کنویں سے برآمد ہونے کے بعد سردار عبدالرحمن کھیتران ایک بار پھر ملک بھر میں شدید تنقید کی زد میں آئے تھے،مقتولین کے خاندان نے الزام لگایا تھا کہ انہیں کھیتران کی مبینہ نجی جیل میں قید رکھا گیا تھا اور تشدد کے بعد قتل کیا گیا،اس واقعے کے بعد مری قبائل نے کوئٹہ میں لاشوں کے ہمراہ احتجاج کیا اور ملزموں کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کیا
اسی واقعے کے دوران ایک خاتون کی ویڈیو بھی سامنے آئی تھی جس میں وہ قرآن پاک ہاتھ میں اٹھا کر اپنی اور اپنے بچوں کی رہائی کے لیے مدد کی اپیل کر رہی تھی،اس معاملے میں کھیتران کو گرفتار بھی کیا گیا، تاہم بعد میں عدالت نے انہیں ضمانت دے دی تھی،انہوں نے اپنے خلاف لگائے گئے الزامات کی تردید کرتے ہوئے انہیں سیاسی سازش قرار دیا تھا
2023ء کے بارکھان قتل کیس اور ماضی میں سامنے آنے والے دیگر واقعات کے باوجود سردار عبدالرحمن کھیتران بلوچستان کی سیاست اور قبائلی نظام میں اپنا اثرورسوخ برقرار رکھنے میں کامیاب رہے،اب بارکھان میں تین افراد کے قتل کے تازہ مقدمے میں ان کا نام سامنے آنے کے بعد ایک مرتبہ پھر یہ سوال اٹھ رہا ہے کہ بلوچستان میں بااثر قبائلی شخصیات کے خلاف سنگین جرائم کے الزامات کی تحقیقات کس حد تک آزادانہ، شفاف اور نتیجہ خیز ہوتی ہیں، اور کیا کبھی قانون طاقتور اور عام شہری کے لیے یکساں طور پر نافذ ہو سکے گا

قومی خبریں سے مزید