ڈیموکریٹک سینیٹرز کا مالیاتی نگرانی کا ادارہ بحال کرنے کا عزم، ٹرمپ انتظامیہ پر طاقتور کاروباری مفادات کو تحفظ دینے کا الزام
واشنگٹن:سینیٹ کے چار ڈیموکریٹک ارکان نے وعدہ کیا ہے کہ وہ صارفین کے مالی حقوق کے تحفظ کے لیے قائم وفاقی ادارے کنزیومر فنانشل پروٹیکشن بیورو (CFPB) کو دوبارہ فعال اور مضبوط بنانے کے لیے کام کریں گے،یہ اعلان برطانوی اخبار دی گارڈین کی ایک تحقیق کے بعد سامنے آیا ہے، جس میں انکشاف کیا گیا کہ صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی دوسری انتظامیہ کے دوران ادارے نے بینکوں اور بڑی کمپنیوں کے خلاف درجنوں قانونی کارروائیاں ختم کردی ہیں
گارڈین کی تحقیقات کے مطابق، CFPB نے بینکوں اور کارپوریشنوں کے خلاف 20 سے زائد مقدمات واپس لے لیے، جن میں ان پر مختلف مالیاتی بدعنوانیوں اور صارفین کے استحصال کے الزامات عائد کیے گئے تھے،ان مقدمات کے خاتمے کے بعد ان کمپنیوں کے خلاف صارفین کی شکایات میں اوسطاً 75 فیصد سے زیادہ اضافہ ہوا۔ متعدد نئی شکایات میں صارفین نے انہی مسائل کی نشاندہی کی جن کے خلاف ادارے نے پہلے قانونی کارروائیاں شروع کی تھیں
میساچوسٹس سے تعلق رکھنے والی ڈیموکریٹک سینیٹر الزبتھ وارن نے اس معاملے کی تحقیقات کا وعدہ کیا ہے،وارن نے 2008ء کے عالمی مالیاتی بحران کے بعد صارفین کے مالی حقوق کے تحفظ کے لیے CFPB کے قیام کی تجویز پیش کی تھی،وہ جنوری میں سینیٹ کی بینکنگ کمیٹی کی چیئرپرسن بننے کی بھی متوقع امیدوار ہیں
وارن کا کہنا ہے کہ ٹرمپ انتظامیہ کی جانب سے اس ادارے کو کمزور کرنے کی کوششوں کا جائزہ لیا جائے گا اور صارفین کے تحفظ کے لیے اس کی نگرانی اور قانونی اختیارات بحال کرنے کی کوشش کی جائے گی
اس معاملے میں سینیٹ کے دونوں ممکنہ اکثریتی رہنماؤں کے امیدواروں سمیت چار ڈیموکریٹک سینیٹرز نے ادارے کی بحالی کے عزم کا اظہار کیا ہے،ان کا مؤقف ہے کہ مالیاتی نظام میں عام امریکی شہریوں کے حقوق اور مفادات کو بڑی کاروباری قوتوں کے مفادات پر ترجیح ملنی چاہیے
CFPB امریکہ میں صارفین کو بینکوں، کریڈٹ کارڈ کمپنیوں، قرض فراہم کرنے والے اداروں اور دیگر مالیاتی کاروباروں کی مبینہ غیر منصفانہ یا دھوکہ دہی پر مبنی سرگرمیوں سے تحفظ فراہم کرنے کے لیے قائم کیا گیا






