ٹینیسی کے بعد ٹیکساس میں بھی انجکشن سے پھانسی میں مشکلات، قیدی ایک گھنٹے سے زائد اذیت میں مبتلا رہا، مہلک انجکشن روکنے کا مطالبہ زور پکڑ گیا
ٹیکساس: امریکی ریاست ٹیکساس میں جمعرات کی شب ایک قیدی کو مہلک انجکشن کے ذریعے سزائے موت دینے کا عمل شدید مشکلات کا شکار رہا70 سالہ رینالڈو ڈینس نے دورانِ پھانسی درد سے چیخیں ماریں اور مبینہ طور پر خدا سے فریاد کی کہ اس کی تکلیف ختم کر دی جائے، تاہم ریاستی حکام نے اس پھانسی کو کامیاب قرار دیا
اخبار دی گارڈین کے مطابق ہنٹس وِل کی جیل میں رینالڈو ڈینس کو مردہ قرار دینے میں 63 منٹ لگے،پھانسی پر عمل درآمد کرنے والی ٹیم کو اس کی رگ تلاش کرنے میں دشواری پیش آئی، جس کے باعث مہلک دوا پینٹوباربیٹل کی خوراک خون میں داخل کرنے کا عمل متاثر ہوا
اس واقعے کے بعد امریکا بھر میں مہلک انجکشن کے ذریعے سزائے موت پر عارضی پابندی عائد کرنے کا مطالبہ دوبارہ زور پکڑ گیا ہے،انسانی حقوق اور سزائے موت کے مخالف حلقوں کا مؤقف ہے کہ ایسے واقعات اس طریقہ کار کی سلامتی اور انسانی پہلوؤں پر سنگین سوالات اٹھاتے ہیں
ڈینس کے ساتھ پیش آنے والے واقعے کی مماثلت ٹینیسی میں ستمبر کے دوران کرسٹا پائیک کی ناکام پھانسی سے بھی ظاہر کی گئی ہے،رپورٹ کے مطابق پائیک مبینہ طور پر سزائے موت کی ادویات کی مکمل خوراک دیے جانے کے باوجود زندہ بچ گئی تھیں،دونوں واقعات میں پینٹوباربیٹل استعمال کیا گیا، طبی عملے کو رگ میں انجکشن لگانے کے لیے راستہ تلاش کرنے میں مشکلات پیش آئیں اور دونوں قیدیوں نے شدید درد اور جلن محسوس ہونے کی شکایت کی






