مڈٹرم انتخابات میں ریپبلکن پارٹی کی شکست کے بعد سینیٹر جوش ہولی کا 2028ء کے صدارتی انتخاب میں حصہ لینے کا امکان، سابقہ مؤقف سے یوٹرن
واشنگٹن: مڈٹرم انتخابات میں ریپبلکن پارٹی کی بٹشکست کے بعد سینیٹر جوش ہولی نے 2028ء کے صدارتی انتخابات میں حصہ لینے کے امکان کو مسترد کرنے سے گریز کیا ہے، حالانکہ وہ اس سے قبل صدارتی امیدوار بننے کے ارادے سے انکار کر چکے تھے
ریاست میسوری سے تعلق رکھنے والے ریپبلکن سینیٹر جوش ہولی نے ایسوسی ایٹڈ پریس سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ حالیہ انتخابات کے نتائج کے بعد پارٹی اور ملک کے مستقبل کی فکر کرنے والے ہر شخص کو بہت کچھ سوچنے کی ضرورت ہے،انہوں نے کہا کہ انہیں بھی اس بارے میں بہت غور و فکر کرنا ہے
واضح رہے کہ ہولی نے ستمبر میں واشنگٹن ایگزامنر کو انٹرویو دیتے ہوئے کہا تھا کہ ان کا 2028ء میں صدر کے عہدے کے لیے انتخاب لڑنے کا کوئی ارادہ نہیں
تاہم حالیہ انتخابی نتائج کے بعد ان کے مؤقف میں تبدیلی دکھائی دے رہی ہے،این بی سی نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وہ انتخابات کے نتائج سے پریشان ہیں اور انہیں اپنی جماعت اور ملک دونوں کی سمت پر تشویش ہےوہ اس صورتحال میں اپنا کردار ادا کرنا چاہتے ہیں، تاہم ابھی یہ طے کر رہے ہیں کہ ان کا کردار کیا ہونا چاہیے
مڈٹرم انتخابات میں ڈیموکریٹس نے ایوان نمائندگان اور سینیٹ دونوں میں اکثریت حاصل کی ہے، جس کے بعد آئندہ سال ریپبلکن صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو کانگریس میں ڈیموکریٹک اکثریت کا سامنا کرنا ہوگا
جوش ہولی کے تازہ بیان کو 2028ء کے صدارتی انتخاب میں ممکنہ امیدوار کے طور پر ان کی سیاسی حکمت عملی میں تبدیلی کی علامت قرار دیا جا رہا ہے، تاہم انہوں نے تاحال انتخاب لڑنے کا باقاعدہ اعلان نہیں کیا






