عراق میں ایران نواز مسلح ملیشیا کے مضبوط گڑھ میں سرکاری سکیورٹی فورسز تعینات، تیل اسمگلنگ کے نیٹ ورک کے خلاف کارروائی
بغداد: عراق کی سکیورٹی فورسز نے جمعہ 20 نومبر کو ایران نواز مسلح تنظیم کتائب حزب اللہ کے مضبوط گڑھ جرف الصخر میں تعیناتی شروع کردی ہے،یہ اقدام ایک ایسے معاہدے کے تحت کیا گیا ہے جس کا مقصد ملک میں ایران کی طاقتور ترین شیعہ ملیشیا کے اثر و رسوخ کو محدود کرنا ہے، تاہم اس دوران مسلح تصادم سے بچنے کی کوشش بھی کی جا رہی ہے
عراقی وزیراعظم علی الزیدی نے رواں ہفتے سکیورٹی فورسز کو کتائب حزب اللہ کے خلاف کارروائی کا حکم دیا تھا،حکام نے تنظیم پر الزام عائد کیا ہے کہ وہ جرف الصخر میں تیل کی اسمگلنگ کے ایک بڑے نیٹ ورک کو چلا رہی ہے، جس کے ذریعے سرکاری ملکیت کا کروڑوں ڈالر مالیت کا تیل غیر قانونی طور پر منتقل کیا جا رہا ہے
کتائب حزب اللہ، جسے امریکہ نے دہشت گرد تنظیم قرار دے رکھا ہے، نے تیل کی اسمگلنگ میں ملوث ہونے کے الزامات مسترد کردیے ہیں،ان الزامات کے نتیجے میں بعض گرفتاریاں بھی ہوئی ہیں، جس کے بعد خدشات پیدا ہوگئے تھے کہ تنظیم ان گرفتاریوں کے جواب میں مسلح کارروائی کر سکتی ہے
یہ تنظیم ان مسلح گروہوں میں شامل ہے جنہوں نے ایران کے خلاف امریکہ اور اسرائیل کی جنگ شروع ہونے کے بعد خلیجی ممالک میں امریکی فورسز پر حملوں کی ذمہ داری قبول کی ہے
جمعہ کو عراقی پرچم لہراتی گاڑیوں کا ایک قافلہ جرف الصخر میں داخل ہوا، جہاں فوجیوں نے قصبے کے مرکزی علاقے میں اپنی پوزیشنیں سنبھال لیں،اس سے قبل اعلیٰ سکیورٹی حکام نے پریس کانفرنس میں اعلان کیا تھا کہ سرکاری فورسز علاقے کے تحفظ اور امن و امان کی ذمہ داری سنبھالیں گی






