ٹرمپ کے سائبر سکیورٹی نامزد امیدوار کی منظوری روک دی، 6 جنوری کے کیپیٹل حملے کو تسلیم کرنے سے انکار پر ریپبلکن سینیٹر کا اعتراض
واشنگٹن: ریپبلکن سینیٹر تھام ٹِلس نے صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے سائبر سکیورٹی اور انفراسٹرکچر سکیورٹی ایجنسی (CISA) کے ڈائریکٹر کے لیے نامزد امیدوار کی منظوری روک دی ہے،سینیٹر کا اعتراض یہ ہے کہ نامزد امیدوار نے سینیٹ کی سماعت کے دوران 6 جنوری 2021ء کو امریکی کیپیٹل پر ہونے والے حملے کو تسلیم کرنے سے انکار کیا تھا
شمالی کیرولائنا سے تعلق رکھنے والے سینیٹر تھام ٹِلس کا کہنا ہے کہ 6 جنوری کو ٹرمپ کے حامیوں کی جانب سے کیپیٹل پر حملہ، جس کا مقصد جو بائیڈن کی صدارتی انتخاب میں کامیابی کی توثیق روکنا تھا، ایک واضح حقیقت ہے اور اس معاملے میں کوئی ابہام نہیں ہونا چاہیے
ٹِلس نے امریکی اخبار دی ہِل کو بتایا کہ یہ معاملہ دو ٹوک ہے، اسے تسلیم کرنا یا انکار کرنا، دونوں میں سے ایک ہی راستہ ہے،ان کے بقول، جب کوئی شخص اس واقعے کے وجود سے انکار کرنے کی کوشش کرے یا اسے تسلیم کرنے سے بھی گریز کرے تو وہ ایسے شخص کو سنجیدہ اور سوچنے سمجھنے والا نہیں سمجھتے
صدر ٹرمپ کے نامزد امیدوار مائیکل لو ساپیو (Michael LoSapio)، جو پالانٹیر (Palantir) کے سابق ایگزیکٹو رہ چکے ہیں، نے سینیٹ کی سماعت میں 6 جنوری کے واقعے کو حملہ قرار دینے سے انکار کیا تھا، حالانکہ اس روز کیپیٹل ہل میں موجود دونوں جماعتوں کے متعدد ارکان کانگریس اس واقعے کا سامنا کر چکے تھے
ٹِلس کے اس اقدام سے ٹرمپ انتظامیہ کی سائبر سکیورٹی ایجنسی کے سربراہ کی تقرری میں رکاوٹ پیدا ہوگئی ہے، جبکہ 6 جنوری کے حملے کی نوعیت اور اسے تسلیم کرنے کے معاملے پر ریپبلکن پارٹی کے اندر اختلافات بھی نمایاں ہوئے ہیں






