Chief Editor : Mohammad Afaq Farooqi
Contributing Editor : Ahmad Waqas Riaz

نکھل گپتا کو سکھ رہنما کے قتل کی سازش پر 19 سال 7 ماہ قید، مقدمے میں اجیت گوول اور را ایجنٹ عدالت کو مطلوب، پنت کے ملزم کو سزا سے امریکہ بھارت تعلقات کا نیا موڑ

نکھل گپتا کو سکھ رہنما کے قتل کی سازش پر 19 سال 7 ماہ قید، مقدمے میں اجیت گوول اور را ایجنٹ عدالت کو مطلوب، پنت کے ملزم کو سزا سے امریکہ بھارت تعلقات کا نیا موڑ

نیویارک: امریکہ کی وفاقی عدالت نے سکھ علیحدگی پسند رہنما اور امریکی شہری گرپتونت سنگھ پنوں کو قتل کرنے کی سازش میں ملوث بھارتی شہری نکھل گپتا کو 19 سال 7 ماہ قید کی سزا سنائی ہے،اس مقدمے نے بھارت اور امریکہ کے تعلقات میں حساس نوعیت کے سوالات اٹھائے ہیں، کیونکہ امریکی استغاثہ کے مطابق قتل کی منصوبہ بندی میں بھارت کے ایک سرکاری اہلکار کا کردار بھی شامل تھا، جس کا تعلق بھارتی حکومت کے انٹیلی جنس نظام سے تھا
55 سالہ نکھل گپتا نے فروری 2026 میں اجرت پر قتل کی منصوبہ بندی، اس سازش میں معاونت اور منی لانڈرنگ کی سازش سمیت تین الزامات کا اعتراف جرم کیا تھا،ڈسٹرکٹ جج وکٹر مارریرو نے جمعہ 20 نومبر کو مین ہٹن کی وفاقی عدالت میں انہیں 235 ماہ قید کی سزا سنائی،عدالت کے مطابق سزا مکمل ہونے کے بعد گپتا کو بھارت ڈی پورٹ کیے جانے کا امکان ہے
امریکی محکمہ انصاف کے مطابق نکھل گپتا بھارت میں مقیم تھا اور اس نے اپنی بعض گفتگو میں خود کو بین الاقوامی منشیات اور اسلحے کی اسمگلنگ میں ملوث بتایا تھا،امریکی حکام کا کہنا ہے کہ مئی 2023 میں بھارتی سرکاری اہلکار وکاش یادو نے گپتا کو گرپتونت سنگھ پنوں کے قتل کی منصوبہ بندی کے لیے بھرتی کیا،گپتا نے نیویارک میں ایک ایسے شخص سے رابطہ کیا جسے وہ جرائم پیشہ ساتھی سمجھتا تھا، لیکن وہ دراصل امریکی ڈرگ انفورسمنٹ ایڈمنسٹریشن (DEA) کا مخبر تھا،اسی رابطے کے ذریعے گپتا کی ملاقات ایک مبینہ قاتل سے کرائی گئی، جو حقیقت میں امریکی قانون نافذ کرنے والے ادارے کا خفیہ اہلکار تھا
استغاثہ کے مطابق قتل کے لیے 100,000 ڈالر دینے پر بات طے ہوئی، جبکہ 9 جون 2023 کو 15,000 ڈالر بطور پیشگی رقم بھی فراہم کیے گئے،منصوبے کے تحت پنوں کی رہائش، فون نمبرز اور روزمرہ سرگرمیوں سے متعلق معلومات حاصل کرکے قاتل کو فراہم کی گئی تھیں،امریکی حکام کے مطابق گپتا قتل کی کارروائی جلد مکمل کرنے پر زور دے رہا تھا
اس سازش کے مرکزی کرداروں میں بھارتی سرکاری اہلکار وکاش یادو بھی شامل ہے، جس کے بارے میں امریکی عدالتی دستاویزات میں کہا گیا ہے کہ وہ بھارتی حکومت کے کابینہ سیکریٹریٹ سے وابستہ تھا، جس کے تحت بھارت کا بیرونی انٹیلی جنس ادارہ ریسرچ اینڈ اینالیسس ونگ (RAW) بھی کام کرتا ہے۔ وکاش یادو کو اس مقدمے میں ملزم نامزد کیا گیا ہے، تاہم وہ تاحال امریکی حکام کی تحویل میں نہیں ہے
گرپتونت سنگھ پنوں، جو امریکی شہری اور وکیل ہیں، سکھوں کی علیحدہ ریاست خالصتان کے قیام کی تحریک کے نمایاں رہنما اور تنظیم سکھس فار جسٹس سے وابستہ ہیں،وہ بھارتی حکومت کے سخت ناقد ہیں اور بھارت نے ان کی تنظیم پر پابندی عائد کر رکھی ہے،امریکی حکام کے مطابق قتل کی سازش کو بروقت بے نقاب کرکے ناکام بنایا گیا، تاہم اس مقدمے نے امریکہ میں بھارتی ریاستی اداروں کے ممکنہ کردار سے متعلق تحقیقات اور سفارتی کشیدگی کو جنم دیا
اس مقدمے کا ایک اہم پہلو یہ بھی ہے کہ گرپتونت سنگھ پنوں نے امریکی عدالت میں الگ سول مقدمہ دائر کر رکھا ہے، جس میں بھارتی حکومت، قومی سلامتی کے مشیر اجیت ڈوول، سابق را چیف سامنت گوئل، را کے اہلکار وکرم یادو، نکھل گپتا اور دیگر نامعلوم افراد کو فریق بنایا گیا ہے،9 نومبر 2026 کو امریکی وفاقی عدالت نے اجیت ڈوول اور سامنت گوئل کو بھارتی عدالتی نظام کے ذریعے قانونی نوٹس پہنچانے کی اجازت دے دی،اس مقدمے میں بھارتی اعلیٰ حکومتی اور انٹیلی جنس شخصیات کو نامزد کیے جانے کے باوجود وہ امریکی عدالت میں پیش نہیں ہوئے، جبکہ عدالت نے بھارت کے متعلقہ عدالتی اداروں سے نوٹس پہنچانے اور کارروائی کا ریکارڈ فراہم کرنے میں تعاون طلب کیا ہے
نکھل گپتا کی گرفتاری 30 جون 2023 کو جمہوریہ چیک کے دارالحکومت پراگ میں امریکی درخواست پر عمل کرتے ہوئے عمل میں آئی تھی،بعد ازاں جون 2024 میں انہیں امریکہ کے حوالے کیا گیا،ان کی گرفتاری اور حوالگی کے بعد یہ مقدمہ امریکی عدالتوں میں آگے بڑھا، جہاں فروری 2026 میں انہوں نے اعتراف جرم کیا
امریکی عدالتی ریکارڈ کے مطابق نکھل گپتا بھارتی شہری اور بھارت کا سابق رہائشی ہے، تاہم اس کے آبائی شہر، خاندان کے موجودہ مقام، امریکہ میں مستقل یا عارضی رہائش، کاروبار اور ذاتی خاندانی تفصیلات کے بارے میں مستند عوامی معلومات محدود ہیں،امریکی استغاثہ کے ریکارڈ میں اسے بھارت میں مقیم شخص قرار دیا گیا ہے،
اس مقدمے میں بھارت کی حکومت نے مبینہ سازش میں ریاستی اداروں کے کردار سے متعلق الزامات کی تردید اور لاتعلقی کا اظہار کیا ہے، جبکہ امریکہ میں عدالتی کارروائی اور نکھل گپتا کے اعتراف جرم نے اس معاملے کو ایک فرد کے خلاف مقدمے سے آگے بڑھا کر بھارت کے انٹیلی جنس نظام، بیرون ملک مخالفین کو نشانہ بنانے کے الزامات اور دونوں ممالک کے سفارتی تعلقات کے لیے ایک اہم معاملہ بنا دیا ہے

قومی خبریں سے مزید