اقوام متحدہ کے ادارے یونیسکو کی ایک نئی رپورٹ میں خبردار کیا گیا ہے کہ 2030 تک دنیا کے ہر بچے کو کم از کم ایک سال کی پری پرائمری تعلیم فراہم کرنے کے لیے سالانہ 35 ارب ڈالر کی اضافی سرمایہ کاری درکار ہوگی یہ رقم صرف کم آمدنی اور نچلے متوسط آمدنی والے ممالک میں تعلیم کے اس بنیادی مرحلے کی ضروریات پوری کرنے کے لیے درکار ہے، جبکہ سرکاری وسائل سے اس ضرورت کا صرف نصف پورا ہونے کا امکان ہے اس طرح ہر سال تقریباً 35 ارب ڈالر کی مالی کمی برقرار رہے گی
یونیسکو نے یہ رپورٹ بچوں کے عالمی دن کے موقع پر جاری کی ہے، جو یونیسیف اور اقتصادی تعاون و ترقی کی تنظیم کے اشتراک سے تیار کی گئی ہے۔ رپورٹ کے مطابق دنیا بھر میں پرائمری اسکول میں داخل ہونے والے ہر 10 میں سے صرف 6 بچوں نے اس سے پہلے کم از کم ایک سال پری اسکول یا ابتدائی تعلیم حاصل کی ہوتی ہے گزشتہ ایک دہائی کے دوران اس شعبے میں پیش رفت تقریباً رک گئی ہے، جس کے باعث لاکھوں بچے اپنی تعلیمی زندگی کا آغاز ہی دوسروں کے مقابلے میں پیچھے رہ کر کرتے ہیں
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ 2003 میں ابتدائی بچپن کی تعلیم میں بچوں کی شمولیت کی شرح 64 فیصد تھی، جو 2024 میں بڑھ کر 75 فیصد تک پہنچی، لیکن گزشتہ 10 برس میں اس رفتار میں نمایاں کمی آئی ہے۔ 2015 کے بعد سے پرائمری اسکول میں داخلے سے پہلے ایک سال کی پری پرائمری تعلیم حاصل کرنے والے بچوں کی عالمی شرح تقریباً 59 فیصد کے آس پاس رکی ہوئی ہے اس کا مطلب ہے کہ دنیا کے 40 فیصد سے زیادہ بچے باقاعدہ اسکول جانے سے پہلے اس بنیادی تعلیمی مرحلے سے محروم رہ جاتے ہیں
دنیا کے مختلف خطوں میں یہ فرق مزید واضح ہے۔ 2024 میں یورپ، شمالی امریکا، لاطینی امریکا اور کیریبین کے بیشتر علاقوں میں پرائمری اسکول سے پہلے ایک سال کی تعلیم حاصل کرنے والے بچوں کی شرح 90 فیصد سے زیادہ تھی، جبکہ شمالی افریقا، مغربی ایشیا اور سب صحارا افریقا میں یہ شرح تقریباً 50 فیصد کے قریب رہی اس فرق سے ظاہر ہوتا ہے کہ بچے کی ابتدائی تعلیم کے مواقع کا انحصار بڑی حد تک اس ملک اور معاشرے کی معاشی حالت پر ہے جہاں وہ پیدا ہوتا ہے
یونیسکو کے مطابق کم اور نچلے متوسط آمدنی والے ممالک کو 2027 سے 2030 کے درمیان ہر سال اوسطاً 69 ارب ڈالر خرچ کرنے کی ضرورت ہوگی تاکہ بچوں کو کم از کم ایک سال کی پری پرائمری تعلیم فراہم کی جاسکے اور تعلیم کا معیار بھی برقرار رکھا جاسکے لیکن ان ممالک کی حکومتیں اس رقم کا تقریباً نصف ہی فراہم کر پائیں گی۔ نتیجتاً سالانہ 35 ارب ڈالر کا خلا باقی رہے گا اس شعبے پر سرکاری تعلیمی بجٹ کا اوسطاً صرف 3 سے 4 فیصد خرچ کیا جاتا ہے، جو ضروریات کے مقابلے میں انتہائی کم ہے
اس کم سرمایہ کاری کے نتائج اسکولوں میں بھی نظر آتے ہیں کلاس رومز میں بچوں کی تعداد ضرورت سے زیادہ ہوتی ہے، اساتذہ کی تربیت ناکافی رہتی ہے اور خصوصی ضروریات رکھنے والے بچوں کے لیے مناسب سہولتیں موجود نہیں ہوتیں۔ غریب خاندانوں اور بحران سے متاثرہ علاقوں کے بچے اس صورتحال سے سب سے زیادہ متاثر ہوتے ہیں رپورٹ کے مطابق دنیا بھر میں 24 سے 59 ماہ کی عمر کے صرف 64 فیصد بچے اپنی عمر کے مطابق نشوونما اور ابتدائی سیکھنے کے مراحل طے کر رہے ہیں، جبکہ سب صحارا افریقا میں یہ شرح صرف 53 فیصد ہے
رپورٹ نے اس بات پر بھی زور دیا ہے کہ ابتدائی تعلیم پر خرچ نہ کرنا محض تعلیمی نقصان نہیں بلکہ معاشی نقصان بھی ہے بچوں کی نگہداشت اور ابتدائی تعلیم میں سرمایہ کاری کی کمی سے عالمی معیشت کو مجموعی قومی پیداوار کے تقریباً 3 فیصد کے برابر نقصان پہنچنے کا اندازہ ہے، جبکہ کم آمدنی والے ممالک میں یہ نقصان 7 فیصد تک پہنچ سکتا ہے اس کے برعکس، بچوں کی نگہداشت سے متعلق پالیسیوں کی خامیاں دور کرنے پر لگایا گیا ہر ایک ڈالر 2035 تک عالمی مجموعی قومی پیداوار میں اندازاً 3.76 ڈالر کا اضافہ کرسکتا ہے
ایک اور سنگین مسئلہ تربیت یافتہ اساتذہ کی کمی ہے دنیا کو 2030 تک پری پرائمری تعلیم کے لیے تقریباً 60 لاکھ اضافی اساتذہ درکار ہوں گے، جبکہ کم آمدنی والے ممالک میں اس وقت صرف 57 فیصد پری پرائمری اساتذہ کم از کم مطلوبہ تربیتی معیار پر پورا اترتے ہیں یونیسکو نے حکومتوں پر زور دیا ہے کہ وہ ابتدائی تعلیم کے لیے مستقل اور طویل مدتی فنڈنگ مختص کریں، تین سال سے کم عمر بچوں کی تعلیم و نگہداشت پر بھی توجہ دیں، غریب اور محروم آبادیوں کے بچوں کو ترجیح دیں اور اساتذہ کی تربیت اور سرکاری پری اسکولوں کی تعداد میں اضافہ کریں
یہ رپورٹ پاکستان جیسے ممالک کے لیے بھی ایک اہم تنبیہ ہے، جہاں تعلیم کے شعبے میں پہلے ہی وسائل کی کمی، غربت، سرکاری اسکولوں کی ناقص حالت اور تعلیمی سہولتوں تک غیر مساوی رسائی جیسے مسائل موجود ہیں ایسے معاشروں میں غریب خاندانوں کے بچوں کو معیاری ابتدائی تعلیم تک رسائی نہ ملنا ان کے مستقبل کے امکانات محدود کردیتا ہے امیر گھرانوں کے بچے نجی اداروں میں ابتدائی تعلیم حاصل کرکے بہتر تیاری کے ساتھ اسکول پہنچتے ہیں، جبکہ غریب بچوں کی بڑی تعداد کو یہ موقع ہی نہیں ملتا یوں تعلیمی فرق بچے کی عمر کے ابتدائی برسوں ہی میں پیدا ہونا شروع ہوجاتا ہے
اصل سوال یہ ہے کہ حکومتیں تعلیم کو قومی ترجیح قرار دینے کے باوجود بجٹ میں اس کے لیے مناسب وسائل کیوں مختص نہیں کرتیں؟ عمارتیں، تربیت یافتہ اساتذہ، کتابیں، محفوظ ماحول اور بچوں کی ضروریات کے مطابق تعلیمی پروگرام کسی بھی مضبوط نظام کی بنیادی شرائط ہیں صرف اسکولوں میں داخلوں کے اعداد و شمار بڑھا دینا کافی نہیں، جب تک بچوں کو معیاری تعلیم اور سیکھنے کے یکساں مواقع فراہم نہ کیے جائیں
یونیسکو کی رپورٹ کا بنیادی پیغام واضح ہے کہ بچے کی تعلیم کا آغاز پرائمری اسکول سے نہیں بلکہ اس سے پہلے ہوتا ہے اگر ریاستیں زندگی کے ابتدائی برسوں میں بچوں کو نظر انداز کریں گی تو بعد میں تعلیمی پسماندگی، غربت اور معاشی عدم مساوات کو ختم کرنے کے لیے کہیں زیادہ وسائل خرچ کرنا پڑیں گے تعلیم پر آج کی سرمایہ کاری دراصل آنے والی نسلوں کے مستقبل میں سرمایہ کاری ہے، اور اس ذمہ داری سے حکومتیں محض مالی مشکلات کا حوالہ دے کر جان نہیں چھڑا سکتیں






