وسط مدتی انتخابات کے دو ہفتے بعد سینیٹ کی ووٹوں کی گنتی مکمل، ایوانِ نمائندگان کے 7 حلقوں کے نتائج ابھی باقی
واشنگٹن: امریکہ کے مڈٹرم انتخابات کے 2 ہفتے بعد سینیٹ کی تمام نشستوں پر ووٹوں کی گنتی مکمل ہو گئی ہے، جبکہ ایوانِ نمائندگان کے 7 انتخابی حلقوں میں ابھی نتائج کا انتظار ہے،الاسکا میں ڈیموکریٹک امیدوار میری پیلٹولا کی کامیابی کے اعلان کے بعد سینیٹ کی آخری غیر طے شدہ نشست کا فیصلہ بھی ہو گیا، جس کے ساتھ سینیٹ کے انتخابی نتائج کی گنتی مکمل ہو گئی ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق انتخابات کے فوری بعد، 4 نومبر کی صبح تقریباً 3 بجے تک یہ واضح ہو چکا تھا کہ ڈیموکریٹس آئندہ کانگریس میں ایوانِ نمائندگان اور سینیٹ دونوں کا کنٹرول حاصل کر لیں گے، تاہم تمام ووٹوں کی گنتی مکمل ہونے میں مزید 2 ہفتے لگ گئے
الاسکا میں سابق رکن کانگریس میری پیلٹولا نے ری پبلکن امیدوار اور موجودہ سینیٹر ڈین سلیوان کو شکست دے کر سینیٹ کی آخری غیر طے شدہ نشست حاصل کی،اس سے قبل مسی سپی میں سینیٹ کا انتہائی قریبی مقابلہ 11 نومبر کو مکمل نتائج کے بعد ڈیموکریٹک امیدوار کے حق میں قرار دیا گیا تھا، جہاں دونوں امیدواروں کے درمیان ووٹوں کا فرق صرف چند سو تھا
ایوانِ نمائندگان میں ابھی 7 حلقوں کے نتائج کا حتمی اعلان باقی ہے،ان حلقوں میں اب تک شمار نہ ہونے والے ووٹوں کی تعداد ایسی ہے کہ دونوں جماعتوں کے امیدوار کامیابی حاصل کر سکتے ہیں،اس لیے ان نشستوں کے حتمی نتائج آنے تک ڈیموکریٹس کی اکثریت کی مکمل تعداد کا تعین نہیں کیا جاسکتا ، تاہم ایوانِ نمائندگان میں 428 نشستوں کے نتائج کے مطابق ڈیموکریٹس کی 257 اور ریپبلکنز کی 171 نشستیں ہو چکی ہیں،باقی 7 نشستوں میں 5 پر ڈیموکریٹک اور 2 پر ریپبلکن امیدوار آگے ہیں
رپورٹ کے مطابق بڑے شہروں میں ووٹوں کی گنتی نسبتاً سست رہتی ہے کیونکہ وہاں ووٹوں کی تعداد زیادہ ہوتی ہے، جبکہ ڈاک کے ذریعے ڈالے گئے ووٹوں، انتخابی قوانین، قانونی اعتراضات اور گنتی کے انتظامی مراحل کی وجہ سے بھی نتائج کے اعلان میں تاخیر ہوتی ہے،بعض ریاستوں میں دیہی علاقوں کے ووٹ پہلے شمار ہونے کے باعث ابتدائی نتائج ری پبلکن امیدواروں کے حق میں دکھائی دیتے ہیں، جبکہ بعد میں شہری علاقوں کے ووٹ شامل ہونے سے انتخابی تصویر تبدیل ہو جاتی ہے،انتخابی سیاست میں اس صورت حال کو ریڈ میراج (Red Mirage) کہا جاتا ہے
ان نتائج کے بعد ڈیموکریٹس کی دونوں ایوانوں میں کامیابی تو واضح ہو چکی ہے، لیکن ایوانِ نمائندگان کے باقی 7 حلقوں کی گنتی مکمل ہونے کے بعد ہی یہ معلوم ہو سکے گا کہ آئندہ کانگریس میں پارٹی کو کتنی بڑی عددی برتری حاصل ہوگی،یہ اکثریت صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی باقی مدتِ صدارت کے دوران قانون سازی، حکومتی نگرانی اور انتظامیہ کے احتساب کے حوالے سے اہم کردار ادا کرے گی






