Chief Editor : Mohammad Afaq Farooqi
Contributing Editor : Ahmad Waqas Riaz

سیکریٹری ہوم لینڈ سکیورٹی مارک وین مولن کانگریس میں سخت سوالات کی زد میں، امیگریشن کارروائیوں پر معافی مانگنے سے انکار

سیکریٹری ہوم لینڈ سکیورٹی مارک وین مولن کانگریس میں سخت سوالات کی زد میں، امیگریشن کارروائیوں پر معافی مانگنے سے انکار

واشنگٹن:سیکریٹری ہوم لینڈ سکیورٹی مارک وین مولن کو صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی امیگریشن پالیسیوں پر عمل درآمد اور محکمہ ہوم لینڈ سکیورٹی کی کارکردگی کے حوالے سے بدھ کو ایوانِ نمائندگان کی ہوم لینڈ سکیورٹی کمیٹی میں سخت سوالات کا سامنا کرنا پڑا،ڈیموکریٹک ارکان کے علاوہ صدر ٹرمپ کے بعض ری پبلکن اتحادیوں نے بھی ان کی قیادت، امیگریشن قوانین کے نفاذ اور حالیہ دنوں میں ایئرلائنز اور بینکاری نظام کو متاثر کرنے والی تکنیکی بندشوں سے نمٹنے کے طریقہ کار پر تنقید کی
مولن، جو اس وقت ٹرمپ انتظامیہ کی سخت امیگریشن پالیسیوں پر عمل درآمد کرنے والے اہم ترین حکومتی عہدیدار ہیں، کمیٹی کی سالانہ عالمی خطرات سے متعلق سماعت میں اپنے محکمے کے دفاع پر ڈٹے رہے،ڈیموکریٹک ارکان نے امیگریشن اہلکاروں پر مبینہ اختیارات سے تجاوز، سخت کارروائیوں اور شہریوں کے ساتھ ناروا سلوک کے الزامات اٹھائے، تاہم مولن نے ان الزامات کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ ان کے اہلکارامیگریشن قوانین پر عمل درآمد کر رہے ہیں
سماعت کے دوران نیو جرسی سے ڈیموکریٹ رکن کانگریس لامونیکا میک آئیور کے ساتھ ان کی تلخ گفتگو خاص طور پر توجہ کا مرکز بنی،مولن نے واضح الفاظ میں کہا کہ وہ امریکی امیگریشن قوانین نافذ کرنے کے لیے اپنے محکمے کے اقدامات پر کبھی معافی نہیں مانگیں گے،ان کا کہنا تھا کہ امیگریشن قوانین پر عمل درآمد محکمہ ہوم لینڈ سکیورٹی کی ذمہ داری ہے اور وہ اس ذمہ داری سے پیچھے نہیں ہٹیں گے
مولن نے بعض معاملات کی ذمہ داری اپنی پیش رو کرسٹی نوم پر بھی منتقل کرنے کی کوشش کی، جنہیں اپنے دور میں مبینہ مفادات کے ٹکراؤ اور بدانتظامی کے الزامات کا سامنا رہا تھا،ان پر منی ایپولس میں امیگریشن اہلکاروں کے ہاتھوں 2 امریکی شہریوں کی ہلاکتوں کے بعد حکومتی ردعمل مناسب انداز میں نہ دینے پر بھی تنقید ہوئی تھی،بعد ازاں انہیں عہدے سے ہٹا دیا گیا تھا
یہ سماعت ایسے وقت میں ہوئی ہے جب ٹرمپ انتظامیہ کی امیگریشن پالیسیوں، وفاقی اہلکاروں کے اختیارات اور ملک بھر میں امیگریشن کارروائیوں کے طریقہ کار پر سیاسی اور قانونی بحث شدت اختیار کر رہی ہے،مولن کے سخت مؤقف سے ظاہر ہوا کہ انتظامیہ امیگریشن قوانین کے نفاذ کے معاملے میں اپنی پالیسی کا دفاع جاری رکھنا چاہتی ہے، جبکہ کانگریس میں ڈیموکریٹس ان کارروائیوں کی نگرانی اور جواب دہی کا مطالبہ کر رہے ہیں

قومی خبریں سے مزید