کیلیفورنیا میں ری پبلکن پارٹی کو تاریخی شکست، کانگریس کی 52 میں سے صرف 4 نشستیں مل سکیں، ڈیموکریٹس نے 48 نشستوں پر کامیابی حاصل کر لی
کیلیفورنیا: امریکہ کی سب سے زیادہ آبادی والی ریاست کی وسط مدتی انتخابی سیاست میں ری پبلکن پارٹی کو غیر معمولی شکست کا سامنا کرنا پڑا ہے، جہاں امریکی ایوانِ نمائندگان کی 52 نشستوں میں سے صرف 4 ری پبلکن امیدواروں کے حصے میں آئیں، جبکہ ڈیموکریٹک پارٹی نے 48 نشستیں حاصل کر کے ریاست میں اپنی سیاسی پوزیشن مزید مستحکم کر لی ہے
میڈیا رپورٹس کے مطابق ڈیموکریٹس نے ان انتخابات میں ری پبلکنز سے 5 نشستیں چھین لیں،اس نتیجے کے بعد واشنگٹن میں کیلیفورنیا کی نئی کانگریشنل نمائندگی میں ڈیموکریٹس کی 48 اور ری پبلکنز کی صرف 4 نشستیں ہوں گی،گزشتہ کئی دہائیوں میں یہ ری پبلکن پارٹی کی ریاست میں سب سے کمزور پارلیمانی نمائندگی قرار دی جا رہی ہے
اس انتخابی نتیجے میں کیلیفورنیا کے ڈیموکریٹک گورنر گیون نیوسم کی قیادت میں کی گئی انتخابی حلقہ بندیوں کی تبدیلی نے اہم کردار ادا کیا،نئی حلقہ بندیوں کے ساتھ ملک بھر میں ڈیموکریٹس کی انتخابی کامیابی کی لہر نے ایسے حلقوں میں بھی ری پبلکن امیدواروں کو شکست دی جہاں ماضی میں صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو حمایت حاصل رہی تھی
مقامی نیوز ادارے کیل میٹرز کے مطابق آخری مرتبہ کیلیفورنیا میں ری پبلکن پارٹی کے پاس صرف 4 ایوانی نشستیں 1937 میں تھیں، تاہم اس وقت ریاست کی مجموعی کانگریشنل نشستوں کی تعداد صرف 20 تھی،موجودہ انتخابات میں 52 میں سے 48 نشستیں حاصل کرنا ڈیموکریٹس کی غیر معمولی کامیابی ہے
کیلیفورنیا میں ڈیموکریٹک پارٹی طویل عرصے سے اکثریتی حیثیت رکھتی ہے، تاہم ریاست کے قدامت پسند اور دیہی علاقوں میں ری پبلکن امیدواروں کے مضبوط انتخابی مراکز موجود رہے ہیں،حالیہ انتخابات کے نتائج سے ظاہر ہوتا ہے کہ ڈیموکریٹس نے ان علاقوں میں بھی اپنی حمایت بڑھانے میں کامیابی حاصل کی ہے
اس کامیابی کا ایک اہم سیاسی پہلو گیون نیوسم کی قومی سطح پر بڑھتی ہوئی اہمیت بھی ہے،انتخابی حلقہ بندیوں کے ذریعے ڈیموکریٹس نے نہ صرف کیلیفورنیا میں اپنی نشستوں کا تحفظ کیا بلکہ وفاقی کانگریس میں بھی پارٹی کی مجموعی عددی قوت بڑھانے میں حصہ ڈالا،دوسری طرف ری پبلکن پارٹی کے لیے یہ نتیجہ اس بات کا جائزہ لینے کا موقع ہے کہ ٹرمپ کی حمایت یافتہ انتخابی سیاست کے باوجود کیلیفورنیا جیسے بڑے سیاسی مرکز میں اس کی نمائندگی مسلسل محدود کیوں ہو رہی ہے






