دنیا کی مذہبی آبادی میں ایک بڑی تبدیلی متوقع ہے اور 2035 تک مسلمانوں کی تعداد عیسائیوں سے بڑھ کر دنیا کا سب سے بڑا مذہبی گروہ بن سکتی ہے امریکی تحقیقی ادارے پیو ریسرچ سینٹر کی نئی عالمی تحقیق کے مطابق اس تبدیلی کی بنیادی وجہ مسلمانوں میں شرح پیدائش کا زیادہ ہونا اور ان کی نسبتاً نوجوان آبادی ہے تحقیق میں واضح کیا گیا ہے کہ اس اضافے کی بڑی وجہ مذہب تبدیل کرنا نہیں بلکہ پیدائش اور آبادی کی قدرتی افزائش ہے
تحقیق کے مطابق 2020 میں دنیا بھر میں عیسائیوں کی تعداد تقریباً 2 ارب 27 کروڑ تھی، جبکہ مسلمانوں کی تعداد 2 ارب 2 کروڑ ریکارڈ کی گئی تاہم موجودہ آبادیاتی رجحانات برقرار رہنے کی صورت میں 2035 تک مسلمانوں کی تعداد بڑھ کر تقریباً 2 ارب 57 کروڑ اور عیسائیوں کی تعداد 2 ارب 52 کروڑ تک پہنچنے کا امکان ہے اس طرح مسلمان پہلی مرتبہ دنیا کے سب سے بڑے مذہبی گروہ کی حیثیت اختیار کرلیں گے
تحقیق میں مسلمانوں کی آبادی میں اضافے کی سب سے اہم وجہ شرح پیدائش کو قرار دیا گیا ہے۔ 2020 سے 2025 کے دوران مسلمان خواتین میں اوسط شرح پیدائش 3.1 بچے فی خاتون رہی، جبکہ عیسائی خواتین میں یہ شرح 2.5 بچے تھی دوسرے مذاہب سے تعلق رکھنے والی خواتین میں یہ اوسط 1.6 بچے ریکارڈ کی گئی ماہرین کے مطابق یہی فرق آنے والی دہائیوں میں مذہبی آبادی کے عالمی تناسب کو تبدیل کرنے میں بنیادی کردار ادا کرے گا
پیو ریسرچ سینٹر کے ماہر آبادیات کونراڈ ہیکیٹ کے مطابق اس تبدیلی کی بنیادی وجہ مذہب تبدیل کرنے کے بجائے بچوں کی پیدائش ہے ان کے مطابق مذہبی تبدیلیوں کا اثر موجود ضرور ہے لیکن شرح پیدائش کے مقابلے میں اس کا کردار کہیں محدود ہے
تحقیق کے مطابق 2020 سے 2025 کے دوران مسلمان ماؤں کے ہاں تقریباً 25 کروڑ 20 لاکھ بچے پیدا ہوئے، جبکہ عیسائی ماؤں کے ہاں پیدا ہونے والے بچوں کی تعداد تقریباً 20 کروڑ 80 لاکھ رہی اس فرق کے باعث مسلمان آبادی میں اضافے کی رفتار زیادہ رہنے کا امکان ہے
تحقیق میں 2070 تک کے آبادیاتی رجحانات کا بھی جائزہ لیا گیا ہے اندازہ ہے کہ اس وقت تک دنیا بھر میں مسلمانوں کی تعداد 3 ارب 60 کروڑ سے تجاوز کرجائے گی، جبکہ عیسائیوں کی آبادی تقریباً 3 ارب کے قریب ہوگی مسلمانوں کا عالمی آبادی میں حصہ تقریباً 35.8 فیصد تک پہنچ سکتا ہے، جبکہ عیسائیوں کا تناسب تقریباً 29 فیصد رہنے کا امکان ہے
اس تحقیق کا ایک اہم پہلو افریقہ میں آبادی کی تیزی سے بدلتی ہوئی صورتحال ہے افریقہ کے صحرائے صحارا کے جنوب میں واقع ممالک میں مسلمانوں اور عیسائیوں دونوں کی آبادی تیزی سے بڑھنے کی توقع ہے اس خطے میں نوجوان آبادی اور زیادہ شرح پیدائش عالمی مذہبی نقشے کو تبدیل کررہی ہے۔ 2070 تک دنیا کے نصف سے زیادہ عیسائیوں کے اسی افریقی خطے میں رہنے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے جمہوریہ کانگو عیسائی آبادی کے اعتبار سے امریکا کو پیچھے چھوڑ کر دنیا کا سب سے بڑا عیسائی آبادی والا ملک بن سکتا ہے
مسلم آبادی کے حوالے سے بھی اہم تبدیلی متوقع ہے۔ اس وقت انڈونیشیا دنیا کا سب سے زیادہ مسلمان آبادی والا ملک ہے، لیکن 2070 تک پاکستان کے اس کی جگہ لینے کا امکان ہے اس کے بعد بھارت، نائجیریا اور انڈونیشیا کا نمبر آسکتا ہے پاکستان کی آبادی میں نوجوانوں کا بڑا حصہ اور شرح پیدائش اس تبدیلی کی اہم وجوہات میں شامل ہیں
شمالی امریکا میں بھی مذہبی آبادی کا تناسب تبدیل ہونے کا امکان ہے۔ تحقیق کے مطابق کینیڈا میں عیسائی آبادی 2030 تک مجموعی آبادی کے 50 فیصد سے نیچے آسکتی ہے امریکا میں بھی آنے والی دہائیوں کے دوران عیسائی اکثریت ختم ہونے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے اس تبدیلی کی ایک بڑی وجہ وہ لوگ ہیں جو کسی مذہب سے اپنی وابستگی ظاہر نہیں کرتے۔ ایسے افراد کی تعداد دونوں ممالک میں بڑھ رہی ہے
تحقیق کے مطابق 2070 تک کینیڈا میں مذہب سے غیر وابستہ افراد کی تعداد عیسائیوں سے بڑھ سکتی ہے امریکا میں بھی عیسائی آبادی کا تناسب کم ہونے کی توقع ہے، اگرچہ عیسائیت وہاں سب سے بڑا مذہبی گروہ برقرار رہ سکتی ہے
دنیا کے دیگر مذاہب کے حوالے سے تحقیق میں بتایا گیا ہے کہ ہندوؤں اور یہودیوں کی مجموعی تعداد میں اضافہ ہوسکتا ہے، لیکن عالمی آبادی میں ان کا تناسب کم ہونے کا امکان ہے بدھ مت کے پیروکاروں کی تعداد اور عالمی تناسب دونوں میں کمی متوقع ہے اس کی ایک وجہ چین، جنوبی کوریا اور جاپان جیسے ممالک میں مجموعی آبادی کا سکڑنا ہے
پیو ریسرچ سینٹر نے اپنی تحقیق میں 201 ممالک اور علاقوں کے اعداد و شمار استعمال کیے ہیں، جو دنیا کی تقریباً 99.98 فیصد آبادی کا احاطہ کرتے ہیں اس میں شرح پیدائش، عمر کے لحاظ سے آبادی کی تقسیم، اموات، نقل مکانی اور مذہب تبدیل کرنے کے رجحانات کو شامل کیا گیا ہے یہ اعداد و شمار مستقبل کی حتمی پیش گوئی نہیں بلکہ موجودہ رجحانات برقرار رہنے کی صورت میں ممکنہ تبدیلیوں کا تخمینہ ہیں
ماہرین نے اس بات پر بھی زور دیا ہے کہ مسلمانوں کی آبادی کا عیسائیوں سے بڑھ جانا لازماً کسی دوسرے مذہب کی آبادی میں براہ راست کمی کا نتیجہ نہیں ہوگا دونوں بڑے مذاہب کی آبادی بڑھنے کا امکان ہے، لیکن مسلمانوں کی آبادی زیادہ تیزی سے بڑھے گی اس لیے اس تبدیلی کو مذہبی مقابلے یا کسی ایک مذہب کی فتح کے بجائے عالمی آبادی کے بدلتے ہوئے رجحانات کے تناظر میں دیکھنا چاہیے
تحقیق کا ایک اہم پیغام یہ بھی ہے کہ آنے والی نصف صدی میں دنیا کی مذہبی اور جغرافیائی ترتیب تبدیل ہوسکتی ہے ایشیا اور افریقہ عالمی مسلم آبادی کے اہم مراکز رہیں گے، جبکہ عیسائیت کا مرکز یورپ اور شمالی امریکا سے مزید منتقل ہوکر افریقہ کی جانب جاسکتا ہے اس تبدیلی کے اثرات صرف مذہبی آبادی تک محدود نہیں رہیں گے بلکہ مختلف معاشروں کی ثقافت، سیاست، تعلیم اور بین المذاہب تعلقات پر بھی پڑسکتے ہیں






