Chief Editor : Mohammad Afaq Farooqi
Contributing Editor : Ahmad Waqas Riaz

کافی خریدنے والوں کا ڈیٹا اسرائیلی انٹیلی جنس سے وابستہ کمپنی کو دینے کا الزام، ٹم ہارٹنز پر نئے سوالات

کینیڈا کے معروف کافی برانڈ ٹم ہارٹنز پر صارفین کی نجی معلومات ایک اسرائیلی سائبر ٹیکنالوجی کمپنی کو منتقل کرنے کا الزام سامنے آیا ہے، جس کے بانی اسرائیلی فوج کے انٹیلی جنس یونٹ 8200 سے وابستہ رہ چکے ہیں اس انکشاف نے کینیڈا میں شہریوں کی نجی زندگی، موبائل فون کے ڈیٹا کے تحفظ اور بڑی کمپنیوں کی جواب دہی سے متعلق سنگین سوالات کھڑے کردیے ہیں
کینیڈین تنظیم کینیڈینز فار جسٹس اینڈ پیس اِن دی مڈل ایسٹ کے مطابق ٹم ہارٹنز کی موبائل ایپ صارفین کے فون سے حساس معلومات جمع کرکے فورٹر نامی کمپنی کو منتقل کرتی ہے۔ اس کمپنی کے بانی مائیکل ریٹبلٹ، لیرون دامری اور ایلون شیمش اسرائیلی فوج کے انٹیلی جنس یونٹ 8200 سے وابستہ رہے ہیں
یہ معاملہ اس وقت سامنے آیا جب کینیڈا میں استعمال ہونے والی 6 مقبول موبائل ایپس کی تحقیقات کی گئیں ان میں ٹم ہارٹنز، پی سی آپٹیمم، ویدر نیٹ ورک، فیس بک، ایمیزون اور یوٹیوب شامل تھیں یونیورسٹی آف کیلگری کے کمپیوٹر سائنس کے محقق جوئل ریئرڈن اور ان کی ٹیم نے ان ایپس کے ذریعے منتقل ہونے والی معلومات کا جائزہ لیا
تحقیق میں معلوم ہوا کہ ٹم ہارٹنز کی ایپ کھولتے ہی صارف کے موبائل فون سے مختلف قسم کی معلومات بیرونی کمپنیوں کو منتقل ہونا شروع ہوجاتی ہیں ان معلومات میں فون کا منفرد شناختی نمبر، موبائل کیمرے کی تکنیکی تفصیلات، فون میں موجود مختلف سینسرز کی فہرست، صارف کے الارم اور رنگ ٹونز کے نام اور اردگرد موجود وائی فائی نیٹ ورکس کے نام تک شامل ہیں
ماہرین کے مطابق وائی فائی نیٹ ورکس کی معلومات سے صارف کے ممکنہ مقام کا اندازہ لگایا جاسکتا ہے مختلف معلومات کو یکجا کرکے موبائل فون کی ایسی ڈیجیٹل شناخت بھی تیار کی جاسکتی ہے جس کے ذریعے مستقبل میں اس آلے کو پہچاننا ممکن ہو اس طرح بظاہر معمولی دکھائی دینے والی معلومات بھی صارف کی نجی زندگی اور نقل و حرکت کے بارے میں اہم تفصیلات ظاہر کرسکتی ہیں
تحقیقات کے بعد کینیڈین تنظیم نے اس بیرونی کمپنی کی شناخت فورٹر کے طور پر کی اس کمپنی کے بانیوں کا تعلق اسرائیلی فوج کے انٹیلی جنس یونٹ 8200 سے رہا ہے۔ یہ یونٹ سگنلز انٹیلی جنس، سائبر نگرانی اور مواصلاتی معلومات جمع کرنے کے حوالے سے معروف ہے فلسطینی علاقوں میں نگرانی کے نظام اور اس یونٹ کے کردار پر انسانی حقوق کی تنظیموں اور ٹیکنالوجی کے ماہرین کی جانب سے طویل عرصے سے سوالات اٹھائے جاتے رہے ہیں
ٹم ہارٹنز نے اپنے مؤقف میں کہا ہے کہ صارفین کی معلومات جمع کرنے کا مقصد فراڈ کی روک تھام، اکاؤنٹس کا تحفظ اور ادائیگیوں کے نظام کے غلط استعمال کو روکنا ہے، نہ کہ اشتہارات یا مارکیٹنگ کے لیے معلومات حاصل کرنا۔ کمپنی کا کہنا ہے کہ وہ صارفین کی ذاتی معلومات فروخت نہیں کرتی اور نہ ہی بیرونی کمپنی کو انہیں فروخت کرنے کی اجازت ہے
تاہم بنیادی سوال یہ ہے کہ ایک کپ کافی خریدنے یا انعامی پوائنٹس حاصل کرنے کے لیے استعمال ہونے والی موبائل ایپ کو صارف کے فون کی اتنی تفصیلی معلومات جمع کرنے اور بیرونی کمپنی کو منتقل کرنے کی ضرورت کیوں پیش آتی ہے؟ اگر مقصد صرف ادائیگیوں کے فراڈ کو روکنا ہے تو کیا اس کے لیے فون کے سینسرز، الارم، رنگ ٹونز اور قریبی وائی فائی نیٹ ورکس کی معلومات حاصل کرنا واقعی ضروری ہے؟
یہ ٹم ہارٹنز کے لیے پہلا پرائیویسی تنازع بھی نہیں ہے۔ 2022 میں کینیڈا کے وفاقی اور صوبائی پرائیویسی حکام کی مشترکہ تحقیقات میں ثابت ہوا تھا کہ کمپنی کی موبائل ایپ صارفین کی نقل و حرکت مسلسل ریکارڈ کرتی رہی، حتیٰ کہ اس وقت بھی جب ایپ استعمال نہیں ہورہی تھی صارفین کے مقامات ہر چند منٹ بعد ریکارڈ کیے جاتے تھے اور ان معلومات سے اندازہ لگایا جاسکتا تھا کہ وہ کہاں رہتے ہیں، کہاں کام کرتے ہیں، سفر کب کرتے ہیں اور دوسری کافی کمپنیوں کی دکانوں پر کب جاتے ہیں
اس تحقیقات میں کمپنی کے طرز عمل کو کینیڈا کے پرائیویسی قوانین کی خلاف ورزی قرار دیا گیا تھا حکام کے مطابق صارفین کو معلومات جمع کرنے کے حقیقی طریقہ کار سے مناسب طور پر آگاہ نہیں کیا گیا تھا ٹم ہارٹنز نے 2020 میں مسلسل لوکیشن ٹریکنگ بند کردی تھی اور بعد ازاں حکام کی سفارشات پر عمل درآمد پر بھی اتفاق کیا تھا
نئے انکشافات نے ایک مرتبہ پھر یہ بحث شروع کردی ہے کہ کینیڈا میں کام کرنے والی بڑی کمپنیوں کو صارفین کی معلومات جمع کرنے اور بیرونی اداروں کے ساتھ بانٹنے کے حوالے سے کس حد تک آزادی حاصل ہونی چاہیے صارفین عام طور پر یہ سمجھ کر موبائل ایپس استعمال کرتے ہیں کہ ان کی معلومات صرف آرڈر، ادائیگی یا انعامی پوائنٹس کے لیے استعمال ہوں گی، لیکن حقیقت میں ان کا ڈیٹا متعدد بیرونی کمپنیوں تک پہنچ سکتا ہے
کینیڈین تنظیم کے نائب صدر مائیکل بوکرٹ نے کہا ہے کہ شہری کافی خریدنے کے لیے اپنی حساس معلومات ایسی اسرائیلی سائبر کمپنی کے حوالے کرنے پر مجبور نہیں ہونے چاہئیں جس کے بانی غیر ملکی فوجی انٹیلی جنس ادارے سے وابستہ رہے ہوں تنظیم نے مطالبہ کیا ہے کہ ٹم ہارٹنز فوری طور پر فورٹر کے ساتھ اپنا تعلق ختم کرے
یہ معاملہ صرف ٹم ہارٹنز یا اسرائیلی کمپنی سے تعلقات کا نہیں بلکہ کینیڈا میں کروڑوں صارفین کے بنیادی حقِ رازداری کا ہے جدید دور میں موبائل فون انسان کی ذاتی زندگی کا مکمل ریکارڈ بن چکا ہے اس میں اس کے رابطے، عادات، مقامات، خریداری اور روزمرہ معمولات کی معلومات موجود ہوتی ہیں اگر ایک کافی کمپنی کی ایپ اتنی تفصیلات بیرونی اداروں تک پہنچا سکتی ہے تو سوال یہ ہے کہ عام شہری کی نجی زندگی کی حفاظت کون کرے گا؟
کینیڈین حکومت اور پرائیویسی حکام کے لیے ضروری ہے کہ وہ اس معاملے کی شفاف تحقیقات کریں، معلومات حاصل کرنے والی کمپنیوں کی مکمل تفصیلات عوام کے سامنے لائیں اور یہ یقینی بنائیں کہ صارفین کی رضامندی کے بغیر ان کی نجی معلومات کسی تیسرے ادارے کو منتقل نہ ہوں محض یہ کہنا کافی نہیں کہ ڈیٹا فراڈ روکنے کے لیے استعمال ہوتا ہے، کمپنیوں کو یہ بھی ثابت کرنا ہوگا کہ جمع کی جانے والی ہر معلومات واقعی ضروری ہے اور اس کا استعمال شہریوں کے حقوق کے خلاف نہیں ہورہا
یہ وضاحت ضروری ہے کہ فورٹر کو ڈیٹا منتقل ہونے اور اس کے بانیوں کے اسرائیلی فوجی انٹیلی جنس سے تعلق کی نشاندہی تحقیقات اور متعلقہ تنظیم کے دعووں پر مبنی ہے اس بات کا ثبوت سامنے نہیں آیا کہ ٹم ہارٹنز کے صارفین کا ڈیٹا براہ راست اسرائیلی فوج کو دیا گیا ہے

قومی خبریں سے مزید