معدنی خزانوں کے دعوے، 13 معاہدوں کی حقیقت کیا ہے؟ سرمایہ کاری کی مالیت، کمپنیوں کی تفصیلات اور قانونی ضمانتیں تاحال غیر واضح
رپورٹ: آفاق فاروقی
اسلام آباد: پاکستان منرلز انویسٹمنٹ فورم 2026 کے اختتام پر حکومت نے ملکی معدنی وسائل، بین الاقوامی سرمایہ کاری اور مستقبل کی معاشی ترقی کے حوالے سے بڑے دعوے کیے ہیں،وزیراعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے پاکستان کے معدنی خزانوں کو قومی ترقی کا ذریعہ بنانے، غیر ملکی سرمایہ کاروں کو تحفظ فراہم کرنے اور خام معدنیات کی برآمد کے بجائے ملک میں ریفائننگ اور مینوفیکچرنگ کا نظام قائم کرنے پر زور دیا ہے ،فورم کے دوران پاکستانی اور بین الاقوامی کمپنیوں کے درمیان 13 معاہدوں اور مفاہمت کی یادداشتوں پر دستخط کا اعلان بھی کیا گیا، لیکن ان اعلانات کے بعد سب سے اہم سوال یہ ہے کہ ان معاہدوں کی مجموعی مالیت کتنی ہے، کتنی سرمایہ کاری فوری طور پر پاکستان آئے گی اور کتنی رقم صرف مستقبل کے ممکنہ منصوبوں سے متعلق ہے؟
فورم کے سرکاری اور میڈیا اعلانات میں 13 معاہدوں اور ایم او یوز کا ذکر تو موجود ہے، لیکن دستیاب معلومات میں تمام 13 دستاویزات کی مکمل فہرست، متعلقہ کمپنیوں کے نام، ہر منصوبے کی مالی مالیت، سرمایہ کاری کی مدت، حصص کی تقسیم اور عملی آغاز کی تاریخ واضح نہیں کی گئی۔ یہ بھی نہیں بتایا گیا کہ ان میں کتنے حتمی اور قانونی طور پر پابند معاہدے ہیں اور کتنے صرف مفاہمت کی یادداشتیں ہیں, حکومت کو چاہیے کہ ہر معاہدے کی الگ تفصیلات، سرمایہ کاری کی رقم اور قانونی حیثیت عوام کے سامنے پیش کرے
اس حوالے سے ایک اہم فرق یہ ہے کہ ایم او یو اور حتمی سرمایہ کاری کا معاہدہ ایک ہی چیز نہیں ہوتے،مفاہمت کی یادداشت مستقبل میں مشترکہ کام کرنے کی خواہش، مذاکرات یا ابتدائی تعاون کا اظہار ہو سکتی ہے، لیکن اس سے لازماً یہ ثابت نہیں ہوتا کہ سرمایہ کار نے اتنی رقم لگانے یا منصوبہ مکمل کرنے کی قانونی ذمہ داری قبول کرلی ہے،بعض ایم او یوز میں مخصوص پابندیاں ضرور ہوتی ہیں، اس لیے ہر دستاویز کی اصل شرائط دیکھنا ضروری ہے
اس سال کے فورم میں سامنے آنے والی ایک نمایاں مثال کینیڈین کمپنی Ivanhoe Atlantic اور پاکستان کی Mari Minerals کے درمیان بلوچستان میں تانبے اور سونے کی تلاش کے لیے طے پانے والی مفاہمت ہے،بین الاقوامی مالیاتی و معدنیاتی اشاعت LME Insight کی 13 نومبر کی رپورٹ کے مطابق دونوں کمپنیوں نے مجوزہ مشترکہ منصوبے کے حتمی حصص، مالی شرائط اور سرمایہ کاری کی رقم طے نہیں کی تھی،مشترکہ کمپنی کے قیام، متعلقہ منظوریوں اور ایکسپلوریشن لائسنسوں کی منتقلی کے مراحل بھی باقی تھے،رپورٹ نے واضح کیا کہ یہ ایم او یو چند روایتی شرائط کے سوا غیر پابند ہے،لہٰذا اس مفاہمت کو اربوں ڈالر کی مصدقہ سرمایہ کاری قرار دینا درست نہیں ہوگا
ایک اور اہم سوال نیشنل ریسورسز لمیٹڈ (این آر ایل) کی جانب سے 10 کروڑ ڈالر کی سرمایہ کاری کے اعلان سے متعلق ہے،کمپنی کے چیئرمین محمد علی ٹبہ نے بتایا کہ بلوچستان کے ضلع چاغی میں تقریباً 25 ہزار میٹر ڈرلنگ کے بعد کم از کم آٹھ مقامات پر تانبے اور سونے کی معدنی موجودگی کے شواہد ملے ہیں،ایک ڈرل ہول میں 295 میٹر کے حصے میں تانبے کی اوسط مقدار 0.43 فیصد اور سونے کی مقدار 0.13 گرام فی ٹن بتائی گئی، جبکہ اسی میں 132 میٹر کے حصے میں تانبے کی مقدار 0.83 فیصد تھی
تاہم یہاں بھی ایک بنیادی تکنیکی فرق موجود ہے،معدنی موجودگی کے شواہد ملنا، باقاعدہ معدنی وسائل کا تخمینہ اور تجارتی طور پر قابلِ حصول ذخائر ثابت ہونا تین الگ مراحل ہیں،ڈان کی 13 نومبر کی رپورٹ کے مطابق کمپنی ابھی اپنے پہلے باضابطہ معدنی وسائل کے تخمینے کی تیاری کے مرحلے میں ہے،اس نے ماحولیاتی، زیر زمین پانی، دھاتوں کی پراسیسنگ اور جیو ٹیکنیکل مطالعات 2027 میں شروع کرنے اور دہائی کے اختتام تک بینک کے لیے قابل قبول فزیبلٹی اسٹڈی مکمل کرنے کا ہدف رکھا ہے،اس کا مطلب ہے کہ دریافت کے اعلانات کے باوجود تجارتی پیداوار ابھی دور ہے
یہاں 10 کروڑ ڈالر کے اعلان کی بھی وضاحت ضروری ہے،یہ رقم 13 معاہدوں کے تحت نئی اور فوری طور پر منتقل ہونے والی سرمایہ کاری نہیں بلکہ این آر ایل کی معدنیات کی تلاش کے لیے پہلے سے اعلان کردہ سرمایہ کاری کا عزم ہے،حکومت کو واضح کرنا چاہیے کہ اس رقم میں سے کتنی پہلے خرچ ہو چکی ہے، کتنی مختص ہے اور کتنی مستقبل میں خرچ کی جائے گی
فرنٹیئر ورکس آرگنائزیشن (ایف ڈبلیو او) نے بلوچستان کے ضلع چاغی کے علاقے دشتِ کین میں تانبے کے ذخائر کا تخمینہ 35 کروڑ ٹن بتایا ہے،یہ اعلان بظاہر غیر معمولی اہمیت رکھتا ہے، لیکن اس کے ساتھ یہ وضاحت بھی کی گئی کہ تخمینہ دستیاب ڈرلنگ ڈیٹا کے تقریباً نصف پر مبنی ہے،یہاں بھی سوال پیدا ہوتا ہے کہ 35 کروڑ ٹن سے مراد معدنیات پر مشتمل خام چٹان ہے یا اس میں موجود خالص تانبے کی مقدار؟ تانبے کا گریڈ، معدنی وسائل کی درجہ بندی، قابلِ حصول مقدار، پراسیسنگ کی لاگت اور تجارتی فزیبلٹی کیا ہے؟ ان تفصیلات کے بغیر 35 کروڑ ٹن کو خالص تانبے کے مصدقہ ذخائر قرار دینا سائنسی طور پر درست نہیں ہوگا،مزید ڈرلنگ اور آزادانہ تکنیکی جانچ کے بعد ہی اس دریافت کی حقیقی معاشی قدر سامنے آسکے گی
حکومت کا کہنا ہے کہ پاکستان کی معدنی دولت کو خام حالت میں برآمد کرنے کے بجائے ملک کے اندر پراسیسنگ، ریفائننگ اور مینوفیکچرنگ کی جائے گی،یہ ایک درست معاشی ہدف ہے، لیکن اس کے لیے صرف سرمایہ کاروں کو دعوت دینا کافی نہیں،تانبے کی سملٹنگ، ریفائننگ، بجلی کی مستقل فراہمی، پانی، جدید مشینری، ماہر افرادی قوت، صنعتی انفراسٹرکچر اور عالمی معیار کی ماحولیاتی نگرانی کے لیے بھاری سرمایہ درکار ہوگا،سوال یہ ہے کہ ان سہولیات کی تعمیر کے لیے کتنی رقم مختص کی گئی ہے، کون سی کمپنیاں یہ کارخانے لگائیں گی اور ان کی تکمیل کی آخری تاریخ کیا ہوگی؟ اگر خام معدنیات کی کان کنی تو شروع ہو جائے لیکن پراسیسنگ کی صنعت قائم نہ ہو تو حکومت کا ویلیو ایڈیشن کا وعدہ کس طرح پورا ہوگا؟
وفاقی وزیر توانائی علی پرویز ملک نے چاغی اور مغربی بلوچستان میں تانبے اور سونے، گلگت بلتستان میں لیتھیم، ٹن اور ٹنگسٹن جبکہ خیبر پختونخوا میں اینٹی منی اور دیگر بنیادی دھاتوں کے امکانات کا ذکر کیا،لیکن معدنی امکانات کی نشاندہی اور ان کی تجارتی دریافت میں فرق ہے،کسی علاقے میں معدنیات کے آثار ملنے کا مطلب یہ نہیں کہ وہاں فوری طور پر کان کنی شروع کی جاسکتی ہے،اس کے لیے تفصیلی ارضیاتی سروے، ڈرلنگ، ذخائر کی تصدیق، فزیبلٹی، ماحولیاتی منظوری اور سرمایہ کاری کی ضمانتیں ضروری ہیں
اسی طرح جیولوجیکل سروے آف پاکستان کی تیز رفتار نقشہ سازی، ڈیجیٹل ارضیاتی ریکارڈ اور جیوپورٹل کا قیام مفید اقدامات ہیں، لیکن ڈیجیٹل نقشہ سازی بذات خود معدنی ذخائر دریافت نہیں کرتی،اس سے معلومات تک رسائی اور سرمایہ کاروں کے لیے ابتدائی خطرات کا اندازہ لگانے میں مدد مل سکتی ہے، مگر اصل کامیابی تب ہوگی جب ان معلومات کی بنیاد پر قابلِ تصدیق دریافتیں اور تجارتی منصوبے سامنے آئیں
حکومت نے غیر ملکی سرمایہ کاروں کو مکمل تحفظ فراہم کرنے کی یقین دہانی بھی کرائی ہے،وزیراعظم کا یہ کہنا کہ سرمایہ کاروں کی حفاظت پاکستان کی حفاظت ہے، اپنی جگہ اہم ہے، لیکن اس وعدے کو عملی صورت میں ثابت کرنے کا امتحان بلوچستان میں جاری منصوبے ہیں،بیرک مائننگ کارپوریشن نے 2026 میں ریکوڈک منصوبے کے حوالے سے سکیورٹی خدشات اور بڑھتے ہوئے واقعات کے باعث ترقیاتی سرگرمیوں کی رفتار کم کرنے اور اپنے منصوبے کا جائزہ وسط 2027 تک جاری رکھنے کا اعلان کیا تھا،کمپنی نے یہ بھی کہا تھا کہ پہلے سے طے شدہ لاگت اور پیداواری شیڈول میں نمایاں اضافہ ہوسکتا ہے،اس کا مطلب یہ نہیں کہ کمپنی نے منصوبہ چھوڑ دیا ہے، لیکن یہ ضرور ظاہر کرتا ہے کہ پاکستان کے سب سے بڑے معدنی منصوبوں میں بھی سکیورٹی اور مالیاتی خطرات حقیقی ہیں،ایسے میں حکومت کو بتانا ہوگا کہ سرمایہ کاروں کے تحفظ کے لیے کون سے نئے اقدامات کیے گئے ہیں اور ان پر کتنا خرچ ہوگا
کان کنی کے منصوبوں میں مقامی آبادی کی شمولیت بھی بنیادی مسئلہ ہے،حکومت اور عسکری قیادت نے بار بار کہا ہے کہ بلوچستان اور دیگر معدنی وسائل سے مالا مال علاقوں کے عوام کو ان منصوبوں سے براہ راست فائدہ پہنچنا چاہیے،لیکن اس کے لیے محض وعدے کافی نہیں،مقامی آبادی کو روزگار، تعلیم، صحت، پانی، کاروباری مواقع اور معدنی آمدنی میں منصفانہ حصہ دینے کا واضح قانونی اور مالیاتی نظام ضروری ہے، جبکہ گوادر پورٹ اور سی پیک منصوبوں میں مقامی آبادی کو نظر انداز کرنے اور ان پر سوالات کرنے پر پابندی کے واقعات کا ذکر بلوچستان اسمبلی تک میں ہوتا رہا ہے ، ریکوڈک منصوبے کے ماحولیاتی و سماجی جائزے میں بھی پانی کے وسائل، مقامی آبادی کی ضروریات اور بنیادی ڈھانچے پر دباؤ جیسے معاملات سامنے آچکے ہیں،حکومت کو یہ بتانا ہوگا کہ کان کنی سے حاصل ہونے والی آمدنی میں بلوچستان کا حصہ کیا ہوگا، مقامی حکومتوں کو کتنے وسائل ملیں گے اور متاثرہ آبادی کے حقوق کا تحفظ کس طرح کیا جائے گا
فورم میں روہڑی،نوکنڈی ریلوے کوریڈور، پورٹ قاسم سے رابطے اور ریکوڈک کے اطراف بنیادی ڈھانچے کی ترقی کو بھی اہم منصوبے قرار دیا گیا،لیکن ان اعلانات کے ساتھ ان منصوبوں کے بجٹ، مالی وسائل، تعمیراتی معاہدوں اور تکمیل کی تاریخوں کی تفصیل بھی سامنے آنی چاہیے،کان کنی کے لیے سڑکیں اور ریلوے بنانا ضروری ہے، لیکن اگر یہ منصوبے برسوں تک کاغذوں پر رہیں تو معدنی دولت سے فوری معاشی فائدہ حاصل کرنے کا دعویٰ حقیقت نہیں بن سکے گا
وزیراعظم شہباز شریف نے گولڈمین ساکس کی 2022 کی ایک تحقیق کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان 2075 تک دنیا کی چھٹی بڑی معیشت بن سکتا ہے اور امید ظاہر کی کہ یہ مقام 2050 سے پہلے حاصل کرلیا جائے گا،تاہم اس پیش گوئی کی اصل شرائط کو بھی سمجھنا ضروری ہے،گولڈمین ساکس کے مطالعے میں پاکستان کی ممکنہ معاشی ترقی کا بڑا سبب آبادی میں اضافہ اور طویل مدت میں معاشی وسعت تھا، جبکہ اس پیش گوئی کے لیے مناسب پالیسیاں اور مضبوط ادارے بنیادی شرط قرار دیے گئے تھے،اسی تحقیق میں ماحولیاتی تباہی اور انتہاپسند قوم پرستی کو بڑے خطرات میں شمار کیا گیا تھا،یہ کسی معدنی فورم کے انعقاد یا محض ذخائر کی موجودگی سے حاصل ہونے والی ضمانت نہیں بلکہ کئی دہائیوں پر محیط مشروط معاشی تخمینہ ہے
فورم میں 60 سے زائد ممالک کے نمائندوں، 122 نمائش کنندگان اور تقریباً 6 ہزار شرکاء کی شرکت کو بھی بین الاقوامی دلچسپی کی علامت قرار دیا گیا،لیکن کسی کانفرنس میں ہزاروں افراد کی شرکت، کمپنیوں کی نمائش یا اعلیٰ سطحی ملاقاتیں بذات خود غیر ملکی براہ راست سرمایہ کاری نہیں ہوتیں،سرمایہ کاری کی کامیابی کا اصل پیمانہ یہ ہوگا کہ کتنے منصوبوں کے مالی معاہدے مکمل ہوتے ہیں، کتنی رقم پاکستان منتقل ہوتی ہے، کتنی کانیں عملی طور پر پیداوار شروع کرتی ہیں اور قومی خزانے کو کتنی آمدنی حاصل ہوتی ہے
اس پورے معاملے میں سب سے اہم ضرورت شفافیت ہے،حکومت کو 13 معاہدوں کی مکمل فہرست، ہر معاہدے کی نوعیت، متعلقہ کمپنی، مالی مالیت، پاکستان اور غیر ملکی شراکت داروں کے حصص، سرمایہ کاری کے مراحل، قانونی پابندیوں اور منصوبوں کی تکمیل کے شیڈول کی تفصیلات جاری کرنی چاہییں،یہ بھی واضح ہونا چاہیے کہ ان میں سے کتنے معاہدے حتمی ہیں، کتنے صرف مفاہمت کی یادداشتیں ہیں اور کتنے محض سرمایہ کاری کے ارادوں یا ابتدائی مذاکرات پر مشتمل ہیں
پاکستان کی معدنی دولت بلاشبہ ایک بڑا معاشی موقع ہے، لیکن قدرتی وسائل کی موجودگی اور قومی خوشحالی کے حصول کے درمیان ایک طویل فاصلہ ہے،اس فاصلے کو صرف کانفرنسوں، اعلانات اور سرمایہ کاروں کو دعوت دینے سے ختم نہیں کیا جاسکتا،اس کے لیے سیاسی استحکام، قانونی تحفظ، امن و امان، شفاف معاہدے، مقامی آبادی کے حقوق، ماحولیاتی تحفظ، توانائی اور بنیادی ڈھانچے میں حقیقی سرمایہ کاری ناگزیر ہے
اصل کامیابی 13 دستخطوں یا 6 ہزار شرکاء کی تعداد نہیں ہوگی، بلکہ وہ دن ہوگا جب سرمایہ کاری کی رقم حقیقتاً پاکستان آئے گی، کانیں پیداوار شروع کریں گی، مقامی صنعتیں قائم ہوں گی، بلوچستان کے عوام کو ان کے وسائل کا منصفانہ فائدہ ملے گا اور معدنی دولت قومی معیشت کو مضبوط بنانے میں عملی کردار ادا کرے گی






