امریکی ایوان نمائندگان کے کم از کم 30 ری پبلکن ارکان وسط مدتی انتخابات میں شکست کھا گئے
واشنگٹن: مڈٹرم انتخابات میں ری پبلکن پارٹی کو بڑے انتخابی نقصان کا سامنا کرنا پڑا ہے اور ایوان نمائندگان کے کم از کم 30 ری پبلکن ارکان اپنی نشستیں برقرار رکھنے میں ناکام رہے ہیں،اس شکست کے نتیجے میں آئندہ سال کانگریس کے دونوں ایوانوں، ایوان نمائندگان اور سینیٹ، میں ڈیموکریٹک پارٹی کو اکثریت حاصل ہوگی
فاکس نیوز کی رپورٹ کے مطابق پیر تک ایوان نمائندگان کے متعدد انتخابی حلقوں کے نتائج ابھی واضح نہیں ہوئے تھے، اس لیے شکست کھانے والے ری پبلکن ارکان کی تعداد میں مزید اضافہ ہو سکتا ہے
شکست کھانے والے ری پبلکن ارکان میں ایریزونا کے چھٹے کانگریشنل ڈسٹرکٹ سے رکن کانگریس خوان سسکومانی (Juan Ciscomani) شامل ہیں، جو 2023ء کے آغاز سے ایوان نمائندگان کے رکن تھے،انہیں ڈیموکریٹ امیدوار جوانا مینڈوزا (JoAnna Mendoza) نے شکست دی
کیلیفورنیا کے پہلے کانگریشنل ڈسٹرکٹ سے ری پبلکن رکن کانگریس جیمز گالاگر (James Gallagher) بھی اپنی نشست برقرار نہ رکھ سکے،انہیں ڈیموکریٹ امیدوار اور ریاستی سینیٹ کے رکن مائیک میک گائر (Mike McGuire) نے شکست دی
گالاگر نے رواں سال جون میں سابق ری پبلکن رکن کانگریس ڈگ لامالفا (Doug LaMalfa) کی وفات کے بعد خالی ہونے والی نشست پر ضمنی انتخاب جیت کر ایوان میں جگہ بنائی تھی
رپورٹ کے مطابق انتخابی نتائج کی حتمی تکمیل کے بعد شکست کھانے والے ری پبلکن ارکان کی مجموعی تعداد مزید بڑھ سکتی ہے






