Chief Editor : Mohammad Afaq Farooqi
Contributing Editor : Ahmad Waqas Riaz

امریکہ کا امیگریشن بحران، غیر قانونی تارکین وطن کی آمد روکنے کے لیے مؤثر سرحدی نگرانی ضروری، مگر ٹرمپ کی سخت پالیسیاں بھی ناکام، دی اٹلانٹک کا تجزیہ

واشنگٹن: امریکہ میں امیگریشن کا مسئلہ ایک بار پھر قومی سیاست کے مرکز میں آگیا ہے،معروف امریکی جریدے دی اٹلانٹک (The Atlantic) نے اپنے تازہ تجزیے میں خبردار کیا ہے کہ امریکہ کی امیگریشن پالیسی دونوں بڑی سیاسی جماعتوں کی انتہا پسندانہ سوچ کی وجہ سے ناکامی کا شکار ہے،ایک طرف ڈیموکریٹس غیر قانونی امیگریشن روکنے کے لیے سرحدی نگرانی اور پناہ گزینوں کے نظام میں سخت اصلاحات کی ضرورت کو نظرانداز کرتے رہے ہیں تو دوسری جانب صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی انتہائی سخت پالیسیوں نے قانونی تارکین وطن، امریکی خاندانوں اور معیشت کو بھی متاثر کیا ہے
جریدے میں شائع ہونے والے مضمون کا عنوان ’’امیگریشن کی بحث کا ایک تلخ اور ناقابل نظرانداز سچ‘‘ ہے، جس کے مصنف بلاس نونیز نیٹو ہیں،وہ وائٹ ہاؤس، محکمہ ہوم لینڈ سیکیورٹی اور امریکی سینیٹ میں امیگریشن پالیسی سے متعلق اعلیٰ ذمہ داریاں انجام دے چکے ہیں اور گزشتہ 20 برس سے اس شعبے میں کام کررہے ہیں
مصنف کے مطابق غیر قانونی تارکین وطن کی امریکہ آمد کی ایک بڑی وجہ یہ تصور ہے کہ اگر وہ امریکی سرحد عبور کرنے میں کامیاب ہوگئے تو انہیں ملک میں رہنے کا موقع مل جائے گا،امریکی پناہ گزین نظام میں درخواستوں پر فیصلے میں کئی سال لگ سکتے ہیں اور اس دوران درخواست گزاروں کو کام کرنے کی اجازت حاصل کرنے کا موقع بھی مل سکتا ہے،ان کے مطابق اسی طویل قانونی عمل سے بعض معاشی تارکین وطن فائدہ اٹھاتے ہیں، حالانکہ ان کی پناہ کی درخواستیں بالآخر مسترد ہوسکتی ہیں
امریکی سرکاری اعدادوشمار کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا گیا ہے کہ 2014 سے 2019 کے دوران سرحد پر پناہ کی درخواست دینے والے 80 فیصد سے زیادہ افراد کو ابتدائی کارروائی کے بعد امریکہ میں داخل ہونے دیا گیا، لیکن امیگریشن ججوں نے ان میں سے 20 فیصد سے بھی کم درخواستوں کو بالآخر منظور کیا
مصنف کے مطابق 2011 سے پہلے غیر قانونی طور پر سرحد عبور کرنے والے افراد میں صرف تقریباً 2 فیصد پناہ کی درخواست دیتے تھے،یہ تناسب 2013 میں 16 فیصد اور 2023 میں بڑھ کر 59 فیصد ہوگیا،ان کے خیال میں پناہ کی درخواستوں میں اس غیر معمولی اضافے نے امریکی امیگریشن نظام کی انتظامی صلاحیت پر شدید دباؤ ڈالا
تجزیے میں سابق صدر براک اوباما کی انتظامیہ کا حوالہ دیتے ہوئے کہا گیا ہے کہ ان کے دور میں بھی وسطی امریکہ سے خاندانوں کی بڑی تعداد امریکہ پہنچی،اس وقت امیگریشن کے حامی حلقوں نے غربت، تشدد، بدعنوانی اور سیاسی عدم استحکام کو نقل مکانی کی بنیادی وجوہات قرار دیتے ہوئے ان مسائل کے حل پر زور دیا تھا،2016 میں امریکہ نے وسطی امریکہ میں روزگار، بہتر حکمرانی اور سکیورٹی کے منصوبوں کے لیے ریکارڈ 750 ملین ڈالر مختص کیے، تاہم مصنف کے مطابق ان اقدامات سے غیر قانونی امیگریشن روکنے میں خاطرخواہ کامیابی حاصل نہیں ہوئی
مضمون میں اوباما انتظامیہ کے دور میں سرحدی نگرانی، امیگریشن قوانین پر سخت عمل درآمد اور ملک بدری کی بڑی تعداد کو بھی غیر قانونی آمد روکنے کے اہم عوامل قرار دیا گیا ہے
صدر ٹرمپ کے پہلے دور میں بھی سرحد پر سخت اقدامات کیے گئے،2019 میں میکسیکو کے ساتھ امریکی سرحد پر بارڈر پٹرول کی جانب سے گرفتار کیے جانے والے افراد کی تعداد 850,000 سے تجاوز کرگئی تھی، جو 2018 کے مقابلے میں 115 فیصد زیادہ تھی،ٹرمپ انتظامیہ نے پناہ گزین خاندانوں کو سرحد پر ایک دوسرے سے الگ کرنے کی پالیسی بھی اختیار کی، جسے شدید عوامی مخالفت کا سامنا کرنا پڑا،بعد میں میکسیکو میں پناہ کے درخواست گزاروں کے مقدمات کے فیصلوں تک انتظار کرنے کے اقدامات سے سرحدی آمد میں کمی آئی، لیکن ان کے انسانی نتائج پر بھی شدید تنقید ہوئی
مضمون کے مطابق صدر جو بائیڈن نے جنوری 2021 میں اقتدار سنبھالتے ہی ٹرمپ دور کی متعدد پابندیاں ختم کردیں اور ملک بدری کی کارروائیوں پر عارضی پابندی لگائی،اس کے ساتھ وسطی امریکہ میں معاشی مواقع پیدا کرنے کے لیے 5.2 ارب ڈالر سے زیادہ کی سرمایہ کاری کا منصوبہ بھی بنایا گیا، لیکن ان اقدامات سے غیر قانونی امیگریشن میں مطلوبہ کمی نہ آسکی
تجزیے میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ بائیڈن انتظامیہ نے بعد میں پناہ کی درخواستوں کے لیے سخت شرائط متعارف کرائیں اور سرحدی نگرانی بڑھائی تو مئی 2024 میں تقریباً 120,000 کے مقابلے میں جولائی 2024 میں سرحد پر آنے والے افراد کی تعداد کم ہوکر تقریباً 56,000 رہ گئی، یعنی تقریباً 55 فیصد کمی واقع ہوئی
تاہم مضمون کا سب سے اہم تنقیدی پہلو موجودہ ٹرمپ انتظامیہ کی امیگریشن پالیسی ہے،مصنف کے مطابق ٹرمپ نے انتخابی مہم میں وعدہ کیا تھا کہ صرف سنگین جرائم میں ملوث خطرناک غیر ملکیوں کو ملک بدر کیا جائے گا، لیکن عملی طور پر ایسے افراد کے خلاف بھی کارروائیاں ہوئیں جو قانون کی پابندی کرتے ہوئے امریکہ میں رہ رہے تھے،اس کے نتیجے میں دہشت گردی، فینٹینائل اسمگلنگ اور بچوں کی جنسی اسمگلنگ جیسے سنگین جرائم کی روک تھام کے لیے استعمال ہونے والے بعض وفاقی وسائل بھی ملک بدری کی کارروائیوں پر منتقل ہوگئے
مضمون کے مطابق ٹرمپ انتظامیہ نے تقریباً 18 لاکھ تارکین وطن کی قانونی حیثیت ختم کرنے، گرین کارڈ کے حصول پر پابندیاں لگانے، متعدد ممالک میں ویزا کارروائی روکنے اور نئے امریکی شہریوں کو شہریت دینے کے عمل میں 75 فیصد کمی جیسے اقدامات بھی کیے ہیں،مصنف کا کہنا ہے کہ ان پالیسیوں سے امریکی معیشت، زرعی شعبے اور کاروباری سرگرمیوں کو نقصان پہنچنے کا خطرہ ہے،امریکی کسانوں نے بھی امیگریشن اینڈ کسٹمز انفورسمنٹ (ICE) کی چھاپہ مار کارروائیوں پر تشویش ظاہر کی ہے اور خبردار کیا ہے کہ اس سے زرعی پیداوار متاثر ہوسکتی ہیں
دی اٹلانٹک کے تجزیے میں صدر کی جانب سے اسٹیفن ملر کو وائٹ ہاوس میں اہم عہدہ دینے کے فیصلے کو بھی تنقید کا نشانہ بنایا گیا ہے،ملر کو ٹرمپ کی سخت امیگریشن پالیسی کا بنیادی معمار سمجھا جاتا ہے،مصنف کے مطابق گزشتہ مڈٹرم انتخابات میں ری پبلکن پارٹی کی شکست اس بات کا اشارہ ہے کہ امریکی عوام غیر قانونی امیگریشن پر کنٹرول تو چاہتے ہیں لیکن اس کے لیے غیر انسانی اور غیر ضروری طور پر سخت اقدامات کی حمایت نہیں کرتے
مضمون میں مشی گن کے نومنتخب سینیٹر عبدالالسید کے اس مؤقف کا بھی حوالہ دیا گیا ہے کہ سرحدوں پر انسانی ہمدردی کے ساتھ مؤثر نگرانی ممکن ہے،اس کے مطابق ڈیموکریٹس کو بھی ماضی کی غلطیوں سے سبق سیکھنا ہوگا اور یہ تسلیم کرنا ہوگا کہ صرف قانونی امیگریشن کے راستے بڑھانے یا دوسرے ممالک میں غربت اور بدامنی ختم کرنے سے غیر قانونی سرحدی آمد نہیں رک سکتی
تجزیے کا بنیادی نتیجہ یہ ہے کہ امریکی عوام نہ مکمل نرمی چاہتے ہیں اور نہ بے رحمانہ سختی،وہ ایسی امیگریشن پالیسی کے حامی ہیں جس میں سرحدوں کی مؤثر نگرانی ہو، پناہ کی درخواستوں پر بروقت اور منصفانہ فیصلے کیے جائیں اور ان افراد کو قانونی طور پر امریکہ میں رہنے کا موقع دیا جائے جو برسوں سے یہاں مقیم ہیں، قانون کی پابندی کرتے ہیں اور اپنی کمیونٹیز اور امریکی معیشت میں مثبت کردار ادا کررہے ہیں
مصنف نے کانگریس کے ارکان پر زور دیا ہے کہ وہ سیاسی جماعتوں کے انتہا پسند حلقوں کو خوش کرنے کے بجائے امریکہ کے ناکام امیگریشن اور پناہ گزین نظام میں ایسی اصلاحات کریں جو ملکی سلامتی، انسانی حقوق اور معاشی مفادات میں توازن قائم کرسکیں

قومی خبریں سے مزید