ٹرمپ کا مڈٹرم انتخابات سے قبل آخری انتخابی خطاب، لنکن میموریل کے تاریخی ریفلیکٹنگ پول کا انتخاب
واشنگٹن: صدر ڈونلڈ ٹرمپ پیر کے روز واشنگٹن میں لنکن میموریل کے تاریخی ریفلیکٹنگ پول کے مقام پر مڈٹرم انتخابات سے قبل اپنا آخری انتخابی خطاب کریں گے،وائٹ ہاؤس کے ایک عہدیدار نے امریکی نیوز ویب سائٹ ایکسیوس کو بتایا کہ ٹرمپ کا خطاب دوپہر 2 بجے (مشرقی امریکی وقت) ہوگا، جس میں وہ ووٹرز کے سامنے اپنی انتظامیہ اور ریپبلکن جماعت کی کانگریس میں حاصل کردہ کامیابیوں کو اجاگر کریں گے
یہ خطاب ایسے وقت میں ہو رہا ہے جب ریپبلکن جماعت 3 نومبر کے انتخابات سے قبل ووٹرز کو آخری بار اپنے حق میں قائل کرنے کی کوشش کر رہی ہے،ان انتخابات کے نتائج سے کانگریس کے ایوانِ نمائندگان اور سینیٹ میں اکثریت کا فیصلہ ہوگا
وائٹ ہاؤس عہدیدار کے مطابق ٹرمپ اپنے خطاب میں واشنگٹن ڈی سی میں انتظامیہ کی کارکردگی اور امریکی دارالحکومت کی بحالی کے لیے کیے گئے اقدامات کا بھی ذکر کریں گے
لنکن میموریل کا ریفلیکٹنگ پول ٹرمپ کی جانب سے دارالحکومت کی تاریخی عمارتوں اور قومی یادگاروں کی تزئین و آرائش کے منصوبوں کا ایک اہم حصہ رہا ہے، تاہم اس منصوبے کو ناقص مرمت اور توڑ پھوڑ کے الزامات کے باعث تنازعات کا سامنا بھی کرنا پڑا ہے
ٹرمپ نے اپنے محکمہ انصاف کو بھی تنقید کا نشانہ بنایا تھا، جس نے سابق اولمپک کینو ایتھلیٹ ڈیوڈ ہرن کے خلاف توڑ پھوڑ کے الزامات واپس لے لیے تھے،بعد ازاں استغاثہ نے تسلیم کیا کہ ریفلیکٹنگ پول کو نقصان ناقص تنصیب کے باعث پہنچا تھا، جس کے بعد عدالت نے مقدمہ مستقل طور پر خارج کر دیا
اب توجہ اس بات پر ہوگی کہ آیا ٹرمپ اپنے آخری انتخابی خطاب میں صرف اپنی حکومت کی کارکردگی کا دفاع کریں گے یا کانگریس پر ریپبلکن کنٹرول برقرار رکھنے کے لیے ووٹرز سے وسیع تر اپیل بھی کریں گے






