ہیٹی میں انتخابات سے پہلے طاقتور گینگ اتحاد ٹوٹ پھوٹ کا شکار، سیاسی روابط دوبارہ فعال ہونے کا انکشاف
ہیٹی میں ایک دہائی سے زیادہ عرصے بعد ہونے والے پہلے عام انتخابات سے قبل اقوام متحدہ کے ماہرین کی نئی رپورٹ نے ملک میں جرائم پیشہ گینگ گروہوں اور سیاسی و معاشی طاقتور حلقوں کے درمیان تعلقات پر نئی روشنی ڈالی ہے
94 صفحات پر مشتمل یہ رپورٹ اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل کی جانب سے مقرر کردہ ماہرین نے اکتوبر 2025 سے جولائی 2026 کے دوران تیار کی،ماہرین نے ہیٹی کا دورہ کیا اور درجنوں افراد سے ملاقاتیں کیں، جن میں خفیہ ذرائع بھی شامل تھے،رپورٹ کے مطابق حاصل ہونے والی معلومات کو آزاد ذرائع سے بھی جانچا گیا
رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ ہیٹی کے طاقتور گینگ اتحاد ’’ویو انسام‘‘ میں اب ’’پرتشدد دراڑیں‘‘ پیدا ہوچکی ہیں،یہ اتحاد 2023 میں تشکیل پایا تھا اور 2024 میں اس نے ریاستی تنصیبات اور اہم سرکاری ڈھانچے پر بڑے حملے کیے تھے
ہیٹی آبزرویٹری سے وابستہ رومین لے کور کے مطابق گینگ اتحاد کی یہ تقسیم ان علاقوں میں شہریوں کو دوبارہ تشدد، نقل مکانی اور جنسی تشدد کے خطرے سے دوچار کر رہی ہے جہاں پہلے حالات میں کچھ استحکام پیدا ہواتھا
رپورٹ کا ایک اہم پہلو یہ ہے کہ انتخابات قریب آنے کے ساتھ گینگ رہنماؤں، سیاسی و معاشی شخصیات اور ان کے درمیان رابطہ کاری کرنے والے افراد کے پرانے تعلقات دوبارہ فعال ہوتے دکھائی دے رہے ہیں،لے کور کے مطابق اب ہر گینگ رہنما اپنے مفادات کے مطابق سیاسی اور انتخابی انتظامات تلاش کرے گا، بجائے اس کے کہ پورا گینگ اتحاد ایک مشترکہ سیاسی حکمت عملی اختیار کرے
یہ صورتحال ہیٹی کے آئندہ انتخابات کے لیے ایک اہم چیلنج بن سکتی ہے کیونکہ گینگ گروہوں کی اندرونی تقسیم صرف سکیورٹی کی صورتحال کو متاثر نہیں کرتی بلکہ سیاسی اثر و رسوخ، انتخابی عمل اور شہریوں کی نقل مکانی پر بھی اثر انداز ہوسکتی ہے،تاہم اقوام متحدہ کی رپورٹ میں بیان کیے گئے تعلقات اور الزامات کو متعلقہ فریقوں کے مؤقف کے ساتھ دیکھنا ضروری ہے





