کینیڈا میں غیر ملکیوں کے گھر خریدنے پر پابندی ختم ہونے کا امکان،
کینیڈا کی وفاقی حکومت غیر ملکی خریداروں کے لیے رہائشی جائیداد خریدنے پر عائد پابندی کے مستقبل پر غور کر رہی ہے وزیر خزانہ فرانسوا فلپ شانپین نے کہا ہے کہ حکومت موجودہ حالات کو دیکھتے ہوئے تمام ممکنہ راستوں کا جائزہ لے رہی ہے
یہ پابندی یکم جنوری 2023 سے نافذ ہے اور اسے بعد میں مزید 2 سال کے لیے بڑھا کر یکم جنوری 2027 تک کر دیا گیا تھا موجودہ پابندی کے تحت بعض غیر کینیڈین افراد اور غیر ملکی کنٹرول والی کمپنیوں کو کینیڈا کے بڑے شہری علاقوں میں موجود رہائشی جائیداد خریدنے سے روکا گیا ہے
اب حکومت کے سامنے اہم سوال یہ ہے کہ پابندی کو دوبارہ بڑھایا جائے، مکمل طور پر ختم کیا جائے یا ایسا نیا نظام بنایا جائے جس میں غیر ملکی سرمایہ کاری کو صرف نئے گھروں کی تعمیر کی طرف موڑا جائے
حکومت کے مطابق مقصد یہ ہے کہ کینیڈین لوگوں کے لیے گھروں کی دستیابی بہتر ہو وزیر خزانہ نے کہا کہ ہاؤسنگ مارکیٹ گزشتہ چند برسوں کے دوران کافی تبدیل ہوئی ہے اور مختلف شہروں اور علاقوں میں حالات بھی ایک جیسے نہیں ہیں
پابندی کے حامیوں کا مؤقف رہا ہے کہ غیر ملکی سرمایہ کاروں کی جانب سے گھروں کی خریداری نے پہلے ہی مہنگی کینیڈین ہاؤسنگ مارکیٹ میں مزید دباؤ پیدا کیا اور مقامی خریداروں کے لیے مشکلات بڑھائیں۔ اسی وجہ سے حکومت نے 2024 میں پابندی کو 2027 تک بڑھانے کا فیصلہ کیا تھا
دوسری جانب رئیل اسٹیٹ اور معاشی شعبے کے بعض ماہرین کا کہنا ہے کہ غیر ملکی خریدار کینیڈا کی مجموعی ہاؤسنگ طلب کا نسبتاً چھوٹا حصہ رہے ہیں، اس لیے صرف ان پر پابندی لگانے سے گھروں کی قیمتوں کا بنیادی مسئلہ حل نہیں ہوا۔ ان کے مطابق اصل مسئلہ نئے گھروں کی کمی ہے
اسی وجہ سے حکومت آسٹریلیا جیسے ممالک کے ماڈل پر بھی غور کر رہی ہے ایک ممکنہ راستہ یہ ہو سکتا ہے کہ غیر ملکی خریدار موجودہ گھر خرید نہ سکیں، لیکن انہیں نئے تعمیر ہونے والے گھروں یا تعمیر کے لیے خالی زمین میں سرمایہ کاری کی اجازت دی جائے اس طرح غیر ملکی سرمایہ موجودہ گھروں کے خریداروں سے مقابلہ کرنے کے بجائے نئے گھروں کی تعمیر میں استعمال ہو سکتا ہے
کینیڈا کی ہاؤسنگ مارکیٹ میں وبائی دور کے بعد بھی سستی رہائش ایک بڑا مسئلہ ہے شرح سود میں اضافے کے بعد قیمتوں میں کچھ کمی آئی ہے، لیکن بہت سے نوجوان اور پہلی بار گھر خریدنے والے اب بھی اپنی آمدنی کے مقابلے میں گھروں کو مہنگا سمجھتے ہیں اسی لیے پابندی کے مستقبل سے متعلق حکومتی فیصلہ آنے والے مہینوں میں خاص اہمیت رکھتا ہے
حکومت نے ابھی یہ فیصلہ نہیں کیا کہ پابندی یکم جنوری 2027 کے بعد برقرار رہے گی یا اس کی جگہ نیا نظام آئے گا موجودہ صورتحال میں 3 راستے زیر غور ہیں: پابندی جاری رکھنا، اسے ختم کرنا یا غیر ملکی سرمایہ کاری کو صرف نئے گھروں اور تعمیراتی منصوبوں تک محدود کرنا





