Chief Editor : Mohammad Afaq Farooqi
Contributing Editor : Ahmad Waqas Riaz

کراچی میں 150 ملکوں کے فنکاروں کا عالمی ثقافتی میلہ 29 اکتوبر سے

کراچی میں 150 ملکوں کے فنکاروں کا عالمی ثقافتی میلہ 29 اکتوبر سے

کراچی میں تیسرا ورلڈ کلچر فیسٹیول 29 اکتوبر سے شروع ہوگا جس میں دنیا کے 150 ممالک سے 1,000 سے زائد فنکار شرکت کریں گے۔ میلہ 22 نومبر تک جاری رہے گا
آرٹس کونسل آف پاکستان کراچی کے زیر اہتمام ہونے والے اس بڑے ثقافتی میلے میں موسیقی، تھیٹر، رقص، بصری فنون اور فلم سمیت مختلف شعبوں کے فنکار اپنی صلاحیتوں کا مظاہرہ کریں گے پاکستان کے بھی 500 سے زائد فنکار مختلف پروگراموں میں حصہ لیں گے
آرٹس کونسل کے صدر محمد احمد شاہ کے مطابق اس میلے کا مقصد دنیا کے مختلف ملکوں کے لوگوں کو ثقافت کے ذریعے ایک دوسرے کے قریب لانا اور امن کا پیغام دینا ہے انہوں نے کہا کہ اس بار یوکرین، روس، امریکا اور ایران سمیت مختلف ملکوں کے فنکار ایک ہی پلیٹ فارم پر جمع ہوں گے جبکہ فلسطین سے بھی 2 تھیٹر گروپس میلے میں شرکت کریں گے
فیسٹیول میں 85 فیصد پروگراموں کے لیے ٹکٹ نہیں ہوگا، تاہم شرکت کے لیے پیشگی رجسٹریشن ضروری ہوگی منتظمین کے مطابق یہ میلہ کراچی میں عالمی فنون اور مختلف ثقافتوں کو ایک جگہ دیکھنے کا موقع فراہم کرے گا
سندھ حکومت کے مطابق میلے کے ذریعے پاکستان اور خصوصاً کراچی کا ثقافتی اور مثبت تشخص دنیا کے سامنے اجاگر کرنے کے ساتھ ساتھ مختلف ملکوں کے درمیان ثقافتی روابط اور سیاحت کو بھی فروغ دینے کی کوشش کی جائے گی
آرٹس کونسل کے مطابق ورلڈ کلچر فیسٹیول 29 اکتوبر سے 22 نومبر 2026 تک جاری رہے گا اور اس میں دنیا بھر سے آنے والے فنکار کراچی کے شائقین کو مختلف ممالک کی موسیقی، رقص، تھیٹر اور دیگر فنون سے روشناس کرائیں گے

قومی خبریں سے مزید