پولینڈ کے اسکول میں چاقو سے حملہ، 9 افراد زخمی، 19 سالہ طالب علم گرفتار
پولینڈ کے شمال مشرقی شہر اوسٹرووینکا میں ایک پیشہ ورانہ اسکول کے اندر 19 سالہ طالب علم نے چاقو سے حملہ کرکے 9 افراد کو زخمی کردیا، جن میں 5 طلبہ، 2 اساتذہ اور 2 راہگیر شامل ہیں۔ حکام کے مطابق کسی بھی زخمی کی جان کو خطرہ نہیں ہے
حملہ دارالحکومت وارسا سے تقریباً 120 کلومیٹر دور اوسٹرووینکا کے ایک پیشہ ورانہ اسکول میں ہوا پولیس کے مطابق حملہ آور اسی اسکول کا طالب علم تھا اور اس نے طلبہ اور اساتذہ پر خطرناک آلے سے حملہ کیا
حملے کے دوران طلبہ نے اپنی حفاظت کے لیے کلاس رومز کے دروازے اندر سے بند کرلیے تھے، جس کے بعد انہیں محفوظ مقام پر منتقل کیا گیا مقامی انتظامیہ نے احتیاطی اقدام کے طور پر شہر کے تمام اسکول بند کردیے
پولیس نے حملے کے تقریباً 20 منٹ بعد مشتبہ نوجوان کو اسکول سے کچھ فاصلے پر گرفتار کرلیا گرفتاری کے وقت وہ زخمی تھا اور استغاثہ کے مطابق اس نے خود کو بھی زخمی کیا تھا۔ اسے طبی امداد کے بعد پولیس کی تحویل میں دے دیا گیا ہے
حکام نے اسکول سے ایک مشتبہ بیگ بھی قبضے میں لیا جسے بم ڈسپوزل ماہرین نے چیک کیا پولیس اور تفتیشی ادارے حملے کی مکمل صورتحال اور نوجوان کے محرکات کا جائزہ لے رہے ہیں۔ ابھی تک حملے کی وجہ واضح نہیں ہوسکی
واقعے کے بعد سوشل میڈیا پر حملہ آور کی قومیت کے بارے میں مختلف افواہیں پھیلنے لگیں، تاہم مقامی حکام نے واضح کیا کہ حملہ آور پولینڈ کا شہری ہے حکام کی جانب سے یہ وضاحت اس لیے بھی اہم تھی کیونکہ حالیہ دنوں میں پولینڈ میں ایک اور چاقو حملے کے بعد یوکرینی شہریوں سے متعلق قیاس آرائیاں سامنے آئی تھیں
پولینڈ میں اسکولوں کے اندر اس نوعیت کے حملے نسبتاً غیر معمولی سمجھے جاتے ہیں حکام نے واقعے کی تحقیقات شروع کردی ہیں جبکہ متاثرہ طلبہ اور دیگر افراد کو نفسیاتی مدد فراہم کرنے کے اقدامات بھی کیے جارہے ہیں





