بالی ووڈ کے معروف اداکار نانا پاٹیکر 75 برس کی عمر میں انتقال کرگئے
بالی ووڈ اور مراٹھی سینما کے معروف اداکار نانا پاٹیکر 75 برس کی عمر میں انتقال کرگئے وہ جمعرات کی صبح گوا کے علاقے ڈونا پاؤلا میں اپنی رہائش گاہ پر شدید دل کا دورہ پڑنے کے بعد بے ہوش پائے گئے انہیں فوری طور پر اسپتال منتقل کیا گیا، جہاں ڈاکٹروں نے تقریباً 45 منٹ تک انہیں سی پی آر دے کر بچانے کی کوشش کی، تاہم وہ جانبر نہ ہوسکے
نانا پاٹیکر کا اصل نام وشواناتھ پاٹیکر تھا اور وہ یکم جنوری 1951 کو مہاراشٹرا میں پیدا ہوئے انہوں نے 1978 میں فلم گامن سے ہندی سینما میں قدم رکھا اور کئی دہائیوں پر محیط اپنے کیریئر میں تھیٹر، فلم اور ٹیلی ویژن کے شعبوں میں نمایاں کام کیا
ان کی اداکاری کی خاص پہچان طاقتور مکالمہ ادائیگی، گہری جذباتی کیفیت اور پیچیدہ کرداروں کو غیر معمولی انداز میں پیش کرنا تھی پرندہ، کرانتی ویر، اگنی ساکشی، خاموشی، اب تک چھپن، اپہارن اور نٹسمرٹ سمیت متعدد فلموں میں ان کی اداکاری کو خاص طور پر سراہا گیا
نانا پاٹیکر نے سنجیدہ اور منفی کرداروں کے ساتھ ساتھ مزاحیہ کردار بھی کامیابی سے ادا کیے فلم ویلکم میں ادے شیٹی کا کردار نوجوان نسل میں بھی بے حد مقبول ہوا اور ان کی اداکاری کے ایک مختلف پہلو کو نمایاں کیا
اداکاری کے علاوہ نانا پاٹیکر نے ہدایت کاری کے میدان میں بھی کام کیا اور 1991 میں فلم پرہار دی فائنل اٹیک کی ہدایت کاری کی انہیں بھارتی سینما میں ان کی خدمات کے اعتراف میں 3 مرتبہ نیشنل فلم ایوارڈ سے نوازا گیا جبکہ 2013 میں انہیں پدم شری بھی دیا گیا
رپورٹس کے مطابق نانا پاٹیکر کو گوا میں ان کی رہائش گاہ پر بے ہوش پایا گیا اور انہیں مانی پال اسپتال لے جایا گیا۔ ڈاکٹروں کی مسلسل کوششوں کے باوجود ان کی حالت بحال نہ ہوسکی اور انہیں صبح تقریباً 5:20 بجے مردہ قرار دیا گیا ان کی موت کے معاملے میں میڈیکو لیگل کیس بھی درج کیا گیا ہے جبکہ پوسٹ مارٹم کے ذریعے موت کی حتمی طبی وجہ کی مزید تصدیق کی جائے گی
نانا پاٹیکر کی موت کی خبر سامنے آنے کے بعد بھارتی فلمی صنعت اور مداحوں کی جانب سے تعزیتی پیغامات کا سلسلہ شروع ہوگیا ہے ان کے انتقال کو ہندی اور مراٹھی سینما میں کئی دہائیوں پر محیط ایک نمایاں اداکاری کے سفر کا اختتام قرار دیا جارہا ہے





