آٹزم سے آگاہی اور مدد کے لیے ٹورنٹو سے برلنگٹن تک 60 کلومیٹر واک 12 اکتوبر کو ہوگی
آٹزم سے متاثرہ افراد اور ان کے خاندانوں کی مدد، آگاہی اور کمیونٹی کو ایک دوسرے کے قریب لانے کے لیے 60 کلومیٹر واک کا انعقاد کیا جا رہا ہے۔ ’’60KM Walk with QSM to Support Autism‘‘ کے عنوان سے ہونے والی یہ چوتھی سالانہ واک تھینکس گیونگ پیر، 12 اکتوبر 2026 کو منعقد ہوگی
واک ٹورنٹو سٹی ہال سے شروع ہو کر برلنگٹن سٹی ہال پر اختتام پذیر ہوگی اور شرکا لیک شور اور واٹر فرنٹ کے راستے سفر کریں گے شرکا کو صبح 6:45 بجے تک ٹورنٹو سٹی ہال پہنچنے کی ہدایت کی گئی ہے جبکہ واک صبح 7:00 بجے باقاعدہ شروع ہوگی
منتظمین کے مطابق واک کا اختتام برلنگٹن سٹی ہال پر متوقع طور پر رات 8:00 بجے ہوگا، تاہم پیدل چلنے کی رفتار، راستے کے حالات اور گروپ کی پیش رفت کے باعث وقت میں تبدیلی ہوسکتی ہے جو افراد مکمل واک میں شامل نہیں ہونا چاہتے وہ راستے کے آخری مقام پر شرکا کا استقبال کرنے کے لیے برلنگٹن کے ویٹرن اسکوائر، 426 برینٹ اسٹریٹ پر شام 5:15 بجے سے 5:30 بجے کے درمیان پہنچ سکتے ہیں
یہ واک صرف 60 کلومیٹر کا فاصلہ طے کرنے کا پروگرام نہیں بلکہ آٹزم سے متعلق آگاہی، قبولیت اور معاونت کے لیے کمیونٹی کو متحد کرنے کی کوشش ہے۔ منتظمین کا کہنا ہے کہ اس مہم کے ذریعے آٹزم کے بارے میں شعور اجاگر کرنے، معاشرے میں قبولیت بڑھانے اور آٹزم کمیونٹی کے لیے مسلسل حمایت کو فروغ دینے کی کوشش کی جا رہی ہے
یہ چوتھی سالانہ واک ہے اور گزشتہ برسوں کے دوران اس کا فاصلہ مسلسل بڑھایا گیا ہے۔ 2023 میں ٹورنٹو سے مسی ساگا تک 33 کلومیٹر، 2024 میں ٹورنٹو سے برامپٹن تک 45 کلومیٹر، 2025 میں ٹورنٹو سے ملٹن تک 56 کلومیٹر جبکہ 2026 میں ٹورنٹو سے برلنگٹن تک تقریباً 60 کلومیٹر کا فاصلہ مقرر کیا گیا ہے۔ اس مہم کا پیغام ’’Connecting Cities, Connecting Hearts‘‘ یعنی شہروں کو جوڑنا اور دلوں کو قریب لانا ہے
شرکا کے لیے مکمل 60 کلومیٹر چلنا لازمی نہیں ہے لوگ 5 کلومیٹر، 10 کلومیٹر، 15 کلومیٹر، 20 کلومیٹر یا مکمل 60 کلومیٹر میں اپنی سہولت کے مطابق حصہ لے سکتے ہیں راستے اور مختلف مقامات کے بارے میں اضافی معلومات شرکا کو فراہم کی جائیں گی تاکہ مختصر فاصلہ طے کرنے والے افراد بھی واک کے ساتھ منسلک رہ سکیں
اس واک میں کمیونٹی کے ارکان، خاندان، دوست اور آٹزم کے لیے کام کرنے والے یا اس مہم کی حمایت کرنے والے افراد شرکت کر سکتے ہیں۔ مکمل 60 کلومیٹر فاصلہ طے کرنا ضروری نہیں ہے
شرکا کے ساتھ ایک معاون گاڑی بھی موجود ہوگی جو راستے میں گروپ کے ساتھ چلنے کے علاوہ ضرورت پڑنے پر ضروری اشیا پہنچانے میں مدد کرے گی راستے میں پانی اور مختلف کھانے پینے کی اشیا بھی دستیاب ہوں گی، جن میں پھل، کوکیز اور دیگر ہلکی غذائیں شامل ہیں شرکا کو اپنی دوبارہ بھرنے والی پانی کی بوتل ساتھ رکھنے کی بھی ہدایت کی گئی ہے
واک کے دوران بنیادی ابتدائی طبی امداد کا سامان بھی دستیاب ہوگا۔ کسی ہنگامی طبی صورتحال میں 911 پر رابطہ کرنے کی ہدایت کی گئی ہے
چونکہ یہ ایک طویل فاصلے کی واک ہے، اس لیے ضرورت کے مطابق مختصر وقفے کیے جائیں گے منتظمین نے شرکا کو خبردار کیا ہے کہ اگر کوئی شخص بہت زیادہ طویل وقفہ کرتا ہے تو وہ مرکزی گروپ سے الگ ہوسکتا ہے، اس لیے گروپ کے ساتھ رہنے کی کوشش کی جائے
اگر کوئی شریک راستہ جاری رکھنے کے قابل نہ رہے تو اسے منتظمین کو آگاہ کرنے کی ہدایت کی گئی ہے دستیاب سہولت کے مطابق معاون گاڑی کے ذریعے اسے راستے سے باہر نکلنے یا منزل کی طرف جانے میں مدد فراہم کی جائے گی
شرکا کو مشورہ دیا گیا ہے کہ وہ آرام دہ واکنگ جوتے، موسم کے مطابق اضافی کپڑے، پانی کی دوبارہ بھرنے والی بوتل، صاف شفاف رین کوٹ یا برساتی لباس، مکمل چارج شدہ موبائل فون اور ممکن ہو تو پاور بینک، اپنی ضرورت کی ادویات اور ضرورت پڑنے کی صورت میں ایک چھوٹا بیگ ساتھ رکھیں
شرکا کو پورے راستے میں گروپ کی رہنمائی اور معلومات فراہم کی جائیں گی۔ رفتار برقرار رکھنے اور گروپ کے ساتھ چلنے کی حوصلہ افزائی کی جائے گی تاکہ شرکا ایک دوسرے سے الگ نہ ہوں اور ایونٹ کی ہدایات اور حفاظتی اصولوں پر عمل کرتے رہیں
واک سے متعلق تازہ معلومات حاصل کرنے کے لیے شرکا کو ’’60KM to Support Autism Walk For A Great Cause‘‘ کے واٹس ایپ چینل سے منسلک ہونے کی ہدایت کی گئی ہے منتظمین کے مطابق واک سے متعلق معلومات ای میل کے ذریعے بھی حاصل کی جاسکتی ہیں
واک کی خصوصی ٹی شرٹ پہننا لازمی نہیں ہے جو شرکا اسے پہننا چاہتے ہیں وہ اپنی شرٹ حاصل کرنے کے لیے منتظمین سے رابطہ کرکے اپنا سائز بتا سکتے ہیں
منتظمین نے واضح کیا ہے کہ یہ ایک طویل فاصلے کی بیرونی کمیونٹی واک ہے اور ہر شریک اپنی جسمانی صلاحیت کا خود جائزہ لینے کا ذمہ دار ہے شرکا کو آرام دہ رفتار سے چلنے، مناسب مقدار میں پانی پینے، ضرورت کے وقت وقفہ لینے اور ایونٹ کی حفاظتی ہدایات پر عمل کرنے کی تاکید کی گئی ہے۔ کسی بھی ہنگامی صورتحال میں 911 پر رابطہ کیا جائے گا





