کم آمدنی والے کینیڈینز کو گروسریز اینڈ ایسینشلز بینیفٹ کی نئی قسط 5 اکتوبر کو ملے گی
کینیڈا میں کم اور محدود آمدنی رکھنے والے لاکھوں افراد اور خاندانوں کے لیے گروسریز اینڈ ایسینشلز بینیفٹ کی 2026 کی آخری ادائیگی 5 اکتوبر کو جاری کی جائے گی یہ رقم اہل افراد کے بینک اکاؤنٹس میں براہ راست جمع ہوگی جبکہ جن افراد نے ڈائریکٹ ڈپازٹ کی سہولت نہیں لی، انہیں رقم ڈاک کے ذریعے بھیجی جائے گی
یہ نیا فائدہ جولائی 2026 میں سابق جی ایس ٹی کریڈٹ کی جگہ شروع کیا گیا تھا حکومت نے اس پروگرام کے تحت سابق جی ایس ٹی کریڈٹ کے مقابلے میں ادائیگی میں 25 فیصد اضافہ کیا ہے تاکہ مہنگائی اور روزمرہ اشیائے ضروریہ کی بڑھتی ہوئی قیمتوں کے باعث کم آمدنی والے خاندانوں کو اضافی مالی مدد فراہم کی جا سکے
گروسریز اینڈ ایسینشلز بینیفٹ ہر 3 ماہ بعد جاری کیا جاتا ہے موجودہ ادائیگیوں کا دورانیہ جولائی 2026 سے جون 2027 تک ہے، اس لیے 5 اکتوبر کی ادائیگی اس نئے دور کی دوسری سہ ماہی ادائیگی ہے
اس فائدے کے لیے بنیادی طور پر ضروری ہے کہ درخواست گزار کینیڈا کا ٹیکس رہائشی ہو اور ادائیگی سے پہلے والے مہینے اور ادائیگی کے مہینے کے آغاز پر کینیڈا میں ٹیکس رہائشی حیثیت رکھتا ہو عام طور پر فرد کی عمر کم از کم 19 سال ہونی چاہیے، تاہم شریک حیات یا کامن لا پارٹنر رکھنے والے افراد یا بچے کے ساتھ رہنے والے والدین کے لیے عمر کی شرائط مختلف ہو سکتی ہیں رقم اور اہلیت کا فیصلہ زیادہ تر ٹیکس ریٹرن میں ظاہر کی گئی آمدنی کی بنیاد پر کیا جاتا ہے
مثال کے طور پر 2025 میں 11,564 ڈالر آمدنی رکھنے والا ایک غیر شادی شدہ فرد جس کے بچے نہیں ہیں، جولائی 2026 سے جون 2027 کے دوران مجموعی طور پر 445 ڈالر تک حاصل کر سکتا ہے، جو 4 سہ ماہی ادائیگیوں میں تقریباً 111.25 ڈالر فی قسط بنتی ہے
اسی طرح 45,000 ڈالر یا اس سے کم آمدنی رکھنے والا ایک فرد جس کے 2 بچے ہوں، 4 ادائیگیوں میں مجموعی طور پر 1,358 ڈالر تک حاصل کر سکتا ہے، یعنی ہر سہ ماہی تقریباً 339.50 ڈالر
شادی شدہ یا کامن لا جوڑے کے لیے بھی آمدنی اور بچوں کی تعداد کے مطابق رقم مختلف ہوتی ہے مثال کے طور پر 2 بچوں والے ایسے خاندان کی مجموعی سالانہ آمدنی 40,000 ڈالر ہو تو حکومت کے مطابق 2026 سے 2027 کے دوران اسے ایک مرتبہ کی اضافی رقم سمیت مجموعی طور پر 1,890 ڈالر تک مل سکتے ہیں
حکومت کے مطابق اس پروگرام سے تقریباً 12 ملین کینیڈینز کو فائدہ پہنچ رہا ہے جبکہ نئے نظام کے تحت تقریباً 500,000 مزید افراد اور خاندان بھی اس مالی مدد کے دائرے میں شامل کیے گئے ہیں پروگرام میں اضافی مالی معاونت کی مجموعی لاگت 6 سال کے دوران تقریباً 12.4 ارب ڈالر تک پہنچنے کا اندازہ لگایا گیا ہے





