ایف بی آر نے ٹیکس گوشوارے جمع کرانے کی آخری تاریخ 15 اکتوبر تک بڑھا دی
فیڈرل بورڈ آف ریونیو نے ٹیکس سال 2026 کے انکم ٹیکس گوشوارے جمع کرانے کی آخری تاریخ 30 ستمبر سے بڑھا کر 15 اکتوبر 2026 کر دی ہے،ایف بی آر نے یہ فیصلہ تاجر تنظیموں اور ٹیکس بار ایسوسی ایشنز کی درخواستوں کے بعد کیا
ایف بی آر کے مطابق گوشوارے جمع کرانے میں تاخیر کی بڑی وجوہات میں ریٹرن فارم کے اجرا میں تاخیر اور آن لائن نظام پر غیر معمولی دباؤ شامل تھے،کراچی ٹیکس بار ایسوسی ایشن نے بھی آئی آر آئی ایس پورٹل میں تکنیکی خرابیوں اور دیگر مسائل کی نشاندہی کرتے ہوئے مہلت بڑھانے کا مطالبہ کیا تھا
ایف بی آر کے اعداد و شمار کے مطابق 29 ستمبر تک ٹیکس سال 2026 میں 51 لاکھ 81 ہزار گوشوارے جمع ہو چکے تھے، جبکہ گزشتہ سال اسی مرحلے تک یہ تعداد 35 لاکھ 53 ہزار تھی، یعنی تقریباً 45.8 فیصد اضافہ ہوا
حالیہ بجٹ میں تاخیر سے گوشوارہ جمع کرانے والوں کے لیے جرمانے بھی نمایاں طور پر بڑھائے گئے ہیں،ایکٹو ٹیکس پیئر لسٹ میں دوبارہ شامل ہونے کی فیس کمپنیوں کے لیے 20 ہزار سے بڑھا کر 1 لاکھ روپے، ایسوسی ایشنز آف پرسنز کے لیے 10 ہزار سے 50 ہزار روپے اور افراد کے لیے 1 ہزار سے 25 ہزار روپے کر دی گئی ہے





