Chief Editor : Mohammad Afaq Farooqi
Contributing Editor : Ahmad Waqas Riaz

کینیڈا میں تقریباً ہر 4 میں سے 1 گھرانہ ناقابل برداشت رہائش کے بوجھ تلے

کینیڈا میں تقریباً ہر 4 میں سے 1 گھرانہ ناقابل برداشت رہائش کے بوجھ تلے

کینیڈا میں رہائش کے اخراجات کا دباؤ مزید بڑھ گیا ہے اور 2024 میں ملک کے 23.2 فیصد گھرانے ایسی رہائش میں رہ رہے تھے جسے ناقابل برداشت قرار دیا گیا ہے اس کا مطلب ہے کہ ان گھرانوں کی آمدنی کا 30 فیصد یا اس سے زیادہ حصہ رہائش کے اخراجات پر خرچ ہو رہا تھا۔ 2022 میں یہ شرح 22 فیصد تھی
کرایے پر رہنے والے افراد اس مسئلے سے زیادہ متاثر ہوئے۔ 2024 میں نجی کرایے کی رہائش میں رہنے والے 33.7 فیصد گھرانے ناقابل برداشت رہائش کے بوجھ تلے تھے، جبکہ مکان مالکان میں یہ شرح 17.4 فیصد تھی رہن یا مارگیج رکھنے والے مکان مالکان میں بھی صورتحال مزید مشکل ہوئی اور 26.1 فیصد گھرانے ناقابل برداشت رہائش کے زمرے میں آئے، جو 2022 میں 23.6 فیصد تھے
رہائش کے بڑھتے اخراجات نے گھرانوں کی مجموعی مالی مشکلات میں بھی اضافہ کیا۔ 2024 میں 27.9 فیصد گھرانوں نے بتایا کہ گزشتہ 12 ماہ کے دوران کرایے یا مارگیج کی ادائیگیوں میں اضافے کی وجہ سے انہیں مالی مشکلات کا سامنا کرنا پڑا، جبکہ 2022 میں یہ شرح 22.6 فیصد تھی
کرایہ داروں کے لیے گھر تبدیل کرنا بھی خاصا مہنگا ثابت ہو رہا ہے گزشتہ 2 سال کے دوران گھر تبدیل کرنے والے کرایہ دار اوسطاً 1,740 ڈالر ماہانہ کرایہ ادا کر رہے تھے، جبکہ 2 سال سے زیادہ عرصے سے ایک ہی گھر میں رہنے والوں کا اوسط کرایہ 1,290 ڈالر تھا حال ہی میں گھر تبدیل کرنے والے کرایہ داروں میں 40 فیصد ناقابل برداشت رہائش میں رہ رہے تھے، جبکہ طویل عرصے سے ایک ہی گھر میں رہنے والوں میں یہ شرح 32.2 فیصد تھی
رہائشی اخراجات کے باعث سستی رہائش کے حوالے سے عدم اطمینان بھی بڑھا ہے۔ 2024 میں 23.3 فیصد گھرانوں نے اپنی رہائش کی استطاعت کے بارے میں عدم اطمینان یا شدید عدم اطمینان ظاہر کیا، جبکہ 2022 میں یہ شرح 14.5 فیصد تھی
سماجی اور سستی رہائش کی طلب بھی بڑھ رہی ہے۔ 2024 میں تقریباً 690,500 گھرانے ایسی رہائش میں رہ رہے تھے، جبکہ مزید 301,000 گھرانوں کے کم از کم ایک فرد کا سستی رہائش کی انتظار فہرست میں نام شامل تھا ان میں 59.2 فیصد گھرانے 2 سال یا اس سے زیادہ عرصے سے انتظار کر رہے تھے
رہائش کی استطاعت بہتر بنانے کے لیے کینیڈا مارگیج اینڈ ہاؤسنگ کارپوریشن کے مطابق نئی رہائش کی تعمیر میں تیزی لانا ضروری ہے ادارے کے اندازے کے مطابق 2036 تک وبا سے پہلے کی سطح کی رہائشی استطاعت بحال کرنے کے لیے ہر سال 417,000 سے 469,000 نئے گھروں کی تعمیر درکار ہوگی

قومی خبریں سے مزید