رونالڈو کا دیوگو ژوتا کے نام پر روبن نیویس کو تنگ کرنے والے شائقین پر تاحیات پابندی کا مطالبہ

رونالڈو کا دیوگو ژوتا کے نام پر روبن نیویس کو تنگ کرنے والے شائقین پر تاحیات پابندی کا مطالبہ

کرسٹیانو رونالڈو نے سعودی پرو لیگ کے ایک میچ کے دوران اپنے قریبی ساتھی روبن نیویس کو مرحوم پرتگالی فٹبالر دیوگو ژوتا کے نام کے نعرے لگا کر تنگ کرنے والے شائقین کے خلاف سخت کارروائی کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایسے افراد کو فٹبال اسٹیڈیمز میں داخلے سے تاحیات روک دینا چاہیے
یہ واقعہ ہفتے کو الہلال اور التعاون کے درمیان سعودی پرو لیگ کے میچ میں پیش آیا میچ کے دوران الہلال کے پرتگالی مڈفیلڈر روبن نیویس فری کک لینے کی تیاری کر رہے تھے کہ شائقین کے ایک گروپ نے دیوگو ژوتا کا نام لے کر نعرے لگانا شروع کر دیے ژوتا جولائی 2025 میں اسپین میں ایک کار حادثے میں اپنے بھائی آندرے سلوا کے ساتھ ہلاک ہوئے تھے
نیویس اور ژوتا کے درمیان انتہائی قریبی دوستی تھی اور دونوں پرتگال کی قومی ٹیم میں ایک ساتھ کھیل چکے تھے ژوتا کی وفات کے بعد نیویس ان کے جنازے میں تابوت اٹھانے والوں میں بھی شامل تھے، اس لیے میچ کے دوران مرحوم کھلاڑی کا نام استعمال کرکے نیویس کو اشتعال دلانے کی کوشش نے معاملے کو مزید حساس بنا دیا
نیویس نے شائقین کے اس رویے پر شدید ردعمل ظاہر کیا واقعے کے بعد رونالڈو نے سوشل میڈیا پر سخت الفاظ میں اس طرز عمل کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ فٹبال میں ایک حد ہونی چاہیے اور کسی کی ذاتی تکلیف یا المیے کو تضحیک کے لیے استعمال کرنا کھیل کا حصہ نہیں ہو سکتا
رونالڈو نے مطالبہ کیا کہ ایسے شائقین کے خلاف صرف وقتی جرمانے یا مختصر پابندی کافی نہیں بلکہ انہیں ہمیشہ کے لیے اسٹیڈیمز میں داخلے سے روکنا چاہیے ان کے مطابق ایسے رویے کو برداشت کرنے سے فٹبال کے ماحول میں بدتمیزی اور نفرت کو فروغ ملتا ہے
الہلال اور التعاون دونوں کلبوں نے بھی واقعے کی مذمت کی ہے الہلال نے سعودی فٹبال فیڈریشن سے باضابطہ شکایت کی جبکہ التعاون نے تحقیقات میں تعاون کرنے کا اعلان کیا سعودی فٹبال حکام نے بھی کہا ہے کہ معاملے کی تحقیقات کی جا رہی ہیں اور ذمہ دار افراد کے خلاف کارروائی کی جائے گی
دلچسپ بات یہ ہے کہ تنازع کے باوجود میچ میں الہلال نے التعاون کو 6 کے مقابلے میں 0 گول سے شکست دی تاہم میچ کا نتیجہ پس منظر میں چلا گیا اور شائقین کی جانب سے ژوتا کے نام کے استعمال کا واقعہ فٹبال کی دنیا میں بحث کا مرکزی موضوع بن گیا
رونالڈو کی جانب سے تاحیات پابندی کا مطالبہ اس بحث کو دوبارہ نمایاں کرتا ہے کہ فٹبال اسٹیڈیمز میں شائقین کی آزادی اور مخالف کھلاڑیوں کو ذاتی یا انتہائی حساس معاملات پر مشتعل کرنے کے درمیان حد کہاں قائم کی جائے ژوتا کی موت جیسے ذاتی سانحے کو کسی کھلاڑی کے خلاف استعمال کرنے کے واقعے نے اس حد کی خلاف ورزی پر سخت کارروائی کے مطالبات کو مزید تقویت دی ہے

قومی خبریں سے مزید